ویلنٹائن ڈے کی دستاویزات میں صدور کے محبت نامے

ویلنٹائن ڈے ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب صدور سمیت بہت سے امریکی پیار اور محبت کی خوشیاں مناتے ہیں۔ شیئر امریکہ نے ذیل میں ماضی پر ایک نظر ڈالی ہے کہ صدور نے اپنی محبت کا اظہار کس طرح کیا اور گزری ہوئی دہائیوں میں ویلنٹائن کے کارڈ کیسے تبدیل ہوئے ہیں۔

جارج واشنگٹن کا مارتھا سے اظہارِ محبت

انقلابی جنگ کے دوران 23 جون 1775 کو جنرل جارج واشنگٹن نے فلاڈیلفیا سے اپنی اہلیہ، مارتھا کے نام ایک خط تحریر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ اُنہیں [مارتھا کو] دیکھنے کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔ اِس وقت جارج اور مارتھا کے درمیان لکھے گئے صرف تین  خط موجود ہیں۔ مستقبل کے صدر نے اِن میں سے ایک میں لکھا، “میں آپ کی کبھی بھی تبدیل نہ ہونے والی ایسی محبت [دل میں] بسائے ہوئے ہوں جو نہ وقت بدل سکتا ہے اور نہ ہی فاصلہ۔” انہوں نے اپنے خط کے اختتام میں دستخط کرتے ہوئے لکھا، “کلی طور پر آپ کا، جارج واشنگٹن۔” (1799 میں اپنے شوہر کی موت کے بعد، مارتھا نے اپنی ساری خط و کتابت تلف کردی تھی۔)

ہربرٹ ہُوور مذاق کا برا نہیں مناتے تھے

اگرچہ ہربرٹ ہوور کی صدارتی لائبریری اور میوزیم میں ہربرٹ ہوور کی طرف سے اپنی اہلیہ، لُو  کے نام  کوئی ویلنٹائن کارڈ نہیں، تاہم اس میوزیم میں بچوں سمیت، سینکڑوں امریکیوں کی طرف سے اکتیسویں صدر کے نام محفوظ کیے گئے ویلنٹائن ڈے کے بہت سے کارڈ ملتے ہیں۔

صدر منتخب ہونے سے بہت پہلے، پہلی جنگ عظیم کے دوران ہوور تب “یو ایس فوڈ ایڈمنسٹریشن” کہلانے والے ایک امریکی ادارے کے سربراہ ہوا کرتے تھے۔ اس دوران انہوں نے امریکیوں کو کم کھانے کی ترغیب دی تاکہ فوجی زیادہ کھا سکیں۔ اُس وقت کی بولی میں اُن کے اس فعل کو “ہوورائزنگ” کا نام دیا گیا۔ “پیر کو گوشت کے ناغوں” اور “بدھ کو گندم کے ناغوں” سے امریکہ کو ایک سال کے اندر یورپ کے لیے خوراک کی ترسیل کو دوگنا کرنے میں مدد ملی۔

 ایک ویلنٹائن کارڈ جس میں کم کھانے کے لیے کہا گیا ہے (Courtesy of the Herbert Hoover Presidential Library-Museum)
1918 کے ویلنٹائن کے ایک کارڈ میں کفایت شعاری کے اُن اقدامات کا حوالہ دیا گیا ہے جن کی ہربرٹ ہوور نے پہلی جنگ عظیم کے موقع پر سفارش کی تھی۔ (Courtesy of the Herbert Hoover Presidential Library-Museum)

کفایت شعاری کی مہم نے کارڈ بنانے والوں کو ایسے ویلنٹائن کارڈ ڈیزائن کرنے کی ترغیب بھی دی جن میں کہا گیا تھا کہ “میں رات کے کھانے پر  ہوورائز کر سکتا ہوں، اور روشنیوں اور ایندھن پر بھی، مگر جب بات محبت کی آتی ہے تو میں یہ کبھی نہیں سیکھ سکتا کہ کب ہوورائز کرنا ہے!”

ہیری ٹرومین اپنی اہلیہ، بیس کو دو مبارکبادیں بھیجا کرتے تھے

تینتیسویں صدر، ہیری ایس ٹرومین نے اپنی اہلیہ، بیس کو ایک خوبصورت ویلنٹائن  کارڈ بھیجا جس میں محبت کی ایک نظم چھپی ہوئی تھی۔ کیونکہ اُن کی اہلیہ 13 فروری کو پیدا ہوئی تھیں اس لیے وہ کارڈ سے دوہرا فائدہ اٹھاتے تھے اور نظم کے اوپر “ہیپی برتھ ڈے” [سالگرہ مبارک] بھی لکھا دیا کرتے تھے۔

 بائیں: ہیری ایس ٹرمیین کا اپنی اہلیہ کو بھیجا جانے والا ویلنٹائن/سالگرہ کا پیارا سا کارڈ دائیں: ہیری اور بیس ٹرومین کی اپنی شادی والے دن کی تصویر (Harry S. Truman Presidential Library and Museum/National Archives and Records Administration)
ہیری ایس ٹرمیین نے ویلنٹائن/سالگرہ کا یہ پیارا سا کارڈ اپنی اہلیہ، بیس کو بھیجا تھا (Harry S. Truman Presidential Library and Museum/National Archives and Records Administration)

رونلڈ ریگن کا درمیان والے آدمی کے ذریعے نینیسی کا دل جیتنا

چالیسویں صدر رونلڈ ریگن نے اپنی اہلیہ، نینسی کو ویلنٹائن کا جو کارڈ بھیجا اُسے انہوں نے ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے محبت کرنے والوں کے بزرگ سرپرست، سینٹ ویلنٹائن کے نام لکھا۔

 ہاتھ سے لکھے گئے خط کی کاپی (Ronald Reagan Presidential Library)
رونلڈ ریگن کی طرف سے نینسی کے نام ویلنٹائن کارڈ (Ronald Reagan Presidential Library)

ریگن لکھتے ہیں: “کیا آپ آج  کے دن [نینسی] کے کان میں یہ سرگوشی کر سکتے ہیں کہ کوئی اس سے ہر روز بہت زیادہ اور مزید زیادہ پیار کرتا ہے؟ اسے یہ بھی بتانا کہ یہ ‘کوئی’ اُس کے بغیر جیبی گھڑی کی طرح رک جائے گا، لہذا اسے ہمیشہ وہیں رہنا ہے جہاں وہ ہے۔”

باراک اوباما کا اپنی بیٹیوں کو شامل کرنا

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ صدور نے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے خطوط اور کارڈوں میں سوشل میڈیا کی مبارکبادیں بھی شامل کرنا شروع کر دیں۔

سابق صدر باراک اوباما نے، جو چوالیسویں صدر ہیں گزشتہ سال ویلنٹائن ڈے کے موقع پر نہ صرف اپنی اہلیہ مشیل بلکہ وائٹ ہاؤس میں پلنے بڑھنے والی اپنی بیٹیوں، ساشا اور مالیا کو بھی مبارکباد پیش کی ۔

اس ٹویٹ میں اوباما فیملی کی ایک تصویر کے ساتھ لکھا ہے، “ان تینوں کو ویلنٹائن ڈے مبارک ہو جو کبھی بھی مجھے مسکرانے میں ناکام نہیں ہوئیں۔ آپ کی چمکیلی روشنی ہر چیز کو روشن سے روشن تر کر دیتی ہے۔”

صدر بائیڈن نے جِل کے لیے پیار کی اصطلاح استعمال کی

ویلنٹائن ڈے 2021 کے موقع پر صدر بائیڈن (چھیالیسویں صدر) نے بھی خاتونِ اول، جِل کو گلے لگاتے ہوئے اپنے منصب کی حلفِ وفاداری کی تقریب کے موقع پر لی گئی ایک تصویر ٹویٹ کی۔ ٹویٹ میں لکھا ہے: “میری زندگی کی محبت اور میری محبت کی زندگی۔ ویلنٹائن ڈے مبارک ہو، جِلی۔”

ایسے میں جب ہر عمر کے امریکی اِس 14 فروری کو اپنی دوستی اور محبت کی خوشیاں منا رہے ہوں گے تو وہ یہ جانتے ہیں کہ ان کے رہنما بھی ممکنہ طور پر جذباتی احساسات کا اپنے اپنے انداز سے اظہار کر رہے ہوں گے۔