
آرٹ شفا بخش ہو سکتا ہے۔ امریکہ کے نائب صدر کی اہلیہ، کیرن پینس جب اپنے شوہر کے ہمراہ دنیا بھر کے مختلف ممالک کے دوروں پر جاتی ہیں تو وہ علاج بذریعہ آرٹ کی پُرزور حمایت میں بات کرتی ہیں۔
آرٹ کے ذریعے علاج میں مصوری، ڈرائنگ یا آرٹ کے دیگر کاموں کے ذریعے صدمے یا بیماری کے شکار ایسے لوگوں کی مدد کی جاتی ہے جو اپنی بے چینی، درد یا جذبات کے اظہار کو الفاظ کی شکل میں نہیں ڈھال پاتے۔
مسز پینس نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، “بحیثیت خاتونِ دوئم ایک چیز جس کا میں اس میں اضافہ کر سکتی ہوں وہ یہ ہے کہ لوگوں کو اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ علاج بذریعہ آرٹ کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتا ہے۔” (نائب صدر کی اہلیہ کو بعض اوقات اِس روایت کے تحت خاتونِ دوئم کہا جاتا ہے جس کے مطابق صدر کی اہلیہ کو خاتونِ اول کہا جاتا ہے۔)
2017ء میں نائب صدر کے ہمراہ بیرون ملک دوروں کے دوران، مسز پینس نے ایشیا، آسٹریلیا، یورپ اور وسطی اور جنوبی امریکہ میں آرٹ تھیراپی کا مشاہدہ کیا۔ 2013 سے لے کر 2017 کے دوران جب ان کے شوہر انڈیانا کے گورنر تھے، تو مسز پینس نے جاپان، جرمنی، اسرائیل اور کینیڈا میں اسی طرح کے پروگراموں کے دورے کیے۔
Great interacting with the children at Yonsei Severance Hospital in Seoul and learning how they use art therapy. pic.twitter.com/2B7hoWgMK7
— Karen Pence (@SecondLady) April 17, 2017
2011ء کے بعد سے وہ ٹریسیز کِڈز نامی اُس ادارے کے بورڈ پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں جس کے پروگراموں کے تحت آرٹ تھیراپی کو کینسر کے مریض بچوں کی اس بیماری پر قابوپانے اور اِس کے علاج میں مدد کی جاتی ہے۔
An up close look at the art therapy program, provided by @tracyskidsdc at @nyphospital today! So amazed by the difference art therapy brings pic.twitter.com/GMJNGBFCBA
— Karen Pence (@SecondLady) March 30, 2017
مسز پینس کے لیے آرٹ اور بچوں کے ساتھ کام کرنا ایک فطری سی بات ہے۔ تعلیم کے مضمون میں انہوں نے ایم اے کیا ہوا ہے اور 25 سال تک پرائمری سکول میں ٹیچر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ وہ خود بھی ایک مصورہ ہیں اور واٹر کلر [آبی رنگوں] کے استعمال سے گھروں اور تاریخی عمارتوں کی مصوری کرتی ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ مضمون 18 اپریل 2017 کو شائع کیا گیا تھا۔