
امریکہ نئے سکوں کے اجرا کی شکل میں عظیم امریکی خواتین کو اُن کی کامیابیوں ہر خراج تحسین پیش کرے گا۔ اس کی ابتدا 2022ء میں مصنفہ مایا اینجلو اور خلاباز سیلی رائڈ سے کی جائے گی۔
سکے ڈھالنے والا امریکی ٹکسال 2025ء تک ہر برس امریکی کوارٹر (ایک چوتھائی) ڈالر کے پانچ نئے سکے جاری کرے گا۔ ٹکسال نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ اینجلو اور رائڈ اس کے امیریکن ویمن کوارٹرز پروگرام کے تحت کوارٹر ڈالر کے سکے پر نمودار ہونے والی پہلی خاتون ہوں گیں۔

اینجلو (1928 تا 2014) کی نظموں، مضامین اور خود نوشت سوانح حیات میں نسلی تعصب اور صدموں پر قابو پانے کے تجربات کے احوال بیان کیے گئے ہیں۔ وہ شہری حقوق کی امریکی تحریک کی ایک رہنما تھیں اور 1993ء میں صدر بل کلنٹن کی حلف وفاداری کی تقریب میں افتتاحی نظم پڑھنے والی پہلی خاتون تھیں۔
رائڈ (1951 تا 1912) 1983ء میں ناسا کے خلائی شٹل کے مشن پر گئیں اور انہیں خلا میں جانے والی پہلی امریکی خاتون کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہ 1984ء میں دوبارہ خلا میں گئیں۔ بعد میں رائڈ کیلی فورنیا یونیورسٹی، سان ڈی ایگو میں پڑہاتی رہیں جس دوران انہوں نے عورتوں اور لڑکیوں کے سائنس اور ریاضی میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
اس وقت امریکی ٹکسال مزید خواتین کی یاد میں سکے جاری کرنے سے متعلق سفارشات وصول کر رہا ہے۔ امیریکن ویمن کوارٹرز پروگرام کا مقصد مختلف شعبوں میں اور نسلی اور جغرافیائی پسہائے منظر کی حامل خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن امریکی کوارٹر کے سکے کے سامنے والی طرف بدستور نمودار ہوتے رہیں گے۔