ایک لڑکی ویلنٹائن کارڈ کو دیکھ رہی ہے (© Spencer Weiner/Los Angeles Times/Getty Images)
10 سالہ جیسی شارپ کیلی فورنیا کے شہر وینچورا کے ایک پرائمری سکول میں ایک ویلنٹائن کارڈ کو غور سے دیکھ رہی ہے۔ (© Spencer Weiner/Los Angeles Times/Getty Images)

امریکی بھی دنیا بھر کے بہت سے لوگوں کی طرح ہر سال 14 فروری کو کارڈوں، پھولوں، مٹھائیوں اور دیگر تحائف کا تبادلہ کرکے محبت اور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ویلنٹائن ڈے کی ابتداء کیسے ہوئی اس بارے میں واضح معلومات تو دستیاب نہیں ہیں۔ تاہم اب یہ دن رومانوی اور افلاطونی دونوں قسم کی محبت کی ایک علامت بن چکا ہے۔ ویلنٹائن ڈے پر امریکی اپنے دوستوں یا محبت کرنے والوں کو جو مشہور اشیاء بھجواتے ہیں اُن میں سے بیشتر کا ذکر ذیل میں کیا جا رہا ہے:۔

مبارکبادی کے کارڈ

ویلنٹائن ڈے پر تحریری نوٹوں کے تبادلے کا آغاز پندرھویں صدی میں ہوا جبکہ ہاتھ سے بنائے گئے کارڈ 1700 کی دہائی میں سامنے آئے۔ ٹائم میگزین کے مطابق 1800 کی دہائی کے اوائل تک چھاپے خانے عام ہو چکے تھے اور برطانیہ نے تجارتی پیمانے پر ویلنٹائن کارڈ چھاپنے شروع کر دیئے تھے۔

ایستھر ہاؤلینڈ کے ویلنٹائن ڈے کے تاریخی کارڈ (Courtesy of the American Antiquarian Society)
ایستھر ہاؤلینڈ کے تیار کردہ ویلنٹائن ڈے کے تاریخی کارڈ (Courtesy of the American Antiquarian Society)

میگزین کی رپورٹ کے مطابق 1840 کی دہائی میں میساچوسٹس کی ایستھر ہاؤلینڈ کو انگلینڈ سے منگوائے جانے والے ویلنٹائن کارڈ دیکھنے کا موقع ملا۔ اُن کے ذہن میں خیال آیا کہ وہ کم قیمت میں اتنے ہی خوبصورت کارڈ بنا سکتی ہیں۔ اُن کے والد نے جو سٹیشنری کا کاروبار کرتے تھے ہاؤلینڈ کی مدد کی۔

گریٹنگ کارڈ ایسوسی ایشن کے مطابق ہاؤلینڈ کے خوبصورت ڈیزائنوں نے تجارتی بنیادوں پر امریکہ میں ویلنٹائن ڈے کارڈ متعارف کرائے۔ ہرسال امریکی ایک دوسرے کو 145 ملین ویلنٹائن کارڈ بھیجتے ہیں۔

پھول

امریکی گلفروشوں کی سوسائٹی کے مطابق ویلنٹائن ڈے پر امریکیوں کی ایک بہت بڑی تعداد گلاب کے پھول بھیجنے کا انتخاب کرتی ہے۔

گلاب کے سرخ پھولوں کے درمیان ایک ورکر پھول پیک کر رہا ہے تاکہ انہیں باہر بھجوایا جا سکے (© Fernando Vergara/AP)
کولمبیا کے شہر ایل روزیل میں کولیبری فلاورز کا ایک ورکر ویلنٹائن ڈے سے پہلے امریکہ بھجوانے کے لیے گلاب کے پھول پیک کر رہا ہے۔ (© Fernando Vergara/AP)

سرخ گلاب گہرے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔ ویلنٹائن ڈے کے موقعے پر بھجوائی جانے والی اشیاء کے انتخاب میں سرخ گلاب سرفہرست ہوتے ہیں۔ اس کے بعد گلابی رنگ کے گلابوں کا نمبر آتا ہے جو شکر گزاری اور خوشی کی عکاسی کرتے ہیں۔

روزنامہ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ میں فروخت ہونے والے زیادہ تر پھول ہالینڈ، کولمبیا، ایکواڈور اور کینیا سے آتے ہیں۔ امریکہ کے مردم شماری کے بیورو کے مطابق فروری 2022 میں امریکہ نے گلدستوں کی شکل میں 203 ملین ڈالر کے پھول درآمد کیے۔

باتیں کرنے والے دل

امریکہ میں باتیں کرنے والے دل ویلنٹائن کی چاکلیٹ کے بغیرسب سے زیادہ مقبول کینڈی [ٹافیاں یا مٹھائی] ہوتی ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کے بارے میں ‘فوڈ-فوکسڈ آل ریسیپیز’ نامی ویب سائٹ کے مطابق رنگ برنگی کینڈیوں کی ابتدا 1840 کی دہائی میں اُس وقت ہوئی جب بوسٹن کے ماہر ادویات، اولیور چیس نے کاٹنے والی مشین ایجاد کی۔ چیس نے شروع میں تو اپنی مشین کو دوا کے طور پر استعمال کرنے کے لیے چوسنے والی گولیاں بنانے کے لیے استعمال کیا۔ مگر بعد میں وہ گول اور مخروطی شکل کی کینڈیاں بنانے لگے جنہیں باتیں کرنے والے دل یا سویٹ ہارٹس کہا جاتا تھا۔

 دل کی شکل کی بنی کینڈی کی قریب سے لی گئی تصویر (© Charles Krupa/AP) رویئر، میسا چوسٹس میں نیو انگلینڈ کنفیکشنری کمپنی میں پیکنگ کے لیے تیار کی جانے والی کینڈیاں۔ (© Charles Krupa/AP)

1860 کی دہائی میں چیس کے بھائی ڈینیئل نے سرخ سبزیوں کے رنگ کا استعمال کرتے ہوئے کینڈیوں پر الفاظ  والی مہر لگانے کا طریقہ نکالا۔ 1901 تک کینڈیوں نے “میرا بنو” اور “سچا پیار” جیسے پیغامات کے ساتھ دل کی جانی پہچانی شکل اختیار کر لی۔ اوہائیو کی ‘سپینگلر کینڈی’ نے 2019 میں یہ کینڈیاں بنانے کے حقوق حاصل کر لیے۔

چاکلیٹ

امریکہ میں چاکلیٹیں اب بھی ویلنٹائن ڈے کا مقبول ترین خوردنی تحفہ ہیں۔

ایک عورت نے دل کی شکل کا چاکلیٹ کا ڈبہ پکڑا ہوا ہے(© Nicolaus Czarnecki/MediaNews Group/Boston Herald/Getty Images)
بوسٹن میں واقع ” او شوکولا” نامی سٹور میں کام کرنے والی ایک خاتون نے ویلنٹائن ڈے چاکلیٹ کا ڈبہ ہاتھ میں پکڑا ہوا ہے۔ (© Nicolaus Czarnecki/MediaNews Group/Boston Herald/Getty Images)

ٹیسٹ آف ہوم‘ رسالے کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ویلنٹائن ڈے کے موقع پر چاکلیٹوں کے مندرجہ ذیل پانچ برانڈ سب سے زیادہ خریدے جاتے ہیں:-

  1. ‘لِنٹ اینڈ سپرانگلی’ کمپنی کی لِنٹ چاکلیٹ۔ اس کمپنی کا ہیڈکوارٹر سوئٹزرلینڈ میں ہے۔
  2. بیلجیئم کی خاص قسم کی چاکلیٹیں بنانے والی کمپنی کی گوڈائیوا چاکلیٹ۔
  3. کیلی فورنیا میں ایک اطالوی تارک وطن کی طرف سے قائم کی جانے والی کمپنی کی ‘گیرارڈیلی’ چاکلیٹ۔ یہ کمپنی اب ‘لنٹ اینڈ سپرانگلی’ کی مالکیت ہے۔
  4. پینسلوینیا کی ہرشی کمپنی کی ہرشی چاکلیٹ۔
  5. شکاگو میں قائم چاکلیٹ بنانے والی کمپنی ‘مارز انکارپوریٹڈ’ کی ڈو چاکلیٹ۔

ڈاک ٹکٹ

امریکہ کے محکمہ ڈاک نے 1973 میں ویلنٹائن ڈے کے موقع پر محبت کے جذبے کے عکاس ڈاک کے ٹکٹ جاری کرنے شروع کیے۔ اس سلسلے کا پہلا ڈاک ٹکٹ پاپ آرٹسٹ رابرٹ انڈیانا نے ڈیزائن کیا۔ یہ ٹکٹ بجا طور پر فلاڈیلفیا میں جاری کیا گیا کیونکہ فلاڈیلفیا “برادرانہ محبت کا شہر” کہلاتا ہے۔

ڈاک کا ٹکٹ جس پر بلی کے بچے اور کتے کے بچے اور دل کی تصویر بنی ہوئی ہے
امریکی محکمہ ڈاک نے سال 2023 کے لیے “محبت” کے دو نئے ٹکٹ جاری کیے ہیں۔ اِن میں ایک بلی کا بچہ اور دوسرا کتے کا بچہ ہے۔ اِن دونوں نے اپنے اگلے پنجے ایک دل پر رکھے ہوئے ہیں۔

ڈاک کے “محبت” کے نئے ٹکٹ آج بھی باقاعدگی سے جاری کیے جاتے ہیں۔ اِن پر وکٹورین لیس، فرشتے، ہنس یا دل کی شکل کی کینڈیوں کی تصویریں بنی ہوتی ہیں۔ گوکہ ڈاک کے اِن ٹکٹوں کا تعلق اب بھی ویلنٹائن ڈے سے ہی ہے، تاہم  محکمہ ڈاک لوگوں کو دیگر جذباتی موقعوں پر بھی اِن ٹکٹوں کو استعمال کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔