وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اُن نئی کاوشوں کا خاکہ بیان کیا جو دریائے میکانگ کے ساتھ واقع پانچ ممالک میں توانائی اور سکیورٹی کو مضبوط بنائیں گی۔ اس سے بحرہند اور بحرالکاہل کے خطے کی آزادی اور کھلے پن کے ساتھ امریکہ کے عزم کو تقویت ملے گی۔
یکم اگست کو بنکاک میں زیریں میکانگ ابتدائیے (ایل ایم آئی) کی دسویں سالگرہ منانے کی تقریب میں وزیر خارجہ نے کہا، “ہم آپ کی خودمختاری اور سلامتی کی حفاظت کرنے، معاشی طور پر خوشحال ہونے اور آپ کی زبردست ثقافتوں اور ماحول کو محفوظ رکھنے میں مدد کرنا جاری رکھیں گے۔”
یہ ابتدائیہ امریکہ اور دریائے میکانگ کے ساتھ واقع پانچ ممالک یعنی کمبوڈیا، لاؤس، میانمار، تھائی لینڈ اور ویت نام کو آپس میں جوڑتا ہے۔ ایل ایم آئی خطے میں بنیادی ڈھانچے اور آپس کے روابط کو بہتر بناتا ہے اور اس میں خصوصی توجہ خوراک اور پانی کی سکیورٹی، تعلیم، صحت، توانائی اور عورتوں کو با اختیار بنانے پر مرکوز کی جاتی ہے۔
امریکہ زیریں میکانگ کے علاقے میں پانچ ممالک کے اشتراک کا ترقیاتی شراکت کار بھی ہے۔ اس اشتراک کو “ایایاوادی – چاؤ فرایا – میکانگ کوآپریشن سٹریٹجی” (اے سی ایم ای سی ایس) یعنی ایایاوادی – چاؤ فرایا – میکانگ کے تعاون کی پالیسی کہا جاتا ہے۔
پومپیو نے اعلان کیا کہ امریکہ اور جاپان مل کر بجلی کے علاقائی گرڈ تعمیر کرنے کے لیے “جاپان – امریکہ میکانگ بجلی کی شراکت داری” (جے یو ایم پی پی) کے نام سے ایک پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ اس میں امریکہ نے دو کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی ابتدائی رقم کا وعدہ کیا ہے۔ امریکہ نے سرحدوں کے آر پار ہونے والے جرائم اور انسانوں کے بیوپار کو ختم کرنے کا بھی ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے امریکہ نے میکانگ ممالک سے ایک کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔
دریائے میکانگ کا شمار ایشیا کے طویل ترین دریاؤں میں ہوتا ہے۔ اس کے متنوع آبی حیات اور ماحولیات کے نظام اُن علاقوں کے لیے زرعی اور تجارتی مواقع فراہم کرتے ہیں جو اس کے ساتھ لگتے ہیں۔ مگر حال ہی میں اس دریا پر بنائے جانے والے ڈیموں کی وجہ سے دریا میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے پانچ ممالک کو ملنے والے پانی میں رکاوٹیں پیدا ہوگئی ہیں۔ پومپیو نے کہا کہ امریکہ بحر ہند اور بحرالکاہل کی ایک کانفرنس کا انعقاد کرے گا جس سے “میکانگ کے بارے میں شفاف، قانون کی بنیاد” پر سوچ کو مضبوط بنایا جائے گا۔
گزشتہ دہائی کے دوران زیریں میکانگ کے ابتدائیے سے حاصل ہونے والے نتائج میں مندرجہ ذیل کامیابیاں شامل ہیں:-
- 340,000 افراد کے لیے بہتر معیار کا پینے کا پانی۔
- 27,000 افراد کی حفظان صحت کی بہتر سہولتوں تک رسائی۔
- 80,000 طالب علموں کو کاروباری حکمت عملیوں کی تربیت۔
پومپیو نے کہا، “میکانگ کی اقوام کے امریکہ میں دوست ہیں۔ اور وہ ہمیشہ رہیں گے۔”