پومپیو کی السلویڈور کی ‘ قیادت’ کی تعریف

Pompeo and Bukele (© Salvador Melendez/AP Images)
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو، بائیں، 21 جولائی کو ایل سلویڈور کے صدر نایب بکولیلے کے ساتھ سین سلویڈور میں۔ (© Salvador Melendez/AP Images)

امریکہ اور السلویڈور نے دونوں ممالک میں خوشحالی لانے اور سلامتی کے ساتھ اپنے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سلویڈور کے نو منتخب صدر نایب بکولیلے کے ہمراہ 21 جولائی کو السلویڈور کے دارالحکومت سین سلویڈور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “السلویڈور کی نئی قیادت نے بدعنوانی کے خاتمے، امن کے فروغ اور امریکہ کے ساتھ شراکت کاری کا واضح انتخاب کیا ہے۔ اس سے ہمارے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔”

دونوں لیڈروں نے السلویڈور سے غیر قانونی ترک وطن کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اِن وجوہات میں گینگوں کی جانب سے کیا جانے والا تشدد، غربت، جرائم اور بدعنوانی شامل ہیں۔

ٹوئٹر کی عبارت کا خلاصہ:

صدر بکولیلے سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ ہم ان کے اقتصادی ترقی کو تیز تر کرنے اور غیرقانونی  ترک وطن کو کم کرنے کے منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ہمیں اُن کے ایک مضبوط اور خود انحصار السلویڈور کے روشن مستقبل کی جانب  قیادت کرنے کا یقین ہے۔

بکولیلے نے کہا کہ السلویڈور کی نئی انتظامیہ گینگوں اور منشیات کا کاروبار کرنے والوں اور السلویڈور کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے “درست حالات پیدا کرنے کی خاطر امریکہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے سو فیصد تیار ہے تا کہ لوگوں کو  اپنا وطن نہ چھوڑنا پڑے، تاکہ لوگوں کے پاس مناسب ملازمتیں ہوں اور انہیں سکیورٹی حاصل ہو اور  … وہ اپنے وطن میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔”

پومپیو نے کہا، “یہ ایک ایسا ملک ہے جو ترک وطن سے جڑے [مسائل کے حل میں] ایک نمونہ بن سکتا ہے۔”

جرائم میں کمی اور ملازمتوں کے مواقع

پومپیو نے کہا کہ السلویڈور میں 17 جون کو 7,600 کلوگرام کوکین لے جانے والے جہاز کو پکڑنا جرائم کو ختم کرنے میں دونوں ممالک کے ساتھ  مل کر کام کرنے کا ثبوت ہے۔

اقتصادی محاذ پر، پومپیو نے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں السلویڈور کے “قیادت کرنے کی” تعریف کی۔

السلویڈور کی تاریخ میں سب سے زیادہ مقدار میں کی جانے والی غیرملکی سرمایہ کاری کے سلسلے میں، امریکہ نے السلویڈور میں مائع شکل میں قدرتی گیس کے ایک کارخانے کی تعمیر اور ایک بجلی گھر کی تعمیر کے لیے 35 کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد کا وعدہ کیا۔ پومپیو نے بکولیلے کو بتایا، “یہ آپ کی صلاحیتوں پراعتماد کا ووٹ ہے۔”