یِنگ میکگوائر امریکی خواب کی زندہ تعبیر ہیں۔ ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کے لیے چین سے ترکِ وطن کر کے امریکہ آنے کے بعد، اُنہیں ایک کمپیوٹر کمپنی میں ملازمت مل گئی اور آج وہ ٹیکنالوجی کے عالمی مسائل کے حل کرنے والے کاروبار سے منسلک کمپنی ‘ٹیکنالوجی انٹیگریشن گروپ’ ( ٹی آی جی ) کی، نائب صدر ہیں۔
اس سفر کے دوران انہوں نے ریاست ٹیکسس کے شہر، آسٹن میں اپنے آپ کو ایک لیڈر کی حیثیت سے منوایا۔ گریٹر آسٹن کے ایشیائی چیمبر آف کامرس کی شریک بانی کی حیثیت سے، وہ چھوٹے کاروباروں کے بین الاقوامی مالکان اور سرمایہ کاروں کو ایک ایسی امریکی ریاست کی طرف راغب کرنے میں معاونت کرتی ہیں جو پہلے ہی اُن 1,400 کمپنیوں کا مسکن ہے جن کے ہیڈ کوارٹر امریکہ سے باہر ہیں۔
اُن کا کہنا ہے، ” کسی عالمی کاروبار کے لیے امریکہ آنا ایک اچھا خیال ہی نہیں، بلکہ لازمی ہے۔”
مشاورتی کردار
ٹی آئی جی، فارچون 500 کمپنیوں سے لے کر سابق فوجیوں، عورتوں اور اقلیتوں کی ملکیت چھوٹی چھوٹی کمپنیوں کو پیش آنے والے آئی ٹی اور نظاموں کی مربوطی کے مسائل کے حل پیش کرتی ہے۔ امریکہ، کینیڈا اور چین میں اس کے 25 دفاتر ہیں اور پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ٹیکنالوجی کی بڑی بڑی کمپنیوں کے ساتھ اس کی شراکت کاریاں ہیں۔
میکگوائر امریکہ کی سرمایہ کاری سے متعلق مشاورتی کونسل کے 16 کاروباری ایگزیکٹوز میں بھی شامل ہیں۔ یہ کونسل سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو امریکہ کی طرف راغب کرنے اور یہاں پر پہلے سے موجود بین الاقوامی کمپنیوں کو اپنا کاروبار پھیلانے کی حوصلہ افزائی کرنے سے متعلق وزیر تجارت، وِلبر راس کو مشورے دیتی ہے۔
USG Pavilion at #SelectUSASummit: Fed. #Investment Resources at Your Fingertips https://t.co/VvcryEq8Jy
— SelectUSA (@SelectUSA) June 6, 2017
میکگوائر محکمہ تجارت کی سلیکٹ یو ایس اے کی سرمایہ کاری کی سالانہ کانفرنس میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیرملکی سرمایہ کار امریکہ کے سرکاری اہلکاروں کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں اور اپنے ساتھیوں کی زبانی امریکہ میں برانچیں کھولنے یا نئے کاروباروں سے متعلق اُن کے تجربات سنتے ہیں۔
میکگوائرکا کہنا ہے کہ گزشتہ کانفرنسوں میں اُن کی “نئے کاروباری شراکتداروں، سرپرستوں، گاہکوں اور یقیناً، اپنے دوستوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔”
امریکہ کا ماضی کا ریکارڈ
وہ کہتی ہیں کہ سرمایہ کار فورڈ کے 20ویں صدی کے اوائل کے ٹی ماڈل سے لے کر آج کے آئی فون تک پھیلے ہوئے امریکہ کے جدت طرازی کے ریکارڈ کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ یہاں کا کاروباری ماحول انفرادی تخلیق اور ہنرمندی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
میکگوائر کہتی ہیں، “میں ایک ایسے نظام میں پلی بڑھی جہاں لوگ اوپر سے نیچے آتے ہیں۔” مگر امریکی نظام میں “خطرات مول لینے والی ایک ایسی افرادی قوت پنپتی ہے جو غلطیاں کرنے، جدت پیدا کرنے اور دنیا کو تبدیل کرنے کے لیے تیار رہتی ہے۔”
2017 کی سلیکٹ یو ایس اے سربراہی کانفرنس 18 تا 20 جون، واشنگٹن کے دریائے پوٹامِک کے اُس پار میری لینڈ کے ایک کنونشن سنٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ یہ کانفرنس سرمایہ کاروں سے میل جول اور کاروباروں کے مالکان کو امریکہ بھر میں اپنے کاروباروں کو پھیلانے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد کرے گی۔