ناسا کی خلا باز کرسٹینا کوک نے ایک بار پھر خلائی تاریخ رقم کر دی۔
کوک نے 28 دسمبر کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر زمین کے مدار کے گرد چکر لگاتے ہوئے اپنا 289واں دن مکمل کیا۔ ناسا کے مطابق کسی خاتون کا ایک ہی خلائی پرواز پر رہنے کے طویل ترین دورانیے کا یہ نیا ریکارڈ ہے۔ اس طرح انہوں نے ریٹائرڈ سٹیشن کمانڈر پیگی وہٹسن کا قائم کردہ کا ریکارڈ توٰڑ دیا ہے۔
Congrats to @Astro_Christina! 🎊Today she has achieved a huge milestone: she now holds the record for the longest continuous stay in space by a woman. 👩🚀 Thanks for all of the science you have helped us conduct during your mission so far. 🔬 pic.twitter.com/6ok1dCOsP8
— ISS Research (@ISS_Research) December 28, 2019
ٹوئٹر کی عبارت کا خلاصہ:
ایس ایس ریسرچ: خلا باز کرسٹینا مبارکیں! آج انہوں نے ایک بہت اہم سنگ میل عبور کیا ہے: اُن کے پاس خلا میں کسی خاتون کے طویل ترین عرصے تک رکنے کا ریکارڈ ہے۔ اپنے مشن کے دوران ابھی تک ہمیں سائنس پر کام کرنے میں مدد کرنے پر آپ کا شکریہ۔
کوک اکتوبر میں اپنی ساتھی خلاباز، جیسیکا مائر کے ہمراہ مکمل خواتین پر مشتمل خلائی چہل قدمی کے اولین عملے میں حصہ لے کر ایک اور ریکارڈ بھی قائم کر چکی ہیں۔
کوک کی زمین پر واپسی فروری کے مہینے میں متوقع ہے۔ ناسا کے مطابق اس وقت تک وہ خلا میں 300 سے زیادہ دن گزار چکی ہوں گی۔
کوک نے شمالی کیرولائنا سٹیٹ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجنیئرنگ اور فزکس میں گریجوایشن اور الیکٹریکل انجنیئرنگ میں ماسٹر کیا۔
ناسا نے بتایا کہ خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے کا ریکارڈ اب بھی وہٹسن کے پاس ہے۔ انہوں نے پانچ خلائی پروازوں کے دوران مجموعی طور پر 665 دن خلا میں گزارے۔