واشنگٹن کے اس عجائب گھر کی عمارت کا سامنے والا حصہ ایک طویل عرصے تک سامنے کی سڑک سے گزرنے والوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ نیوزیم کہلانے والا یہ عجائب گھر اب بند ہو چکا ہے۔ عنقریب نیوزیم کے باہر نصب سنگ مرمر کی ایک بہت بڑی سِل جس پر امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی عبارت کندہ ہے، فلاڈیلفیا کے نیشنل کانسٹی ٹیوشن سنٹر میں منتقل ہو جائے گی۔ اس سنٹر میں باہمی تعامل کے ذریعے امریکی آئین کو متشکل کیا جاتا ہے۔
پہلی ترمیم امریکیوں کی مذہب، تقریر، پریس اور اکٹھے ہونے کی آزادیوں اور شکایات کے ازالے کے لیے حکومت سے درخواست کرنے کے حق کو تحفظ دیتی ہے۔
کارکنوں نے فلاڈیلفیا لے جانے کے لیے 45 میٹرک ٹن اس سِل کو ٹکڑوں کی شکل میں علیحدہ کرنے کا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے۔ پہلی ترمیم کے 45 الفاظ کی اس سِل کی نمائش کانسٹی ٹیوشن سنٹر میں ایک بڑی چھت تلے کی جائے گی۔ یہ سنٹر اعلان آزادی اور آئین کی جائے پیدائش یعنی انڈی پینڈنس ہال کے سامنے واقع ہے۔
سنٹر کے صدر، جیفری روزن نے کہا، “پہلی ترمیم کے متن کو فلاڈیلفیا واپس لانا ناقابل یقین حد تک معنی خیز ہے۔ فلاڈیلفیا ہی وہ شہر ہے جہاں آئین کا مسودہ تیار کیا گیا تھا۔ واشنگٹن، ڈی سی میں پہلی ترمیم کی اس سل نے دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کو اس وقت متاثر کیا جب یہ نیوزیم ہوا کرتا تھا۔ جب نیوزیم کے لیے ایک نئی جگہ کی تلاش کی جا رہی تھی تو [فلاڈیلفیا] ہر لحاظ سے ایک مناسب انتخاب ثابت ہوا۔”

یہ سِل ٹینیسی کے گلابی سنگ مرمر سے تیار کی گئی تھی اور 2007ء میں اس پر پہلی ترمیم کا متن کندہ کرنے کے بعد نیوزیم کے سامنے والے حصے میں نصب کر دیا گیا۔ نیوزیم کی عمارت امریکی کانگریس کی عمارت اور وائٹ ہاؤس سے زیادہ دور نہیں تھی۔ (نیوزیم کو 2019ء میں بند کر دیا گیا تھا۔)
سرکاری اہل کاروں کو امید ہے کہ 17 ستمبر کو یوم آئین تک فلاڈیلفیا میں اس سِل کی نقاب کشائی ہو جائے گی۔