افریقی ممالک کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد کرنے کے لیے امریکی حکومت کئی ملین ڈالر، تربیتی سہولتیں اور آلات فراہم کر رہی ہے۔

یہ کوششیں ہر ملک کے طبی ردعمل کی استعدادیں اور صلاحیتیں زیادہ سے زیادہ بڑہانے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔

امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یو ایس ایڈ) کے مطابق افریقہ بھر میں کورونا وائرس کے لیے امریکہ 170 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر رہا ہے۔

مثال کے طور پر امریکہ نے کانگو کی جمہوری مملکت کو 14 ملین ڈالر کی ابتدائی امداد دی تاکہ طبی سہولتوں کے مراکز میں انفیکشن کی روک تھام کی جا سکے اور اِس پر قابو پایا جا سکے۔ اس کے علاوہ مذہبی لیڈروں اور صحافیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے اس امداد سے کووِڈ-19 کے بارے میں آگاہی کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

امریکہ پانی کی صفائی اور طبی سازوسامان کے لیے مندرجہ ذیل ممالک کو مالی مدد فراہم کر چکا ہے:

  • سوڈآن، 13 ملین ڈالر
  • جنوبی سوڈان، 13 ملین ڈالر
  • صومالیہ، 12 ملین ڈالر
  • جمہوریہِ وسطی افریقہ 5 ملین ڈالر

یو ایس ایڈ کئی ممالک کی حکومتوں کے ساتھ اُن کے صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اہل کاروں کو تربیت فراہم کرنے میں بھی تعاون کر رہا ہے۔ ایتھوپیا میں یو ایس ایڈ نے متعدی بیماریوں پر قابو پانے والے اپنے ماہرین کو ملک کے مختلف حصوں میں بھیجا تاکہ وہ صحت سے متعلق کارکنوں اور طبی عملے کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے طریقوں کی تربیت میں مدد کر سکیں۔ اس کے نتیجے میں صحت کے کارکنوں نے متاثرہ مریضوں کو الگ تھلگ کرنے کی صحیح تکنیکوں اور بڑی تعداد میں مریضوں کی آمد کی صورت میں تیزی سے اُن کا معائنہ کرنا سیکھا۔

گِنی میں یو ایس ایڈ نے کورونا وائرس کے بارے میں غلط معلومات کے توڑ کے لیے گِنی کے صحت کی سلامتی کے قومی ادارے کے ساتھ مل کر کام کیا جس کے دوران تربیت اور عوامی رابطے کا بندوبست کیا گیا۔ اس میں کورونا وائرس کے لیے تیاری کے بارے میں ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر اشتہارات کے علاوہ صحافیوں کے لیے دو روزہ ایک کورس کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں انہیں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے بارے میں خبر نگاری کرتے وقت کس طرح حقائق کو ذہن میں رکھنا ہوتا ہے۔

امریکی حکومت طبی ردعمل کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے طبی سازوسامان کے عطیات بھی دے رہی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے تعاون سے نمیبیا میں امریکی سفارت خانے نے دیگر طبی آلات کے علاوہ نمیبیا کی حکومت کو تین ایمبولینسیں بھی دی ہیں۔ امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اِس سازوسامان کی جہاں سب سے زیادہ ضرورت ہو گی وہاں بھیجنے کا فیصلہ نمیبیا کی حکومت کرے گی۔

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران “امریکہ بدستور دنیا کی انسانی بھلائی کی سب سے اہم روشنی بنا ہوا ہے۔ کوئی دوسرا ملک اتنا زیادہ نہیں دیتا۔”