ملک بھر میں نیشنل پارک سروس کی 100 ویں سالگرہ کے جشن منائے جانے کے سلسلے میں، واشنگٹن میں نیشنل مال پر بھوری، سبز، اور سفید چھتریاں تھامے ہوئے 1,000 سے زیادہ بچوں اور بڑوں کے ذریعے نیشنل پارک سروس نے اپنے نشان کی ایک جیتی جاگتی نقل تیاری کی۔
پارکوں اور تاریخی مقامات کی دیکھ بھال کرنے والا یہ ادارہ، اپنی صد سالہ سالگرہ مناتے وقت ایک نئی قومی یادگار کا خیرمقدم بھی کر رہا ہے۔
اس نشان میں وہ تمام عناصر موجود ہیں جن سے نیشنل پارک سروس کے بڑے بڑے پہلوعیاں ہوتے ہیں۔ ایک سکویا درخت اور جنگلی بھینسا نباتات اور جنگلی حیات کی نمائندگی کرتے ہیں، پہاڑ اور پانی خوبصورت مناظر اور تفریح کی علامات ہیں، جبکہ تیرنما شبیہ سے تاریخ اور آثارِ قدیمہ کی نمائندگی ہوتی ہے۔ اس تقریب کے پہلے 1,000 شرکا کو پارک سروس نے، اس تقریب کی یاد کے طور پر چھتریاں اور ٹی شرٹیں اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت دی۔

جب سے صدر اوباما نے اپنے انتظامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اس کے قیام کا اعلان کیا ہے اس وقت سے پارک سروس اس نئی نویلی قومی یادگار یعنی ریاست مین میں واقع “کیٹے ڈِن ووڈز اینڈ واٹرز نیشنل مونیومنٹ” کو اپنے پہلے سیاح کے خیرمقدم کے لیے تیار کر رہی ہے۔ “برٹس بیز” نامی کمپنی کی شریک بانی، راکسین کومبی کی طرف سے پارک کے لیےعطیے میں دی جانے والی اس زمین کی خصوصیت، ریاست مین کا بلند ترین پہاڑ، کیٹے ڈِن ہے۔
“نیشنل پارک سسٹم”یا قومی پارکوں کے نظام کو دو وجوہات کی بنا پر “امریکہ کا بہترین تصور ” کہا جاتا ہے۔ اولاً یہ قدرتی خوبصورتی کو تحفظ دیتا ہے۔ ثانیاً، تمام پارک بلاتفریق سب کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ نیشنل پارک سروس ملک کے 59 نیشنل پارکوں اور 84 قومی یادگاروں کا انتظام چلاتی ہے۔
پارکوں کو دیکھنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ انہیں قدیم پوسٹرز کے ذریعے دیکھا جائے۔
(National Park Service)