صدر ٹرمپ نے افریقی نژاد امریکیوں کے مہینے کا آغاز وائٹ ہاؤس میں ایک اجلاس سے کیا جس میں مشیر اوماروسا مینیگالٹ (بائیں جانب) اور رہائش اور شہری ترقی کے نامزد وزیر، بین کارسن (دائیں جانب) نے بھی شرکت کی۔(© AP Images)

فروری افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کا مہینہ ہے۔ صدر ٹرمپ نے افریقی نژاد امریکیوں نے امریکی تاریخ میں جو کردار ادا کیا اس کی یاد منانے کے لیے مندرجہ ذیل اعلان کیا ہے۔

2017ء  کا افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کا قومی مہینہ

– – – – – – –

از صدر ریاستہائے متحدہ امریکہ

ایک اعلانِ عام

ایسے میں جب ہم افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کا قومی دن منا رہے ہیں تو اس موقع پر ہم افریقی نژاد امریکیوں کے ورثے اور ان کی کامیابیوں کو تسلیم کر رہے ہیں۔ افریقی نژاد امریکیوں نے جو خدمات انجام دی ہیں اور جو دے رہے ہیں وہ ہمارے معاشرے کا ایک اہم جزو ہیں اور افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ ان کی اس قوتِ برداشت اور جدت طراز روح کی ایک ایسی مثال ہے جو ہماری قوم کو عظیم بناتی ہے۔

کئی نسلوں سے افریقی نژاد امریکی ہماری قوم کی مشترکہ ترقی کی علامت ہیں۔ ان کی مشقت اور جدوجہد اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے جراًتمندانہ اقدامات نے، امریکہ کو ہر ایک کے لیے زندگی گزارنے اور کام کرنے کی ایک بہتر جگہ بنا دیا ہے۔ خلائی تاریخ کی پہل کار جس کے کام سے خلائی دوڑ جیتنے میں امریکہ کو مدد ملی، کیتھرین جانسن اور اپنے وقت کی کامیاب ترین کاروباری نظامت کاروں میں شمار ہونے والی، مادام سی جے واکر جیسی خواتین نے عورتوں اور افریقی نژاد امریکیوں، دونوں کے لیے اپنے اپنے شعبوں میں راہیں ہموار کیں۔ غلام پیدا ہونے والے، رابرٹ سمالز نے ملک کے پہلے مفت اور لازمی سرکاری سکول کی بنیاد رکھی۔ بعد ازاں،  ایک قانون ساز کی حیثیت سے انہوں نے ساوًتھ کیرولائنا کی ریاستی مقننہ اور امریکی ایوان نمائندگان میں خدمات سر انجام دیں۔ ان جیسے مردوں اور عورتوں کی قوت اور مصمم ارادے ہمیں یہ یاد دلاتے ہیں کہ ہماری قوم ایسے لوگوں سے بھری پڑی ہے جن کی خدمات سے ہمارا ملک مضبوط تر اور بہتر ہوتا جا رہا ہے۔

امسال افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کا مہینہ ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ ہم افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ میں تعلیم کے انتہائی اہم کردار پرغور کریں۔ یہ مہینہ ہمیں درس و تدریس اور اس ملک کی تعمیر اور اس کی ترقی میں افریقی نژاد امریکیوں کی طرف سے ادا کیے جانے والے بہت سے کرداروں کی اہمیت کے بارے میں یاد دلاتا ہے۔ اس سال کا مرکزی خیال ہم سے اس قوم کے تمام بچوں کو معیاری تعلیمی مواقعوں تک رسائی مہیا کرنے کو یقینی بنانے کی خاطر اپنے آپ کو دوبارہ وقف کرنے کا تقاضہ بھی کرتا ہے۔ ایسے مواقعے جو انہیں صلاحیتوں، تجربات، رشتوں اور ایسی تعلیم سے بہرہ مند کردیں جو انہیں کیتھرین جانسن، مادام سی جے واکر اور رابرٹ سمالز کے نقشِ قدم پر چلنے کے لیے با اختیار بنا سکیں۔

ہم ایک مضبوط تر اور زیادہ متحدہ قوم کے سفر پر گامزن ہیں۔ آئیے افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کے مہینے کی اس یاد کو ہم ایک بامعنی مکالمے اور ایک ایسے اجتماعی قدم کے ساتھ مشترکہ عزم کی ضرورت کی یاد دہانی کے طور پر استعمال کریں جو ہمیں اوپر اٹھانے اور با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ آئندہ آنے والے برسوں میں ہم سے مطلوب قوت، ہنرمندی اور لگن کی یاد دہانی کے طور پر بھی کام کرے۔

لہذا، آج، میں، ڈونلڈ جے ٹرمپ، صدر ریاستہائے متحدہ امریکہ، امریکہ کے آئین اور قوانین کے تحت تفویض کردہ اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے، فروری 2017 کو افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخ کا مہینہ قرار دینے کا اعلان عام کرتا ہوں۔ میرا سرکاری اہلکاروں، ماہرین تعلیم، لائبریرینوں، اور امریکہ کے تمام  لوگوں سے یہ کہنا ہے کہ وہ اس مہینے کو مناسب پروگراموں، تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کر کے منائیں۔

اس کی شہادت کے طور پر میں نے فروری کے پہلے دن، ہمارے خدا وند  کے سال دو ہزار سترہ اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی آزادی کے دو سو اکتالیسویں سال میں اس اعلان پر دستخط کیے۔

ڈونلڈ جے ٹرمپ