
ہر کہیں نئی کمپنیاں اپنا کاروبار بڑھانے کے لیے سرمائے کی تلاش میں رہتی ہیں کیونکہ روائتی سرمایہ کاری نسبتاً کم خطرے والے کاروباروں کے لیے مخصوص ہوتی ہے۔ لہذا یہ متبادل نئی کمپنیوں کو دستیاب نہیں ہوتا۔ نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں (یا صنعتی سرپرستوں) تک رسائی کی راہ میں بڑی بڑی رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں۔
اسی لیے آن لائن شروع کیا جانے والا “ونٹرو” نامی ایک نیا پلیٹ فارم خواہش مند کاروباری منتظمین کو کاروباری ماہرین تک رسائی فراہم کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سرپرستی یا سرمایہ کاری کے زیادہ مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
فیصلہ ساز (جنہیں “ریویورز” یعنی جائزہ لینے والے کہا جاتا ہے) کاروباری نظامت کار (جنہیں “کریئیٹر” یعنی تخلیق کار کہا جاتا ہے) اُن نئے تصورات، مصنوعات یا خدمات کا جائزہ لیتے ہیں جو انہیں ایک 90 سیکنڈ کی تعارفی ویڈیو کی شکل میں تخلیق کاروں کی طرف سے موصول ہوتے ہیں۔ ونٹرو جائزہ لینے والوں کو اپنا وقت دینے کے عوض پیسے ادا کرتی ہے۔ تخلیق کار اعلٰی کاروباری عہدیداروں، صنعتی ماہرین، فلم سازوں، نوبیل انعام حاصل کرنے والوں اور تعلیمی ماہرین میں سے جائزہ لینے والوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
پوری دنیا میں کاروبار میں پیسہ لگانے کے نظام کو جمہوری شکل دینے والے پلیٹ فارموں میں ونٹرو تازہ ترین اضافہ ہے۔ “کراؤڈ سورسنگ” یعنی عوامی سرمایہ کاری کے پلیٹ فارموں کی مسلمہ مثالوں میں سان فرانسسکو کے ‘ انڈیگوگو’ اور نیو یارک سٹی کے ‘کِک سٹارٹر’ جیسے پلیٹ فارم شامل ہیں۔
نئی کمپنیاں شروع کرنا
بعض نئی کمپنیوں کا انحصار نجی قرضوں اور کریڈٹ پر ہوتا ہے یا وہ مالی مدد کے لیے اپنے خاندان یا دوستوں کی طرف دیکھتی ہیں۔ ممکن ہے کہ بعض خوش قسمت کاروباری مالکان کو میڈیا کی توجہ حاصل ہونے سے سرمایہ کار مل جائیں (جس سے تشہیر پر اٹھنے والے اخراجات بھی کم ہو سکتے ہیں)۔
مگر میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے انتظام کاری کے سلون سکول کے مطابق نئی کمپنیوں کے لیے بنیادی سرمایہ کاری جو کہ اکثر (جزوی) مالکانہ حقوق کی شکل میں ہوتی ہے، تیزی سے مقبولیت حاصل کرتی جا رہی ہے اور ونٹرو کو اپنے تخلیق کاروں کے لیے یہی کچھ حاصل کرنے کی امید ہے۔ نئے کاروباروں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی قومی تنظیم کا کہنا ہے کہ سال 2019 میں نئے کاروباروں میں سرمایہ کاری کی صنعت میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں نے 136.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ یہ رقم پوری دنیا کی نئے کاروباروں میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مجموعی رقم کے نصف کے برابر ہے۔
کاروبار کا ایک بروقت نمونہ

ونٹرو کی بانی شکاگو یونیورسٹی کی طالبہ، نور سگرو ہیں۔ اس کمپنی کے دفاتر شکاگو اور لندن میں ہیں اور اسے شکاگو یونیورسٹی کے موجودہ اور سابقہ طلبا و طالبات چلاتی ہیں جس میں انہیں کاروباری لیڈروں، کاروباری نظامت کاروں، ماہرین تعلیم اور سابقہ سیاست دانوں کی ایک مختصر سی تعداد کی مشاورتی سہولتیں میسر ہیں۔
سگرو کہتی ہیں کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ کامیابی کا تعلق “آپ کسے جانتے ہیں،” سے ہے نہ کہ “اپ کیا جانتے ہیں۔” اُن کے اور اُن کے کالج کے ساتھیوں کے خیال میں یہ بات غیر منصفانہ ہے۔ سگرو کا کہنا ہے، “عظیم خیالات تو کسی کے بھی ہو سکتے ہیں اور یہ دنیا میں کسی بھی جگہ پائے جا سکتے ہیں۔”