نیوزی لینڈ میں زلزلے کے بعد امدادی کاروائیوں میں امریکی بحریہ کے جہاز کی مدد

جزیرہ نما ملک نیوزی لینڈ میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد، امریکی بحریہ کا جہاز جس پر دو ہیلی کاپٹر بھی موجود ہیں انسانی بنیادوں پر کی جانے والی امدادی کاروائیوں میں مدد کر رہا ہے۔

لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے اور فوری ضرورت کا امدادی سامان پہنچانے کے لیے، یو ایس ایس سیمپسن کو کیکورا کے قریب سمندری علاقے میں پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کیکورا نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے پر واقع ایک چھوٹا سا سیاحتی قصبہ ہے۔ وہیلوں کا نظارہ کرنے کے لیے مشہور یہ قصبہ حال ہی میں آنے والے زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔ تودوں کے گرنے اور سیلاب کی وجہ سے یہ قصبہ باقی جزیرے سے بالکل کٹ کر رہ گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم، جان کی نے بتایا ہے کہ 3,800  کی آبادی والے قصبے کیکورا میں جب 7.5  شدت کا زلزلہ آیا تو شہر میں 1,200 سیاح موجود تھے۔

یو ایس ایس سیمپسن پر موجود دو ہیلی کاپٹر، لوگوں کو نکالنے اور سامان پہنچانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیموں کی لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے، تازہ پانی لانے اور جزیرے پر رہ جانے والے لوگوں کے لیے امدادی سامان لانے میں مدد کریں گے۔

یو ایس ایس سیمپسن پہلے سے رائل نیوزی لینڈ نیوی کی 75ویں سالگرہ منانے کی خاطر کیے جانے والے نیوزی لینڈ انٹرنیشنل نیول ریویو میں شرکت کرنے جا رہا تھا۔ یہ جہاز آسٹریلیا، جاپان، کینیڈا اور سنگاپور کے اُن جہازوں میں شامل ہو جائے گا جنہیں پہلے ہی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کے لیے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں پہنچنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔