میکابیٹس کے لیے جگہ بنائیے [وڈیو]

2007 میں جب نیو یارک کی یشیوا یونیورسٹی میں میکا بیٹس نامی بینڈ بنا تو اس کے ارکان کے گمان میں بھی نہ تھا کہ وہ  ایک دن وائٹ ہاؤس میں نغمہ پیش کریں گے اور یہودی مذہبی روایات میں رنگے ہوئے ان کے نغمے لاکھوں لوگوں تک پہنچیں گے۔

بینڈ کے میوزیکل ڈائریکٹر، جولین ہارو وِٹز نے بتایا، “مزے کی بات یہ ہے کہ ہم نے آغاز یشیوا یونیورسٹی سے کیا تھا، جس کے سپورٹس کلب کا نام  میکا بیز ہے۔ جب ہم باسکٹ بال ٹیم کا حصہ نہ بن سکے تو ہم نے گلو کاروں کا ایک بینڈ بنا لیا۔”

ہارو وٹز نے بتایا کہ حقیقت میں یہ دوستوں پر مشتمل ایک بینڈ تھا۔ انہیں بغیر ساز استعمال کیے باہم مل کر گانا اچھا لگتا تھا۔ اس طرز کی غنائیت کو کیپیلا کہا جاتا ہے۔

بینڈ کے ارکان میکابیز کےنام سے مانوس ہیں جس کا تعلق دوسری صدی کی ایک مشہور باغی یہودی فوج کے لیڈروں سے ہے۔ آسان دھنوں میں بینڈ اپنے یہودی ورثے کی وضاحت کرتا ہے۔

بینڈ کو 2010 میں اس وقت بڑی شہرت ملی جب اس کے ارکان نے خاندان اور دوستوں کے لیے ہنوکا کے تہوار کے موقع پر وڈیو بنانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی تخلیق، انگریز رَیپر تایو کروز کے نغمے ’’ڈائنامائٹ‘‘سے ماخوذ کی تھی جس میں ہنوکا کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں ’’کینڈل لائٹ‘‘ نامی وہ وڈیو بنی جو غیرمتوقع طور پر یوٹیوب پر انتہائی مقبول ہوئی۔ (ذیل میں اِس وڈیو سے ایک اقتباس)

 

[نوٹ: وڈیو انگریزی میں ہے۔]

اب تک اس وڈیو کو ایک کروڑ 25 لاکھ لوگ دیکھ  چکے ہیں۔ ہارو وٹز نے کہا، “اس وڈیو نے ہمیں اس شاندار افراتفری میں پہنچا دیا۔”

اس کے بعد ویڈیوز کا ایک متواتر سلسلہ شروع ہو گیا۔ وہ مقبول نغموں کی دھنوں کی نقل کو یہودی روایات کےساتھ جوڑتے ہیں۔ ان میں جسٹن بیبر کا پاس اوور میش اپ شامل ہے، جس میں آٹھ  روزہ تہوار کی تشریح کے ساتھ، بیبر کے کئی نغموں کو ملایا گیا ہے۔ ” ہملٹن کے ہنوکا ” کو امریکہ کے سب سے پہلے وزیر خزانہ کے بارے میں براڈ وے کے ایک مقبول غنائیے کی طرز پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

میکابیٹس، سٹیج پر ایک سال میں براہِ راست 60 شو پیش کرتا ہے۔ بینڈ دو بار وائٹ ہاؤس میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ 2016 میں بینڈ نے مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی سالگرہ کے موقع پر ‘ اے وڈیو وِد نیچرلی سیون ‘ کے نام سے جاری کی۔ یہ افریقی ـ امریکی مردوں پر مشتمل ایک کپیلا  گروپ تھا۔

ہارو وٹز کہتے ہیں، “ہم ہمیشہ  مثبت پیغام والے نغمے گانا چاہتے ہیں۔ خواہ وہ پیغام اپنی روایات پراور اپنے ورثے پر  فخر کرنے کا پیغام  ہو، یا صرف  خود اپنے مثبت انداز کے بارے میں ہو۔”

Group of men standing on ice and singing (© AP Images)
نیشنل ہاکی لیگ کے ایک میچ سے پہلے، میکابیٹس امریکہ کا قومی ترانہ پیش کر رہے ہیں۔ (© AP Images)

امریکہ میں مئی کا مہینہ،  یہودی امریکی ورثے کا مہینہ ہے۔