واشنگٹن کے قومی گرجا گھر میں کرسمس کے خزینے

واشنگٹن کا قومی گرجا گھر ہر سال کرسمس کے موقع پر ایک ایسی نمائش کا اہتمام کرتا ہے جس کا سب سے زیادہ انتظار رہتا ہے۔ اس نمائش میں حضرت عیسٰی علیہ سلام کی ولادت کے مناظر کے بین الاقوامی طور پر تیار کیے جانے والے ‘ کرش ‘ یعنی ماڈل نمائش کے لیے رکھے جاتے ہیں۔

ان ماڈلوں کا انتخاب دنیا بھر میں تیار کیے جانے والے گوناگوں قسم کے ماڈلوں میں سے کیا جاتا ہے۔ نمائش میں رکھے جانے والے ماڈل ہر سال بدلتے رہتے ہیں۔ مختلف امریکی ریاستوں سے بھی یہ ماڈل اکٹھے کیے جاتے ہیں جن میں علاقائی رنگ نمایاں ہوتا ہے۔ اس نمائش کا آغاز دسمبر 1990 میں اس وقت ہوا جب گرجا گھر کی ایک استاد بیولا سومر نے حضرت عیسیٰ کی پیدائش کے اپنے ذاتی ماڈل نمائش کے لیے گرجا گھر کو مستعار دیے۔ 1998 میں سومر نے گرجا گھر کو 600 ماڈل بطور عطیہ دیدیے۔ آج گرجا گھر کے ماڈلوں کی تعداد 700 تک پہنچ چکی ہے اور اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ماڈلوں کی منتظم لوری آموس کہتی ہیں کہ تقریباً ہر ایک براعظم کی ثقافت کو پیش کرتے ہوئے یہ سالانہ نمائش ” تمام لوگوں کے لیے ایک عبادت خانے کے طور پر گرجا گھر کے مشن کی تکمیل کرتی ہے۔”

حضرت عیسٰی کی ولادت کے منظر کا برتن میں رکھا ہوا ایک ماڈل۔ (D.A. Peterson/State Dept.)
(D.A. Peterson/State Dept.)

سپین کے شہر کارٹا جینا کا حضرت عیسٰی کی ولادت کا یہ ماڈل مٹی کے ایک روائتی برتن کو توڑ کر بنایا گیا ہے۔ اس میں چھوٹا سا ایک اصطبل، انسانوں کی ننھی منی مورتیاں اور زمینی جغرافیہ دکھایا گیا ہے۔ اس طریقے سے تیار کیا جانے والا ہر ایک ماڈل اپنی مثال آپ ہوتا ہے کیونکہ مٹی کے کسی برتن کو یکساں شکل میں باربار توڑا نہیں جا سکتا۔

حضرت عیسٰی کی ولادت کے منظر میں ایشیائی شبیہیں دکھائی گئی ہیں۔ (D.A. Peterson/State Dept.)
(D.A. Peterson/State Dept.)

عیسائی مذہب قبول کرنے والے نئے لوگوں نے چین میں لکڑی کا یہ ماڈل تراشا ہے۔ اس میں جانوروں کی کھرلی کے ساتھ آلو بخارے کا درخت ہے جس پر پھول آئے ہوئے ہیں۔ ان جانوروں میں اس علاقے کی ایک بھینس بھی ہے جس کی چھوٹی چھوٹی ٹانگیں ہیں۔

حضرت عیسٰی کی ولادت کے منظر میں کسانوں کی شبیہیں دکھائی گئی ہیں۔ (D.A. Peterson/State Dept.)
(D.A. Peterson/State Dept.)

روس سے تعلق رکھنے والے اس ماڈل میں مقدس خاندان کو روسی کسانوں کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کڑھائی والے پرانے کپڑے پہن رکھے ہیں۔ جوزف نے ایک لال ٹین اٹھا رکھی ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ حضرت عیسیٰ کی آمد دنیا میں روشنی کی آمد ہے۔

حضرت عیسٰی کی ولادت کے منظر میں افریقی شبیہیں دکھائی گئی ہیں۔ (D.A. Peterson/State Dept.)
(D.A. Peterson/State Dept.)

سینیگال میں تیار کیے جانے والے اس ماڈل میں ایک جھونپڑی کے سامنے کھڑے مقدس خاندان کو روائتی سینیگالی کپڑوں میں دکھایا گیا ہے۔ جوزف نے اپنا اعصا سیدھا اوپر کو کر کے پکڑا ہوا ہے جب کہ حضرت مریم حضرت عیسٰی کو بچے کے طور پر اپنی بانہوں میں پکڑے سہلا رہی ہیں۔

لکڑی اور درختوں کی شاخوں سے تیار کیا جانے والا حضرت عیسٰی کی ولادت کے منظر کا ایک ماڈل۔ (D.A. Peterson/State Dept.)
(D.A. Peterson/State Dept.)

پولینڈ میں بنایا جانے والا یہ ماڈل برچ درخت سے بنایا گیا ہے جس میں لکڑی سے تراشی گئی شبہیں ہر انفرادی شاخ سے نکلتی ہوئی معلوم ہوتی ہیں۔ ہر شبیہہ میں استعمال ہونے والی لکڑی کی اپنی مخصوص چھال ہے جس کو متعلقہ شبیہہ کے “لباس” کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔