حکومتی اور غیرحکومتی دونوں قسم کے یوکرینی حکام اپنے ملک کا دفاع کرنے اور روس کے سفاکانہ حملوں کے بعد اپنے ملک کی تعمیرنو کے لیے امریکی ٹکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں۔
مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ سے تصویریں لینے میں مہارت رکھنے والے امریکی کاروباروں کا شمار اُن بہت سی ٹکنالوجی کی کمپنیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 2022 میں روس کے بھرپور حملے کے فوری بعد یوکرین کے ساتھ تعاون کرنا شروع کیا۔
امریکی ایوان تجارت کے ٹکنالوجی کے تعاون کے مرکز نے بتایا کہ اُس کے بعد سے اب تک ٹکنالوجی کی امریکی کمپنیاں یوکرین کی مدد کرنے کے لیے اپنی مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی ہمدردی کے تحت نقدی اور اشیا کی شکل میں دسیوں ملین ڈالر کی امداد دے چکی ہیں۔
بعض امریکی کمپنیوں نے یوکرین کی حکومت کو اپنی ٹکنالوجی بطور عطیہ دی جبکہ بعض نے میڈیا کو اپنی ٹکنالوجی مفت فراہم کی۔ ذیل میں اس کی چند ایک مثالیں ذیل میں دی جا رہی ہیں:-
دنیا کو سچ بتانا

روس کے 2022 کے حملے کے آغاز کے فوری بعد ویسٹ منسٹر، کولوراڈو کی ‘میکسر ٹکنالوجیز’ نامی کمپنی نے روسی گاڑیوں کی کیئف کے سمت بڑھتے ہوئے ایک 64 کلومیٹرلمبی کانوائی کی تصویر بنائی۔
میکسر نے بتایا کہ گزشتہ برس کے دوران اس نے دنیا کے صحافیوں کو 200 سے زائد خبروں کے لیے سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر مہیا کیں۔ کمپنی نے کہا کہ ایسا کر کے اس نے جنگ کی حقیقی صورت حال بتانے اور غلط معلومات کو رد کرنے میں مدد کی۔
میکسر کی تصاویر میں مندرجہ ذیل معلومات شامل ہوتی تھیں:-
- سیٹلائٹ سے لی گئیں ایسی تصاویر جنہوں نے روس کے یہ دعوے غلط ثابت کیے کہ بوچا کی ہلاکتوں کا ڈرامہ رچایا گیا تھا۔
- روس کی جنگ سے یوکرین کی زرعی پیداوار کو پہنچنے والا نقصان۔
- باخموت کے اُن سکولوں اور اپارٹمنٹوں کی تصاویر جن پر روس نے بم برسائے۔
- کاخوفکا ڈیم کے ٹوٹنے سے دریائے ڈنائپر کے ساتھ آباد شہروں میں آنے والا سیلاب۔

عمارتوں کے نقصانات کا ریکارڈ تیار کرنا
سان فرانسسکو کی کمپنی ‘سکیل اے آئی’ نے مارچ 2022 میں اُن یوکرینی شہروں کی تصاویر جمع کیں جنہیں بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سکیل اے آئی نے کاروباری سیٹلائٹوں سے بنائی گئیں تصاویر کی مدد سے ایک ایسا خود کار نظام وضح کیا جس کے تحت انفرادی عمارتوں کو پہنچنے والے تازہ نقصان کا پتہ چلایا جا سکتا ہے۔ سکیل اے آئی نے یوکرین کے حکام کو اپنا ڈیٹا مفت فراہم کیا۔
اس کمپنی کی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کی روزمرہ کی بنیاد پر تازہ ترین معلومات نے انسانی اور طبی بنیادوں پر کام کرنے والیں ریسپانس ٹیموں کو اُن علاقوں میں مدد کرنے میں آسانیاں پیدا کیں جہاں مدد کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
کمپنی نے بتایا کہ اس نے مصنوعی ذہانت سے تیار کیا گیا ڈیٹا یوکرین میں اپنے شراکت داروں کو اس لیے فراہم کیا کیونکہ وہ [کمپنی] مصنوعی ذہانت کے جمہوری اقدار کے حق میں استعمال کیے جانے پر یقین رکھتی ہے۔
جنگی جرائم پر مقدمات چلانا
ممکنہ جنگی جرائم کا جائزہ لینے والے تفتیش کاروں کے پاس ڈیٹا کا ایک بڑا اور قیمتی ذخیرہ ہے۔ ڈینور کی ‘پیلانٹیر ٹیکنالوجیز’ نامی کمپنی یوکرین کے پراسکیوٹر جنرل کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ معلومات کے مختلف ذرائع کی ایک فہرست تیار کرنے اور اسے استعمال کرنے میں مدد کی جا سکے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس کا سافٹ ویئر 80,000 کے قریب اُن جنگی جرائم کے بارے میں تفتیش کاروں کی کلیدی ڈیٹا کو “شیئر کرنے، یکجا کرنے، اور استعمال کرنے‘ میں مدد کرے گا جو ممکنہ طور پر روس نے کیے ہیں۔ اِن میں بوچا، ارپین، ازیئم، خارکیف کے علاقے اور دیگر مقامات پر کی جانے والیں ہلاکتیں، تباہی، اور آبروریزیاں بھی شامل ہیں۔

اس سافٹ ویئر کے ذریعے سیٹلائٹ سے لی گئیں تصاویر، انٹیلی جنس اور دیگر ذرائع سے جمع کیا گیا ڈیٹا یکجا کیا جاتا ہے۔ اس میں وہ تصاویر بھی شامل ہوتی ہیں جو یوکرین کے شہریوں اور دیگر لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔
پیلانٹیر ٹیکنالوجیز کے ایک بیان میں یوکرین کے پراسکیوٹر جنرل، آنڈری کاسٹین نے کہا کہ “اتنی کثیر تعداد میں شواہد کا تجزیہ کرنا “جدید آئی ٹی کی مدد کے بغیرحقیقی معنوں میں ناممکن ہے۔”
غذائی سلامتی کو برقرار رکھنا
یوکرین کی زرعی زمینوں کا تجزیہ کرنے کی خاطر فروری 2022 سے سان فرانسسکو کی ‘پلینٹ لیبز’ کمپنی اور [غذائی سلامتی پر کام کرنے والے محققین کا] ‘ناسا ہارویسٹ’ نامی ایک کنسورشیم یوکرین کی وزارت زراعت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
یوکرینی حکام فصلوں کی کٹائی پر نظر رکھنے، ان کی پیداوار کا تخمینہ لگانے اور نائٹروجن کی مقداد کا پتہ چلانے کے لیے سیٹلائٹ ڈیٹا استعمال کر سکتے ہیں۔

اپریل میں یوکرین کے زرعی پالیسی اور خوراک کے اول نائب وزیر، ٹاراس ویساٹسکی نے یوکرین کی وزارعت اور ناسا ہارویسٹ کے درمیان تعاون کی تعریف کی۔ ویساٹسکی نے کہا کہ اکٹھے مل کر کام کرنے سے “جنگ کے زمانے میں یوکرین کی زرعی پیداوار کا تخمینہ لگانے کی صلاحیتیں بہتر ہوئی ہیں۔”
‘پلینٹ لیبز’ نے بھی انسانی بنیادوں پر لوگوں کے انخلا، بارودی سرنگیں صاف کرنے اور عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمیہ لگانے کا کام کرنے والے اداروں کو سیٹلائٹ سے بنائی تصویریں فراہم کیں۔
غلط معلومات اور سائبر حملوں کو ناکام بنانا
یوکرین کو تکینکی مدد فراہم کرنے کی امریکہ کی ابتدائی مثالوں میں شامل کچھ مثالیں ذیل میں دی جا رہی ہیں:-
- گوگل نے آر ٹی اور سپتنک جیسے روسی میڈیا کے سرکاری اداروں کے یو ٹیوب چینلوں کو پورے یورپ میں بند کیا۔
- فیس بک نے یورپی یونین کے تمام ممالک اور برطانیہ میں آر ٹی اور سپتنک تک رسائی کو محدود کیا۔
- مائیکرو سافٹ، ایمازون اور گوگل نے سائبر حملوں کو پسپا کرنے کے لیے یوکرین کی آئی ٹی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کیا۔
2022 میں یوکرین کی حکومت نے گوگل، مائکروسافٹ ایزیور اور ایمازون ویب سروسز کو “امن کے انعامات” دیئے۔ اِن کمپنیوں کو یہ انعامات انتہائی اہمیت کی حامل تکنیکی مدد فراہم کرنے پر صدر ولوڈومیر زیلنسکی کی جانب سے دیئے گئے۔