جب نوٹرے ڈام کیتھیڈرل دوبارہ کھلے گا تو امریکی یونیورسٹی کے کچھ طلباء کو بالمشافہ اس بات کا علم ہوگا کہ کیتھیڈرل کی اصلی چھت کیسے تعمیر کی گئی تھی۔
کیتھولک یونیورسٹی کے طلباء نے تیرھویں صدی کی پہلی دہائی کی کلاسیکی تعمیراتی تکنیکوں کو استعمال کرتے ہوئے کیتھیڈرل کی چھت کے ایک حصے کے ڈہانچے کی ایک ہوبہو نقل تیار کی۔ کیتھیڈرل میں 2019 میں لگنے والی آگ سے چھت جل گئی تھی۔
یونیورسٹی کے طلباء اور رضاکاروں نے اگست 2021 میں نیشنل مال اور یونیورسٹی کے کیمپس میں ستمبر 2022 میں کیتھیڈرل کی چھت کے ڈہانچے کی نقل کھڑی کی۔ نیشنل مال اور کیتھولک یونیورسٹی دونوں واشنگٹن میں واقع ہیں۔
فرانسیسی ماہر تعمیرات فلیپ ویلنوو نے کہا کہ “نوٹرے ڈام کے بارے میں اُنہی جذبات کو پیرس سے چھ ہزار کلومیٹر دور دیکھنا ہمارے لیے حیران کن ہے جو ہم نوٹرے ڈام کے بارے میں رکھتے ہیں۔” وہ اور پیرس میں کیتھیڈرل کی بحالی کے ذمہ دار سرکردہ فرانسیسی ماہر تعمیرات، ریمی فرمانٹ کیتھیڈرل کی نقل کھڑی کرتے وقت کیمپس میں موجود تھے۔
عملی تجربہ

کیتھیڈرل کے لیے شہتیر تیار کرنے کے کیتھولک یونیورسٹی کے اس کورس نے طلباء کو کلاسیکی فنِ تعمیر کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یونیورسٹی کے طالبعلم، جیک اینٹونی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ “یہ زندگی میں ایک بار ملنے والا موقع ہے۔”
بوسٹن کی “ہینڈ ہاؤس” نامی تنظیم کمیونٹی کی تعلیمی پراجیکٹوں کی سرپرستی کرتی ہے۔ ہینڈ ہاؤس نے امریکہ میں تعمیر نو کے اس پراجیکٹ کا انتظام کیا۔
رِک براؤن نے اپنی اہلیہ لورا کے ساتھ مل کر ہینڈ ہاؤس کی بنیاد رکھی۔ اس کام کو زیادہ مستند بنانے کے لیے رِک براؤن نے فرانس سے ایک لوہار کی ہاتھ سے بنی ہوئی کلہاڑیاں منگوائیں۔ تعمیراتی ٹیم نے لکڑی گھوڑا گاڑی کے ذریعے منگوائی اور اپنے ہاتھوں سے لکڑی کی تراش خراش کی۔
ریاست ورجینیا نے شاہ بلوط کے اُن 20 درختوں کو کاٹنے کی اجازت دی جو نوٹرے ڈام کی تعمیر میں استعمال ہونے والی لکڑی سے بہت زیادہ ملتے جلتے تھے۔

براؤن کہتے ہیں کہ “ہم سمجھتے ہیں کہ پیرس کے نوٹرے ڈام کی متاثرکن عمارت کو بحال کرنے کی کوششوں میں باہمی تعاون ایک بنیادی جزو ہے۔ “اس عمل کی حقیقی قدر، وہ مجسم توانائی ہے جو سوچ، دیکھ بھال، مہارت، اور سیکھنے سے پیدا ہوتی ہے۔ [یہ توانائی] اشیاء کی اُسی طرح تعمیرِ نو کرنے سے پیدا ہوتی ہے جیسا کہ انہیں ابتدا میں بنایا گیا ہوتا ہے۔”
اس پراجیکٹ میں مدد کرنے میں دیگر امریکی تنظیموں نے بھی ہاتھ بٹایا۔ ‘فرانسیسی ورثے کی امریکی سوسائٹی’ ایک غیرمنفعتی تنظیم ہے جس نے تعمیرِنو کے کاموں کے لیے 2.5 ملین ڈالر جمع کیے۔
حالیہ ترین تقریب کے بعد اس ڈہانچے کو واشنگٹن میں واقع عمارتوں کے قومی عجائب گھرمیں منتقل کر دیا گیا۔
کیتھیڈرل کو 2024 کے آخر میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔