جب سے نومبر میں آئیوٹا اور ایٹا نامی سمندری طوفانوں نے جنوبی امریکہ میں تباہی مچائی ہے، امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یو ایس ایڈ) نے کولمبیا، گوئٹے مالا، ہنڈوراس اور نکاراگوا میں طوفان سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لیے لگ بھگ 48 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔

وزیرخارجہ مائیکل آر پومپیو نے 21 نومبر کو ٹوئٹر پر کہا، “ہماری دعائیں وسطی امریکہ اور کولمبیا میں آنے والے سمندری طوفانوں، آئیوٹا اور ایٹا کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ امریکی عوام آپ کی پشت پر کھڑے ہیں۔”

اِن دونوں سمندری طوفانوں سے صرف وسطی امریکہ میں 70 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی ردعمل کی قیادت کرنے کے لیے یو ایس ایڈ نے “آفات کی صورت میں مدد کرنے والی ایک ٹیم”  تعینات کی۔ یہ ٹیم 17 نومبر سے وسطی اور جنوبی امریکہ میں کام کرتی چلی آ رہی ہے۔ اس ٹیم کے اراکین نے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے، ترجیحی ضروریات کی نشان دہی کی ہے اور امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام اور انسانی امداد فراہم کرنے والے شراکت کاروں کے مابین رابطہ کاری کا کام کیا ہے۔

 فوجی ہیلی کاپٹر کے گرد کھڑے لوگ (U.S. Southern Command Joint Task Force–Bravo)
یو ایس ایڈ کی درخواست پر امریکی فوج نے گوئٹے مالا اور ہنڈوراس کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں مدد کی اور 257 میٹرک ٹن خوراک، حفظان صحت کی کِٹیں اور دیگر ضروری سامان پہنچایا۔ (U.S. Southern Command Joint Task Force–Bravo)

امدادی سامان پہنچانے کے ابتدائی مراحل میں طوفان سے ہونے والی تباہی اور پہنچنے میں شدید مشکلات کی وجہ سے  گوئٹے مالا اور ہنڈوراس کی بہت سی بستیاں کٹ کر رہ گئی تھیں۔

ان بستیوں کے ضرورت مند لوگوں تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے یو ایس ایڈ نے امریکی محکمہ دفاع کی خصوصی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے درخواست کی۔ گوئٹے مالا میں امریکی سفارت خانے کے منشیات اور نفاذِ قانون کے دفتر نے گوئٹے مالا کی منشیات اور انسداد دہشت گردی کی فضائی ٹاسک فورس کے تعاون سے، ہیلی کاپٹر کے 99 مشن اڑائے اور 30 بستیوں میں 46 ہزار کلوگرام امدادی سامان پہنچایا۔

یو ایس ایڈ کی قیادت میں جاری ان امدادی کاروائیوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے امریکہ کی جنوبی کمانڈ کی مشترکہ ٹاسک فورس – براوو نے 28 دنوں میں  364 مشن اڑائے اور 257 میٹرک ٹن خوراک، حفظان صحت کی کِٹیں اور دیگر ضروری سامان پہنچایا۔ “یو ایس وی چکاہومینی” نامی امریکی بحری جہاز نے کولمبیا کی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی بھاری مشینری کو سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے کولمبیا کے پراویڈنسیا اور سان ایندرے کے جزائر پر پہنچایا۔

یو ایس ایڈ متاثرہ ممالک میں فوری ضرورت اور زندگی بچانے والی اشیا فراہم کر رہا ہے۔ اِن میں خوراک، حفظان صحت کی کِٹیں، پینے کا صاف پانی، سونے کے لیے گدے اور کمبلوں اور باورچی خانے کے برتنوں جیسی گھریلو استعمال کی  بنیادی اشیا شامل ہیں۔

یو ایس ایڈ لوگوں کی اپنے گھروں میں واپسی اور جلد بحالی کی کوششیں شروع کرنے کے لیے اپنے شراکت کاروں کے ساتھ مل کر بنیادی کام کر رہا ہے۔

2 دسمبر کو یو ایس ایڈ نے اعلان کیا کہ وہ ہنڈوراس کے اُن 17 ہزار لوگوں کے لیے مضبوط قسم کے پلاسٹک کی شیٹنگ کے مزید 270 رول بھجوا رہا ہے جن کے پاس رہنے کے لیے ابھی تک کوئی جگہ نہیں ہیں۔

یو ایس ایڈ نے مندرجہ ذیل کاموں پر بھی اپنی توجہ مرکوز کی:-

  • کولمبیا میں یو ایس ایڈ کی پروازوں سے کولمبیا کی حکومت کو 190 میٹرک ٹن امدادی سامان پہنچانے میں مدد ملی۔
  • گوئٹے مالا میں 11,150 افراد کو نقد رقومات دی گئیں؛ پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت (ڈبلیو اے ایس ایچ) کا سامان فراہم کیا گیا؛ اور دوبارہ اپنے گھر تعمیر کرنے میں مدد کرنے کے لیے سامان فراہم کیا گیا۔
  • نکاراگوا میں امریکہ کے ایک شراکت کار یعنی اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ یا یونیسیف نے پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت (ڈبلیو اے ایس ایچ) کی اشیا فراہم کیں۔

یو ایس ایڈ کے اعلٰی عہدیدار جان بارسا نے 3 دسمبر کے ایک بیان میں کہا، “ضرورت مندوں کی مدد کرنا ایک بنیادی امریکی قدر ہے اور انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے دنیا کے ایک لیڈر کی حیثیت سے، امریکہ سمندری طوفانوں سے متاثر ہونے والے لوگوں کو زندگیاں بچانے والی امداد پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہے۔”

 اشیا سے بھرے پلاسٹک کے تھیلے پکڑے ہوئے لوگوں کی لائن (Adventist Development and Relief Agency International)
ہنڈراس میں سمندری طوفانوں سے متاثر ہونے والے افراد کو یو ایس ایڈ کا شراکت کار ادارہ، ایڈرا حفظان صحت کی کِٹیں اور دیگر امدادی سامان فراہم کر رہا ہے۔ (Adventist Development and Relief Agency International)