وینزویلا کبھی خطے کا ایک امیر ملک ہوا کرتا تھا مگر بگڑتے ہوئے معاشی و سیاسی حالات نے اسے خطے کا غریب ترین ملک بنا دیا ہے۔ امریکہ نے وینزویلا کے عوام سے اپنے عہد اور یکجہتی کو فروغ  دینے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر اضافی امداد کے طور پر قریباً 11 کروڑ 90 لاکھ  ڈالر دینے کا اعلان کیا تاکہ بحران پر قابو پایا جا سکے۔

امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یوایس ایڈ) کی  جانب سے دی جانے والی امداد کے ذریعے وینز ویلا میں  درج ذیل چار طریقوں سے انسانی زندگیاں بچائی جا رہی ہیں۔

1۔ صحت کے لیے انتہائی ضروری طبی امداد کی فراہمی

Girl wearing oxygen mask (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)
وینیز ویلا کے ایک بچے کا کراکس کے ایک ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ یو ایس ایڈ ہنگامی طبی علاج کی سہولتوں کو ترجیح دے رہا ہے۔ (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)

90 فیصد ہسپتالوں کو ادویات اور پانی سمیت اہم اشیا کی کمی کا سامنا ہے۔ ایسے میں یوایس ایڈ کی ترجیح طبی پروگراموں کی مدد کرنا ہے۔ اس سلسلے میں یہ  ادارہ  بنیادی طبی خدمات کی فراہمی، بنیادی نوعیت کے طبی سامان اور دواؤں تک رسائی بہتر بنانے، طبی عملے کو ضروری تربیت مہیا کرنے اور ملیریا کے علاج سمیت وبائی بیماریوں کی روک تھام اور ان سے حفاظت کی کوششوں میں معاونت فراہم کر رہا  ہے۔

2۔ پانی و نکاسی آب کے منصوبوں میں معاونت

People filling jerrycans with water (© Federico Parra/AFP/Getty Images)
کراکس میں وینیز ویلا کے شہری پانی لینےکے لیے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔ ملک کے معاشی بحران کے نتیجے میں عوامی سہولیات ناپید ہوتی جا رہی ہیں اور بنیادی ضروریات کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔ (© Federico Parra/AFP/Getty Images)

وینیزویلا میں یوایس ایڈ کی فراہم کردہ معاونت سے پینے کے صاف پانی اور ٹرکوں کے ذریعے پانی کی ترسیل سے متعلق خدمات کی فراہمی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے نظام میں بہتری لانا، حفظان صحت کے سامان کی تقسیم، صحت و صفائی کو فروغ دینے والی سرگرمیوں میں مدد اور طبی مراکز میں ہاتھ دھونے کی مشینوں، بیت الخلا اور فضلہ جلانے کی بھٹیوں کی مرمت شامل ہے۔ ان کا مقصد وبائی بیماریوں کے پھیلنے کو روکنا ہے۔

3۔ فوری ضرورت کی خوراک کی فراہمی میں مدد

Toddler arm being measured (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)
ایک اندازے کے مطابق وینیز ویلا میں 37 لاکھ افراد کو خوراک کی امداد کی ضرورت ہے۔ یو ایس ایڈ ضرورت مند لوگوں کو غذائی امداد مہیا کر رہی ہے۔ (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)

اقوام متحدہ کے جاری کردہ ‘امدادی اقدام کے منصوبے’ (پی ڈی ایف، 11.8 ایم بی) میں حاملہ خواتین اور بچوں کو ایسے کمزور لوگوں میں شمار کیا گیا ہے جنہیں خوراک اور غذائیت کی اشد ضرورت ہے۔ یوایس ایڈ مقامی لنگر خانوں اور تعلیمی اداروں میں تازہ کھانے کی فراہمی میں مالی معاونت کے ساتھ ساتھ ماؤں کو دودھ  پلانے کے موزوں طریقوں کی بابت رہنمائی بھی مہیا کر رہا ہے۔ یوایس ایڈ غذائیت سے متعلق مشاورت، غذائی عملے کی تربیت اور کم خوراکی کی روک تھام اور اس کے علاج میں مددگار  پروگراموں میں معاونت بھی کر رہا ہے۔

4۔ تحفظ کے منصوبوں میں معاونت

Child praying before eating (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)
میراکے، وینیز ویلا میں ایک بچہ کھانے سے پہلے دعا مانگ رہا ہے۔ بچوں کے لیے تصویر میں دکھائی گئی محفوظ جگہ جیسی جگہیں فراہم کر کے، یو ایس ایڈ وینیز ویلا کے خطرات کے شکار افراد کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ (© Yuri Cortez/AFP/Getty Images)

یوایس ایڈ بحرانی کیفیات میں وینیزویلا کے غیرمحفوظ لوگوں کی تشدد اور استحصال سے بچاؤ میں مدد کرنے  کے لیے کام کرتا ہے۔ وینیزویلا میں جاری تحفظ سے متعلق منصوبوں میں بچوں کے لیے محفوظ جگہوں کی فراہمی، صنفی بنیاد پر  کیے جانے والے تشدد کے بارے میں آگاہی اور مقامی سطح پر محفوظ ماحول قائم کرنے میں معاونت شامل ہے تاکہ وینزویلا کے غیرمحفوظ اور کمزور لوگوں کے تحفظ کی صورتحال میں بہتری لائی جا سکے۔

اس نئی امداد سے  امریکہ  وینیزویلا کے اندر اور خطے بھر میں جاری منصوبوں کے لیے انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد اور ترقیاتی معاونت کے طور پر 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کر رہا ہے۔

اس میں 47 کروڑ 20 لاکھ  ڈالر سے زائد رقم زندگی بچانے میں مددگار امدادی پروگراموں اور اقوام متحدہ کے جاری کردہ امدادی اقدام کے منصوبے کے مقاصد کی معاونت پر خرچ ہو رہی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد وینیزویلا میں 26 لاکھ ضرورت مند ترین افراد کو مدد فراہم کرنا ہے۔

یہ مضمون ایک طویل شکل میں ‘یوایس ایڈ’ کی ویب سائٹ پر شائع ہو چکا ہے۔