نیشنل پارک سروس کو اپنی سوویں سالگرہ کے موقع پر ایک تحفہ ملا ہے: مین کے شمالی جنگلوں میں زمین کا ایک بہت بڑا خوبصورت ٹکڑا۔

“برٹس بیز” نامی کاسمیٹکس یعنی زیبائش کی کمپنی کی شریک بانی، راکسین کومبی کے خاندان نے 35,000 ہیکٹر زمین تحفتاً دی ہے۔ اس تحفے سے راکسین کومبی کا نیشنل پارک سروس کی سوویں سالگرہ پر زمین دینے کا مقصد پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔

صدر اوباما نے 24 اگست کو اس علاقے کو “کیٹے ڈِن ووڈز اینڈ واٹرز نیشنل مونیومنٹ” [کیٹے ڈِن کی جنگلات اور پانیوں پر مشتمل یادگار]   کے نام سے موسوم کیا۔  اس زمین کا انتظام نیشنل پارک سروس چلائے گی۔ زمین کے علاوہ، کومبی خاندان کی فاوًنڈیشن نے پارک کو چلانے کا کام شروع کرنے کے لیے 2 کروڑ ڈالر بھی دیئے ہیں۔

اس یادگار سے عوام کوپہاڑوں پر چڑھنے، سکی اِنگ کرنے اور برفانی گاڑیاں چلانے جیسی گوناگوں تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں گی۔ یہاں سیر کے لیے آنے والے لوگ دریاوًں میں چھوٹی کشتیاں چلاتے ہوئے جن چیزوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے اُن میں گنجے عقابوں، جنگلی بارہ سنگھوں، سیمن مچھلیوں اور کینیڈین جنگلی بِلوں کے نظارے شامل ہیں۔

کومبی کے بیٹے لُوکاس سینٹ کلیئرنے ایک انٹرویو میں بتایا ، “اس زمین کو ییلو سٹون، ایور گلیڈز اور گرینڈ کینین کے ہم پلہ تسلیم کرنا، اس زمین کی شاندار خوبصورتی کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے۔”

FILE - In this Aug. 4, 2015, file photo, the Wassataquoik Stream flows through Township 3, Range 8, Maine, on land owned by environmentalist Roxanne Quimby, the founder of Burts Bees. President Barack Obama on Wednesday, Aug. 24, 2016 declared a new national monument in Maine on 87,000 acres donated by Quimby, fulfilling the conservationist's goal of gifting the land during the 100th anniversary of the National Park Service. (AP Photo/Robert F. Bukaty, File)
ریاست مین کے شمالی جنگلوں میں واقع ایک نئی قومی یادگار، پہاڑوں اور تندوتیز دریاوًں پر مشتمل ہے۔ (© AP Images)

قومی یادگار کی حیثیت سے اس علاقے کی نامزدگی، اس کے مستقبل میں ایک نئے نیشنل پارک بننے کے عمل میں پہلا قدم ہے جس کے لیے کانگرس کا قانون ضروری ہے۔ ریاست مین کے مشہور اکیڈیا نیشنل پارک کی ابتدا بھی اُس وقت ایسے ہی ہوئی تھی جب عام شہریوں نے وہ زمین بطورعطیہ دی تھی جس کو 1916ء میں قومی یادگار قرار دیا گیا تھا۔ گزشتہ سال کیٹے ڈِن سے چھوٹے، اکیڈیا پارک کی سیر کے لیے 30 لاکھ  افراد آئے۔

“نیشنل پارک سسٹم”یا قومی پارکوں کے نظام کو دو  وجوہات کی بنا پر   “امریکہ کا بہترین نظریہ ” کہا جاتا ہے۔ اولاً یہ قدرتی خوبصورتی کو تحفظ دیتا ہے۔ ثانیاً، تمام پارک بلاتفریق سب کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ نیشنل پارک سروس ملک کے 59 نیشنل پارکوں اور 84 قومی یادگاروں کا انتظام چلاتی ہے۔

آج  جب یہ سروس اپنی دوسری صدی میں داخل ہو رہی ہے تو دیکھیے کہ اس سروس نے  امریکیوں کی نسلوں اور پارکوں میں آنے والے لوگوں کو کس طرح متاثر کیا ہے۔

اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔

Banner reading "Find your park" (National Park Service)
(National Park Service)