ہزاروں افراد 4 جولائی کو امریکہ کے نئے شہری بننے کا حلف اٹھائیں گے۔ امریکی 4 جولائی کو اپنا یوم آزادی مناتے ہیں۔
ہر سال چار جولائی کے دن مختلف تاریخی مقامات پر نئے امریکیوں کو شہریت دئیے جانے کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ ان قابل ذکر مقامات میں جارج واشنگٹن کی مونٹ ورنن میں رہائش گاہ، آزادی کا قومی تاریخی پارک اور کیلون کولیج کی جاگیر شامل ہیں۔ امریکہ کے شہریت اور امیگریشن کے ادارے کے مطابق سال 2017 میں 770,200 سے زائد افراد کو امریکی شہریت دی گئی۔ پچھلے برس، ان میں سے 15 ہزار سے زیادہ نئے شہریوں کو یوم آزادی کے سلسلے میں ہونے والی 65 سے زائد تقریبات میں امریکی شہریت دی گئی۔

تاریخ کے درمیان حلف برداری
ریاست میسا چوسٹس کے شہر سٹر برِج میں واقع اولڈ سٹر برج ولیج نامی عجائب گھر تاریخ کی ایک جیتی جاگتی شکل ہے۔ یہ عجائب گھر روایات پر عمل کرتے ہوئے ہر سال شہریت کی حلف برداری کی تقریب4 جولائی کو منعقد کرتا ہے۔
یہ عجائب گھر 40 سے زائد عمارات پر مشتمل ہے اور اس کے عملے میں شامل مورخین مستند اصلی لباسوں میں ملبوس 1830 کی دہائی کے نیو انگلینڈ کی دیہی زندگی کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر ماضی اور مستقبل کا ملاپ دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس روز تقریباً 100 تارکین وطن سٹر برج کے مقامی لوگوں، عملے کے اراکین اور عجائب گھر دیکھنے کے لیے آنیوالوں کے سامنے وفاداری کا حلف اٹھاتے ہیں۔
عجائب گھر کے عملے کے ایک رکن مائیکل ارنم کا کہنا ہے، “حلف اٹھانے والوں اور وہاں موجود امریکی شہریوں، دونوں کے لیےاس دن کی اہمیت اور اسے منائے جانے کے حقیقی معانی سمجھنا بہت ضروری ہے۔”

سٹر برج کی تقریب میں 4 جولائی کو حلف اٹھانے والے ہر شہری کو ایک سال کے لیے عجائب گھر کی رکنیت دی جاتی ہے اور اس موقع کی مناسبت سے عجائب گھر میں واقع مٹی کے برتنوں کی تاریخی دکان کے لیے خاص طور پر تیار کیے جانے والے مگوں میں سے ایک مگ دیا جاتا ہے۔