واشنگٹن میں سابقہ آبائی امریکی فوجیوں کی یادگار کی تعمیر

سابقہ آبائی امریکی فوجیوں کے مستقل اعزاز میں واشنگٹن میں جلد ہی ایک یادگار تعمیر کی جائے گی۔ واشنگٹن شہر امریکی تاریخ میں اہم کردار ادا کرنے والوں کی یادگاروں کے لیے مشہور ہے۔

سمتھ سونین ادارے کے امریکہ کے آبائی انڈین باشندوں کے قومی میوزیم کے مطابق انقلابی جنگ سے لے کر آج تک آبائی امریکی ہر ایک امریکی جنگ میں خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ سابقہ آبائی امریکی فوجیوں کی یادگار آج کل زیرتعمیر ہے اور یہ یہ یادگار نیشنل مال پر قومی میوزیم کے علاقے میں تعمیر کی جائےگی۔ اس کا افتتاح 2020ء کے آخر میں متوقع ہے۔

اس یادگار کے لیے منتخب کیا جانے والا ڈیزائن، شایین اور آرپاہو قبائل سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ اور سابقہ فوجی ہاروی پریٹ نے تیار کیا۔ اُن کے ڈیزائن کا عنوان “جنگجوؤں کا اعزازی دائرہ” تھا اور اس ڈیزائن کو 120 افراد کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈیزائنوں میں سے منتخب کیا گیا۔

نئی یادگار میں لوہے کے ایک بہت بڑے دائرے کو نفاست سے کندہ کیے گئے پتھر کے ایک ڈرم پر نصب کیا جائے گا اور اس دائرے کی بنیاد میں اہم موقعوں پر ایک شعلہ روشن کیا جائے گا۔ آبائی امریکیوں کی داستان گوئی میں دائرے کا ذکر ہمیشہ کیا جاتا ہے۔ یہ دائرہ موت و حیات کے دور کی تکمیل اور تمام چیزوں کے تسلسل کا پتہ دیتا ہے۔

نئی یادگار مصور کی آنکھ سے۔ (Smithsonian's National Museum of the American Indian)
ہاروی پریٹ کے “جنگجوؤں کے اعزازی دائرے” کے ڈیزائن کی مصور کی بنائی گئی ایک تصویر میں غروب آفتاب کے وقت لوگوں کی موجودگی میں آبائی امریکی سابقہ فوجیوں کی یادگار کی ایک جھلک۔ (Smithsonian’s National Museum of the American Indian)

پریٹ کے ڈیزائن میں گول دائرے والے ڈھانچے کے رُخ پر بنائے جانے والے چار قوس نما بنچ بھی ہیں جہاں یادگار پر آنے والے لوگ جمع ہو کر اپنے پیاروں (یا اپنے) فوجی تجربات کے قصے سنا سکیں گے۔

اِن بنچوں کے ارد گرد سرخ اینٹوں کی راہداریاں بنی ہوں گی جن پر مخصوص فاصلوں پر لگے فضا میں بلند ہوتے چار نیزے نصب ہوں گے۔ نیزے روائتی طور پر فوجی شجاعت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ لیکن یہ علاماتی ہتھیار یہاں پر اس کے علاوہ مزید ایک اضافی مقصد بھی لیے ہوئے ہوں گے: یعنی یادگار پر آنے والے لوگ اِن کے ساتھ دعائیہ جھنڈے بھی باندھ سکیں گے۔

جہاں تک آہنی دائرے کو سہارا دینے والے پتھر کے ڈرم کا تعلق ہے، اس کا مطلب امریکی تاریخ کے وسیع دامن میں بھری ہوئی آبائی امریکیوں کی روح کی مسلسل نبض اور قربانیاں ہیں۔

آبائی امریکیوں کے قومی میوزیم کے اندازے کے مطابق اس وقت 140,000 سابقہ آبائی امریکی فوجی حیات ہیں۔ اس کے علاوہ 31,000 آبائی امریکی اور الاسکا کے آبائی باشندے امریکی افواج میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

اوکلا ہوما کے پاؤنی قبیلے سے تعلق رکھنے والے، کیون گوور کا کہنا ہے کہ یہ مرد اور عورتیں اس بات سے “مکمل طور پر باخبر ہیں” کہ وہ ایک ایسے ملک کی خدمت کر رہے ہیں جس نے (آبائی) انڈینز کے ساتھ اپنے وعدے ہمیشہ وفا نہیں کیے۔ “مگر اس کے باوجود انہوں نے اس کی خدمت کرنے کا انتخاب کیا” — اور تاحال کر رہے ہیں۔ “یہ چیز ایک گہری قسم کی حب الوطنی کی عکاسی کرتی ہے۔ امریکہ کی خدمت کرنے اور امریکہ سے جڑے وعدوں کی اس سے عمدہ مثال میرے ذہن میں نہیں آتی۔”