حقائق جاننے والے مشن کے سامنے آنے والے نتائج کے مطابق چیچنیا میں ‘ ڈرانے دھمکانے کی فضا’

ڈوبتے ہوئے سورج کے پس منظر میں ہلتے ہوئے ہاتھ۔ (© Jacob_09/Shutterstock)
(© Jacob_09/Shutterstock)

روسی فیڈریشن کی جمہوریہِ چیچنیا میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں حقائق معلوم کرنے والے ایک مشن کے سامنے آنے والے نتائج کے مطابق چیچین حکام ہولناک تشدد اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔

مشن کے نتائج 20 دسمبر کو یورپ کی سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) کے سامنے پیش کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے، ” شہادتوں سے روسی فیڈریشن کی چیچن جمہوریہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کی واضح تصدیق ہوگئی ہے۔” او ایس سی ای شمالی امریکہ، یورپ اور یوریشیائی ممالک کے 57 ممالک پر مشتمل ہے۔

مشن کے سامنے آنے والے حقائق میں من مانی یا غیرقانونی گرفتاریاں یا حراستیں، ہم جنس پرست عورتوں اور مردوں، دو جنسی افراد، مختلف جنسی رجحانات کے حامل افراد، اور مشترکہ جنسی رجحانات کے حامل افراد [یعنی ایل جی بی ٹی آئی افراد] کی عدالتی نظام سے ماورا ہلاکتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صحافیوں اور سول سوسائٹی کے متحرک کارکنوں کے خلاف “ڈرانے دھمکانے کی ایک بگڑتی ہوئی فضا” بھی انہی نتائج میں شامل ہے۔

ٹوئٹر کا ترجمہ

#MoscowMechanism کی رپورٹ میں #Russia کی جمہوریہ #Chechnya میں “ہراساں کیے جانے اور ظلم و زیادتیوں، من مانی یا غیرقانونی گرفتاریوں یا حراستوں، تشدد، جبری گمشدگی اورعدالتی نظام سے ماورا ہلاکتوں” کی واضح انداز میں تصدیق ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، روسی حکومت “متاثرین کی بجائے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کی حمایت کرتی ہوئی نظر آتی ہے” اور “چیچنیا کی سنگین صورت حال” سے نمٹنے “کی اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا نہیں ہوئی۔”

محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاڈینو نے ایک بیان میں کہا، “بین الاقوامی قانون، او ایس سی ای میں کیے گئے وعدوں، اور روسی فیڈدریشن کے اپنے آئین کے مطابق، روسی فیڈریشن سے ہمارا یہ کہنا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے اندر انسانی حقوق کی حفاظت کرے۔”

‘ماسکو میکنزم’ [ماسکو طریقہ کار] کہلانے والے اور شاذ و نادر بروئے کار لائے جانے والی ایک سفارتی شق کو استعمال کرتے ہوئے امریکہ اور او ایس سی ای کے دیگر ممالک نے حقائق معلوم کرنے والا مشن تشکیل دیا تھا۔ ماسکو میکنزم کی شق انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کے لیے مختص ہے۔