ملاوی میں میلانیا ٹرمپ کا کتابوں، فٹ بالوں اور امید نو کا تحفہ

خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے فٹ بال اور کتابیں اٹھائے ہوئے 5 اکتوبر کو ملاوی کے دارالحکومت کے ایک پرہجوم  پرائمری  سکول کا دورہ کیا اور انہوں نے ایک ٹیچر کو باہرکھلے میدان میں بچوں کو پڑھاتے ہوئے بھی دیکھا۔ اس دورے کے دوران وہ سکول کے مسکراتے ہوئے بچوں کے نغموں سے محفوظ ہوئیں۔

لیلونگوے کے چیپالا پرائمری سکول میں8,500  طالب علموں کو 45 اساتذہ پڑھاتے ہیں۔ اس سکول کا شمارامریکہ کی امداد سے چلنے والے بہت سے دیگر سکولوں میں ہوتا ہے۔

بچوں کی صحت اور فلاح و بہبہود کی اُن کی تحریک ” بی بیسٹ ” [بترین بنیں] کے نعروں سے مزین تھیلوں کے اور فٹ بالوں کے علاوہ خاتون اول نے امریکی سفیر ورجینیا پامر کے ہمراہ سکول کی لائبریری میں اعلان کیا کہ “یو ایس ریڈنگ روم” پروگرام کے تحت امریکہ 14 لاکھ مزید کتابیں بطور عطیہ بھجوائے گا۔ یہ کتابیں اُن ایک کروڑ کتابوں کے علاوہ ہوں گی جو پہلے ہی ملک بھر کے سکولوں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

افریقہ کے خیرسگالی کے اپنے دورے کے تیسرے روز خاتون اول نے ایک کمرہ جماعت کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے اساتذہ سے گفتگو کی اور انگریزی اور چچیوا زبان میں بچوں کو پڑھائی کرتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا، “بہترین بننے کے بارے میں انہیں [یعنی طلبا کو] آگاہی دینے پر آپ کا شکریہ۔”

Melania Trump standing by fence waving to crowd of children (© Carolyn Kaster/AP Images)
چیپالا پرائمری سکول میں میلانیا ٹرمپ سکول کے بچوں کی طرف ہاتھ ہلا رہی ہیں۔ (© Carolyn Kaster/AP Images)

ٹرمپ نے کہا، “میں یہاں آکر اُن کامیاب پروگراموں کو دیکھنا چاہتی تھی جو امریکہ بچوں کے لیے چلا رہا ہے اور آپ نے جو سب کام کیے ہیں اس پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔”

بعد میں خاتون اول نے کہا، “میں نے یہاں اس لیے آنا چاہا تاکہ میں اِن بچوں سے مل سکوں اور اُن کے مختلف طرزہائے زندگی کو سمجھ سکوں۔ مجھے بچوں کے ساتھ وقت گزار کر دلی خوشی ہوئی ہے اور لکھنے پڑھنے کا سامان اور فٹ بال تقسیم کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔”

واشنگٹن میں صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا، “ہمارے ملک کی عظیم خاتون اول، میلانیا افریقہ میں اچھا کام کر رہی ہیں۔ لوگ اُن سے محبت کرتے ہیں اور وہ لوگوں سے محبت کرتی ہیں! یہ ایک خوبصورت کام ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔”

وہ گھانا کے اپنے دو روزہ دورے کے بعد ملاوی پہنچی ہیں۔

میلانیا ٹرمپ اور گیرٹروڈ مائِسکو ملاوی کے سٹیٹ ہاوًس سے باہر آ رہی ہیں۔ (© Carolyn Kaster/AP Images)
امریکہ کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ملاوی کی خاتون اول، گرٹروڈ مائسیکو سٹیٹ ہاؤس کے باہر۔ (© Carolyn Kaster/AP Images)

سکول کے دورے کے بعد میلانیا ٹرمپ ملاوی کی خاتون اول، گرٹروڈ مائسیکو کے ساتھ چائے کی دعوت پر سٹیٹ ہاؤس گئیں۔ دونوں خواتین اول باغوں سے گزرتے ہوئے چہل قدمی سے لطف اندوز ہوئیں۔ انہوں ایک روائتی رقص بھی دیکھا۔

میلانیا ٹرمپ کے افریقہ کے دورے کی توجہ ان کی “بی بیسٹ” نامی تحریک کے ضمن میں زچہ و بچہ کی صحت اور بچوں کی تعلیم پر مرکوز ہے۔  اس کے علاوہ وہ امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے کام کو بھی اجاگر کر رہی ہیں۔ بطور خاتون اول اکیلے میں یہ ان کا پہلا بین الاقوامی دورہ ہے۔

اس کے بعد وہ نیروبی، کینیا اور پھر قاہرہ جائیں گی۔