امریکہ کے ساتھ مشترکہ سرحد رکھنے والی میکسیکو کی ریاستوں، سونورا اور چی ہوا ہوا سے تعلق رکھنے والے 30 پولیس افسران حال ہی میں اپنی تربیت مکمل کر کے اپنے ملک واپس لوٹے ہیں۔ یہ پولیس افسران عالمی جرائم سے نمٹنے کے جدید طریقوں اور مہارتوں سے لیس ہو کر میکسیکو آئے ہیں۔

2 ہفتوں کے دوران، میامی میں ہونے والی جدید اور اعلیٰ مہارت کی تربیت میں میکسیکو کے پولیس افسران نے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ اس تربیت کے دوران انہیں جدید اسلحہ چلانا سکھایا گیا۔ انہیں ایسے طریقہ اور حربے  بھی سکھائے گئے جس سے وہ قانون نافذ کرنے والے افسروں اور معصوم شہریوں کو لاحق خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔ تربیت کے ایجنڈے میں مشکوک مجرموں کو عمارتوں اور گاڑیوں میں تلاش کرنے کے بہترین طریقوں کا استعمال سیکھنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی سیکھا کہ متشدد جرائم کے دوران متاثرین کا بچا ؤ کیسے کیا جاتا ہے۔

Uniformed man carrying another uniformed man (© Sergeant Oscar D. Pla, Miami-Dade Police Department)
ہنڈراس اور گوئٹے مالا کے پولیس افسر پُرتشدد جرائم کے شکار ہونے والے لوگوں کو بچانے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ (© Sergeant Oscar D. Pla, Miami-Dade Police Department)

سارجنٹ آسکر پلا میامی ڈیڈ پبلک سیفٹی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں بین الاقوامی تربیت کے انچارج ہیں۔ سارجنٹ آسکر نے بتایا، “ہم دورے پر آئے افسران کو مخففاً “سواٹ” کہلانے والے یعنی جدید ہتھیاروں اور طریقوں پر مبنی حقیقی کاروائیوں کے دوران اپنے ہمراہ لے کر گئے۔ انہوں نے سواٹ کے پورے عمل کا بہت قریب سے ایک بکتربند گاڑی سے مشاہدہ کیا اور سیکھا کہ ہم آپریشن سے قبل کی منصوبہ بندی کیسے کرتے ہیں اور اصلی حملہ کیسے کیا جاتا ہے۔ آپریشن کے بعد ہم نے انہیں مزید تفصیلات بھی فراہم کیں۔”

میکسیکو کے پولیس افسران اس بڑے گروپ کا حصہ تھے جس کے تحت دنیا بھر سے پولیس افسران کو میامی-ڈیڈ پولیس سے کمیونٹی پولیسنگ کے طریقوں کی تربیت دی جاتی ہے۔ یہ پرگرام امریکی محکمہ خارجہ کے تعاون سے 2013  سے جاری ہے۔ آج تک ہیٹی، کولمبیا، ہنڈراس، مصر اور گوئٹے مالا سے تعلق رکھنے والے 700 افسران یہ اعلیٰ مہارت کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

سارجنٹ پلا کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے دنیا بھر میں بین الاقوامی جرائم کو روکنے اور منشیات کے گروہوں کو توڑنے  میں مدد ملتی ہے۔

میامی-ڈیڈ افسروں اور اُن کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہم منصبوں کے درمیان تعلقات استوار ہوجانا ایک اضافی فائدہ ہے۔ امریکی انسٹرکٹر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سابقہ شاگردوں سے رابطے میں رہتے ہیں اور وہ تربیت کے بعد کے معاملات کے سلسلے میں اُن ممالک کا دورہ بھی کرتے ہیں۔

پلا کہتے ہیں، “بین الاقوامی جرائم پر کام کرتے وقت یہ تعلقات مفید ثابت ہوتے ہیں۔”

میامی میں اپنی تربیت کے دوران آپس میں پیدا ہونے والے تعلقات کی وجہ سے سونارا اور چی ہوا ہوا کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے میکسیکو کے یہ پولیس افسر اِن ریاستوں کے آرپار کیے جانے والے جرائم سے بہتر طور پر نمٹ سکتے ہیں۔

Group of people in uniform standing under palm trees (© Sergeant Oscar D. Pla, Miami-Dade Police Department)
ہیٹی کی قومی پولیس کے افسران نے 2013 میں ایک جدید تدبیراتی ٹریننگ پروگرام مکمل کیا۔ (© Sergeant Oscar D. Pla, Miami-Dade Police Department)

سارجنٹ آسکر پلا کا کہنا ہے، “پولیس کا کام ہر جگہ ایک جیسا ہوتا ہے۔ ہم ایک ہی طرح ہنستے ہیں، ایک ہی طرح روتے ہیں اور ہمارا خون ایک ہی طرح بہتا ہے۔ یہاں بننے والے تعلقات سالہا سال قائم رہتے ہیں۔”

میامی۔ڈیڈ کے انسٹرکٹر اپنے غیر ملکی ہم منصبوں کی تعریف کرتے ہیں۔ سارجنٹ آسکر پلا کہتے ہیں کہ ان کے افسران انہیں بتاتے رہتے ہیں کہ وہ دورے پر آئے افسران کی “لگن، پیشہ وارانہ مہارت، جانفشانی اور دل سے کام کرنے سے بہت متاثر ہیں۔ وہ عموماً کٹھن اور انتہائی پرخطر حالات میں بہت ہی  محدود وسائل کے ساتھ اپنے ممالک اور اپنے لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔”