پومپیو کا امریکہ اور یونان کے مضبوط اتحاد کا اعلان

ماسک پہنے دو آدمی کہنیاں ملاتے ہوئے (© Aris Messinis/AP Images)
یونان کے وزیر اعظم کریاکوس مٹسوٹاکس اور امریکی وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو 29 ستمبر کو یونانی جزیرے کریٹ پر، خلیج ساڈا کی بندرگاہ پر واقع "نیول سپورٹ ایکٹیوٹی" میں ملاقات کر رہے ہیں۔ (© Aris Messinis/AP Images)

امریکہ اور یونان نے مشرقی بحیرہ روم اور مغربی بلقان میں سلامتی، امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے یونان میں تھیسالونیکی اور کریٹ کے دوروں کے موقع پر دونوں ممالک کے دہائیوں سے قائم مضبوط ترین اتحاد کا اعلان کیا۔

پومپیو نے 29 ستمبر کو وزیر اعظم کریاکوس مٹسوٹاکس سے ملاقات کے بعد کہا، “میرے خیال میں پورے اعتماد کے ساتھ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان (آج) تعلقات بلند ترین سطح پر ہیں۔ یہ (تعلقات) مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی امریکی وزیر خارجہ نے دو بار ملک (یونان) کا دورہ کیا ہے۔

تھیسالونیکی میں پومپیو اور یونان کے ترقی اور سرمایہ کاری کے وزیر، اڈونیس جارجیاڈیس نے سائنس اور ٹکنالوجی کے ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے میں امریکہ اور یونان کے تحقیق کرنے کے سائنس کے ایسے نظاموں کے ساتھ عزم پر زور دیا گیا ہے جو دیانت داری، شفافیت اور قابلیت پر مبنی ہوں گے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی شراکت داری اور تبادلے کے موقعوں کی بنیادیں بھی فراہم کرے گا۔

 میز کے پیچھے بیٹھے دو آدمی ایک دستاویز پر دستخط کر رہے ہیں (State Dept./Ron Przysucha)
28 ستمبر کو یونان کے شمالی شہر تھیسالونیکی میں وزیر خارجہ پومپیو، (بائیں) اور یونانی وزیر جارجیاڈیس، امریکہ اور یونان کے درمیان ہونے والے سائنس اور ٹکنالوجی کے معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں۔ (State Dept./Ron Przysucha)

یونان میں ٹکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے کے امریکی مقاصد سے مطابقت رکھتے ہوئے، پومپیو نے توانائی کے شعبے کے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس کی میزبانی کی۔ اس اجلاس کا مقصد یونان میں توانائی کے تنوع اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو اجاگر کرنا تھا۔

امریکہ اور یونان کے درمیان بعض نجی شراکت کاریاں تو پہلے ہی قائم ہو چکی ہیں۔ مثال کے طور پر امریکی کمپنی ٹیسلا  کے ریل گاڑیاں چلانے پر مرکوز ایتھنز میں قائم  تحقیق اور ترقی کے مرکز نے کام شروع کر دیا ہے۔ ایک اور امریکی کمپنی، بلنک چارجنگ نے پورے یونان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں چارج کرنے کے سٹیشن قائم کیے ہیں۔

پومپیو نے کہا، ” فائزر اور سسکو اور ڈولائٹ جیسی امریکی کمپنیاں، سرمایہ کاری کرنے اور اپنی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ یونانی کاروباروں اور یونان کے لوگوں کے لیے مواقع پیدا کرنے یہاں یونان آتی ہیں۔”

پومپیو نے اعلان کیا کہ امریکہ اور یونان اپنی مشترکہ تزویراتی دفاعی حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے بھی شراکت کاری کر رہے ہیں۔ امریکی بحریہ کا یو ایس ایس ہرشل “ووڈی” ولیمز نامی جدید ترین مہماتی سمندری اڈہ (نما جہاز) جلد ہی یونان کی خلیج  ساڈا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ دونوں ممالک خطے میں روس کے بدنیتی پر مبنی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

پومپیو نے کہا، “ہم امریکی،  یونان کو مشرقی بحیرہ روم میں استحکام اور خوشحالی کے ایک حقیقی ستون کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور ہمیں اس کی قیادت کی حمایت کرنے پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے۔”