
صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کووڈ 19 ویکسینوں کی 110 ملین سے زائد خوراکیں درجنوں بھر ممالک کو پہلے ہی عطیہ کر چکا ہے اور امریکہ نے پوری دنیا کے لوگوں کو ویکسینیں لگانے کا عزم کیا ہوا ہے۔
بائیڈن نے 3 اگست کو اعلان کیا کہ امریکی ویکسین کی سپلائی 110 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور آنے والے مہینوں میں لاکھوں مزید خوراکیں دنیا بھر میں بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو ویکسین لگانا وبائی مرض کو ختم کرنے اور عالمی معاشی بحالی کو تیز کرنے کے لیے اہم ہے۔ بائیڈن نے مزید کہا کہ یہی درست اقدام ہے۔
وائٹ ہاؤس سے بات کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا، “اس کا تعلق ہماری اقدار سے ہے۔ ہم تمام لوگوں کے پیدائشی وقار کی قدر کرتے ہیں۔ مصیبت کے وقتوں میں امریکی مدد کا ہاتھ بڑہانے کے لیے باہر نکلتے ہیں۔ ہم یہی کچھ ہیں۔”
امریکہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں ویکسین کی خوراکیں تقسیم کرنے اور دیگر امداد فراہم کرنے کا کام کر رہا ہے۔ امریکہ اور اس کے شراکت دار بحرانی حالات سے دوچار ممالک کو علاج معالجے میں مدد، ٹسٹ کرنے کا سامان اور حفاظتی سازوسامان فراہم کرتے ہیں اور بیرونی ممالک میں ویکسین کی تیاری میں معاونت کرتے ہیں۔
The United States has now shipped over 110 million COVID-19 vaccination doses in an effort to get safe and effective vaccines to as many people around the world as fast as possible. Read more about our deliveries and see where they have gone here: https://t.co/kw2k3EaDHK. pic.twitter.com/8yofXZzqif
— Department of State (@StateDept) August 3, 2021
امریکہ پہلے ہی 60 سے زائد ممالک میں ویکسین کی 110 ملین خوراکیں بھیج چکا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یہ تعداد دیگر تمام ممالک کے مجموعی عطیات سے زیادہ ہے۔ عطیے میں دی جانے والی ویکسینوں کی خوراکیں امریکی دوا ساز کمپنیوں، ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کے علاوہ امریکہ اور جرمنی کی فائزر-بائیو این ٹیک کمپنی میں شراکت کاری کے تحت تیار کی گئیں ہیں۔
امریکہ کے ویکسین عطیہ کرنے کے عمل سے دوسرے ممالک کو ویکسینیں لگانے کی شرح بڑھانے، کورونا کی اٹھنے والی نئی لہروں کے لیے تیار ہونے اور کمزور آبادیوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو ترجیح دینے میں مدد ملتی ہے۔
کووڈ 19 ویکسینوں کی عالمگیر رسائی کا (کوویکس) پروگرام ویکسینوں کی مساویانہ تقسیم کے لیے وقف ایک بین الاقوام شراکت داری ہے۔ امریکہ کی عطیات کے طور پر دی گئی زیادہ تر ویکسینیں اسی پروگرام کے تحت فراہم کی گئی ہیں۔ امریکہ نے ویکسینوں کے اتحاد، گاوی کے ذریعے کوویکس کے لیے چار ارب ڈالر کا عطیہ بھی دیا ہے۔
جون میں بائیڈن نے امریکہ کی اپنی سپلائی سے دیگر ممالک کو ویکسینوں کی کم از کم 80 ملین خوراکوں کا بطور عطیہ دینے کا وعدہ کیا تھا جبکہ اب تک اس تعداد سے کہیں زیادہ یعنی 110 ملین خوراکیں پہنچائی جا چکی ہیں۔ اگست میں امریکہ فائزر کی ویکسین کی 500 ملین خوراکیں تقسیم کے لیے گاوی کو بھجوا رہا ہے۔ ویکسین کی یہ خوراکیں کوویکس پروگرام کے تحت کم آمندی والے 100 ممالک میں تقسیم کی جائیں گیں۔
بائیڈن نے کہا، “امریکہ نے دنیا کا ویکسینوں کا اسلحہ خانہ بننے کا عزم کر رکھا ہے۔”
