پیرو میں عورتوں کی طرف سے شروع کیے جانے والے کاروباروں کی تعداد میں اضافہ

یولاندا ایبارا مسکرا رہی ہیں۔ (U.S. Embassy Peru)
ڈریم بلڈر پروگرام کی وجہ سے یولاندا ایبارا جیسے کاروباری نظامت کاروں کو اپنی کاروباری صلاحیتیں مضبوط بنانے کا موقع ملتا ہے۔ (U.S. Embassy Peru)

دنیا کے بیشتر مقامات میں کاروباری نظامت کاری کا راستہ خوشحالی کا ضامن ہے۔ تاہم اکثر دور افتادہ علاقوں میں، بالخصوص عورتیں، کاروباری تربیت تک رسائی سے محروم رہتی ہیں۔

اسی لیے لیما میں امریکی سفارت خانے نے آگے آنے کا فیصلہ کیا۔

تعلیمی مواقعوں کو فروغ دینے والے پیرو اور امریکہ کے دو ملکی مراکز کے ساتھ مل کر سفارت خانے نے حال ہی میں محکمہ خارجہ کا کاروبار کے لیے تیاری کرانے کا ایک ایسا آن لائن پروگرام متعارف کرایا جس میں توجہ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں خواتین کاروباری نطامت کاروں کی مدد کرنے پر مرکوز کی جاتی ہے۔

‘ڈریم بلڈر’ (خوابوں کی تعبیر پوری کرنے والے) کے نام سے مشہور یہ پروگرام عورتوں کو مقامی طور پر کاروبار شروع کرنے اور انہیں مستحکم بنانا سکھاتا ہے۔ جیسے جیسے خواتین کے ملکیتی کاروبار ترقی کرتے جاتے ہیں، ویسے ویسے اُن میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ملازمتیں ملنے لگتی ہیں اور یہ کاروبار کمیونٹیوں کی معیشتوں میں زیادہ حصہ ڈالنے لگتے ہیں۔

ایمیزون کے علاقے کے ایک شہر مادرے دو ڈیوس سے تعلق رکھنے والی یولاندا ایبارا کا شمار اس پروگرام کے کامیاب شرکا میں ہوتا ہے۔ اُن کے پاس سرمایہ نہ ہونے کے برابر تھا اور انہوں نے 2016ء میں ایمیزون کے خطے میں پائے جانے والے قدرتی اجزا سے کھانے کی اشیا تیار کرنے کا اپنا کاروبار شروع کیا۔اا

چار ماہ کا کورس مکمل کرنے کے بعد، شرکاء کے اپنے گروپ میں سے بہترین کاروباری منصوبہ تیار کرنے پر ایبارا کو ایک ہزار ڈالر کا انعام دیا گیا۔ ایبارا نے یہ رقم پیرو کی مارکیٹ میں اپنی اشیاء فروخت کرنے کے لیے صفائی ستھرائی اور قانونی اجازت نامے حاصل کرنے کے لیے استعمال کی۔

وہ بتاتی ہیں کہ ‘ڈریم بلڈر’ نے اُن کی سپلائر تلاش کرنے، اپنے مال کی قیمیت مقرر کرنے اور گاہک تلاش کرنے میں راہنمائی کی۔ انہوں نے ‘وارائیو’ کے نام سے اپنا برانڈ رجسٹر کرایا۔ وہ اپنی فروخت کی جانے والی اشیاء کی تعداد ایک سے بڑہا کر چھ تک لے گئیں۔ اُن کا کہنا ہے، “میری اگلی منزل اپنے مال کی زیادہ سے زیادہ بِکری کرنا ہے۔”

بوتلیں، پھل اور بسکٹ۔ (U.S. Embassy Peru)
کاروباری خاتون یولاندا ایبارا کی قدرتی طور پر پیدا ہونے والے اجزا سے تیار کردہ کھانے کی اشیاء کے تمام اجزا ایمیزون کے علاقے سے حاصل کیے جاتے ہیں۔ (U.S. Embassy Peru)

وارائیو کی اشیاء میں استعمال ہونے والے تمام اجزا پیرو کے مقامی لوگوں سے خریدے جاتے ہیں۔ جب کاروبار بڑھے گا تو اس سے اِن لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

پیرو میں ڈریم بلڈر پروگرام 2017ء میں شروع کیا گیا۔ آج تک 800 کے لگ بھگ پیرو کی خواتین اس میں شرکت کر چکی ہیں۔ مستقبل میں اس سے متعلقہ ورکشاپوں سے اِن خواتین کو چلی، ایکویڈور اور بولیویا میں اپنی ہم منصب خواتین کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے مواقعے میسر آ سکیں گے۔

2017ء سے لے کر آج تک امریکی سفارت خانہ، کان کنی کی امریکی کمپنی فری پورٹ مکمورین، ایریزونا یونیورسٹی کے گلوبل مینیجمنٹ تھنڈر برڈ سکول اور آٹھ دوملکی مراکز کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے پیرو میں ڈریم بلڈر پروگرام تک رسائی بڑہانے پر 271,000 ڈالر خرچ کر چکا ہے۔