نومبر میں بھارت میں ہونے والی کانفرنس میں توجہ کا مرکز: ابھرتی ہوئی خواتین کاروباری نظامت کار

2017 کی بھارت میں ہونے والی عالمی کاروباری نظامت کاری کانفرنس میں، وائٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی قیادت کریں گی۔ (© AP Images)

2017 کی عالمی کاروباری نظامت کاری کی چوٹی کانفرنس 28 تا 30 نومبر حیدرآباد، بھارت میں منعقد کی جائے گی۔ اِس کانفرنس میں خواتین کاروباری نظامت کاروں پر توجہ مرکوز کی جائے گی کیونکہ انہی کے ہاتھوں میں اپنے اپنے ملکوں کی خوشحالی کی کلید ہے۔

اِس سالانہ کانفرنس میں ابھرتے ہوئے کاروباری نظامت کار، سرمایہ کار، کاروباری سربراہان اور دیگر لوگ اڑھائی دنوں کی تربیت، سرپرستی اور سرمایہ کاری کے لیے ساتھی تلاش کرنے کے مقصد سے اکٹھے ہوتے ہیں۔ اس سال کا مرکزی خیال، “خواتین پہلے، سب کے لیے خوشحالی” ہے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اس سلسلے میں کی جانے والی اپنی ٹویٹس میں اِس کانفرنس کو ” کاروباری نظامت کاروں اور نئی کمپنیوں کے مالکان کو عالمی لیڈروں کے قریب لانے کا ایک منفرد موقع” قرار دیا اور کہا کہ وہ ایوانکا ٹرمپ کی شرکت کے منتظر ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ صدر کی خصوصی مشیر ہیں۔

ایوانکا ٹرمپ نے جو خود بھی ایک کاروباری خاتون ہیں، اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ اِس تقریب میں شرکت کی منتظر ہیں۔

اِس کانفرنس The summit میں توجہ، خواتین نظامت کاروں کی مدد کرنے، 21ویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلے کرنے، اور عالمی سطح پر اقتصادی ترقی کو فروغ  دینے پر مرکوز کی جائے گی۔ امریکی اور بھارتی میزبان چار بڑے کاروباری شعبوں سے متعلق اجلاسوں کی میزبانی کریں گے جن میں توانائی اور بنیادی ڈھانچہ، صحت کی سہولتیں اور حیاتیاتی سائنسز، مالیاتی ٹکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت، اور میڈیا اور تفریح شامل ہیں۔

پہلی عالمی کاروباری نظامت کاری کی چوٹی کانفرنس 2010ء میں واشنگٹن میں ہوئی تھی جبکہ حالیہ ترین جون 2016 میں سلیکون ویلی میں ہوئی۔ دیگر پانچ کانفرنسیں دنیا کے بڑے بڑے شہروں یعنی 2011  کی استنبول میں، 2012 کی دبئی، متحدہ عرب امارات میں، 2013 کی کوالالمپور، ملائیشیا میں، 2014 کی مراکش کے شہر مراکیش میں، اور 2015 کی نیروبی کینیا میں ہوئیں۔