Mike Pompeo and Colombia President Ivan Duque walking with an entourage (© Rafael Hernandez/Picture Alliance/Getty Images)
وزیر خارجہ مائیک پومپیو کولمبیا کے صدر آئیوان دوکے (دائیں) کے ہمراہ ککوتا میں سائیمون بولیوار بین الاقوامی پُل پر۔ (© Rafael Hernandez/dpa picture alliance/Getty Images)

وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جنوبی امریکہ کے اپنے چار روزہ دورے کا اختتام کولمبیا کے شہر ککوتا میں رک کر کیا۔ یہ شہر وینیز ویلا کے اُن شہریوں کے لیے داخلے اور ایک بڑے  پڑاؤ کی حیثیت رکھتا ہے جو اپنے ملک میں انسانوں کے پیدا کردہ بحران سے بچنے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے وینیز ویلا سے آنے والے  پناہ گزینوں اور مہاجرین کی پناہ گاہ کے طور پر قائم کیے گئے "پناہ گزینوں کے لیے امداد کے عارضی مرکز" کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران کولمبیا کے صدر آئیوان دوکے اور نائب صدر مارٹا لوسیا رامیرز بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھیں۔۔

پومپیو نے وینیز ویلا کے ہزاروں شہریوں کی طرف سے عبور کیے جانے والے ' سائمون بولیوار بین الاقوامی پُل' کا بھی دورہ کیا۔ وہ ایک گودام میں بھی گئے جہاں انتہائی ضرورت کا امدادی سامان رکھا گیا ہے تاوقتیکہ اسے وینیز ویلا کے اندر مصائب کے شکار لوگوں تک پہنچا نہیں دیا جاتا۔

پومپیو اور دوکے نے ایک مشترکہ اعلامیے میں امریکی امداد کے وینیز ویلا میں داخل ہونے سے متعلق مادورو کے انکار پر بات کی۔ 1987 میں دیوارِ برلن کے سامنے آنجہانی صدر رونلد ریگن کے سوویت راہنما میخائل گورباچوف کے نام چیلنج کو یاد کرتے ہوئے پومپیو نے کہا، "مسٹر مادورو اِن پلوں کو کھولو، اِن سرحدوں کو کھولو۔" پومپیو نے مزید کہا، "آج آپ اسے ختم کر سکتے ہیں۔"

امریکہ نے انتہائی ضروری اشیا پر مشتمل 208 میٹرک ٹن امداد تقسیم کے لیے پہلے ہی ککوتا، کولمبیا پہنچا دی ہے۔ بنیادی طور پر اس میں خوراک، دوائیں اور دیگر سامان شامل ہے۔ 10 اپریل کو نائب صدر پینس نے اعلان کیا کہ امریکہ انسانی بنیادوں پر تقریباً چھ  کروڑ دس لاکھ ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرے گا۔ (50 سے زائد ممالک کے ہمراہ امریکہ عبوری صدر خوان گوائیڈو کی حمایت کرتا ہے۔)

دوکے نے یہ کہتے ہوئے امریکی پالیسی کی حمایت کا اعادہ کیا کہ " آمریت کو تنہا کرنے اور وینیز ویلا میں تبدیلی کو ممکن بنانے کے لیے تمام پابندیاں — یعنی سیاسی پابندیاں، معاشی پابندیاں، اور سفارتی پابندیاں — ہر صورت میں استعمال کی جانا چاہیئیں۔ "

ٹوئٹر کی عبارت کا ترجمہ: – میں نے ککوتا میں دیکھا کہ کولمبیا کی حکومت، این جی اوز اور امریکی شراکت کار اپنے ملک میں انسانوں کے پیدا کردہ بحران سے بھاگ کر اور ایک زیادہ خوشحال، آزاد اور مستحکم #وینیز ویلا  کا خواب دیکھنے والے وینیز ویلا کے شہریوں کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔  مستقبل کا واحد راستہ جمہوریت ی طرف مکمل واپسی ہے۔ #EstamosUnidosVE