اگر 2008ء میں کاروباری تنظیم کاروباری کے پہلے ہفتے کے منتظمین سٹاک بیچنے کے قابل ہوتے تو آج  وہ بہت ہی امیر ہوتے۔

کاروبار کو بالکل نئی بنیادوں سے شروع کرنے والے ایسے مہم جو لوگوں کی تحسین کا وہ پروگرام ایک عالمی عمل کی صورت اختیار کر گیا ہے جو  14 تا 20 نومبر کے ہفتے کے دوران 160 سے زائد ممالک میں ترتیب دیا گیا ہے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ کاروبار شروع کرنے کی بہترین تجاویز کے لیے جو 35,000 پروگرام، سرگرمیاں اور مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں ان میں 1 کروڑ لوگ شریک ہوں گے۔

ان لاتعداد پروگراموں کو مربوط کرنے والی تنظیم کے بانی اور صدر، جوناتھن اورٹمینز کا کہنا ہے، “دنیا کو زیادہ کاروباری تنظیم کاروں کی ضرورت ہے۔” ان پروگراموں کا اہتمام مقامی اور قومی کاروباری تنظیمیں اور اقتصادی ترقی کے ادارے کرتے ہیں۔

وہ شرکاء کو نیٹ ورکوں میں شامل ہونے کے مواقع فراہم کرتی ہیں، صلاح کار اور سرمایہ کار تلاش کرکے دیتی ہیں، اور کسی ایسے بوٹ کیمپ میں تجربے کا موقع فراہم کرتی ہیں جن میں لوگ نئے کاروبار کو شروع کرنے کے طریقے سیکھتے ہیں۔

اورٹمینز کہتے ہیں، “کاروباری تنظیم کاری اب کوئی ایسا شعبہ نہیں رہا جس کی محض معمولی سی تجارتی اہمیت ہو”۔ یہ مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی اور انہیں صارفین تک پہنچانے کے نئے طریقے معلوم کرنے میں شہریوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے”دنیا کو ایک بہتر جگہ بنا سکتا ہے۔”

کینسس سٹی، مزوری میں واقع  یوونگ میرین کوفمین فاوًنڈیشن نے اس جشن کو شروع کرنے میں مدد کی۔ یہ فاوًنڈیشن تاحال اس کی سب سے بڑی سپانسر ہے۔

اس پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت آئرلینڈ کے شہر کارک میں 18 تا 20 نومبر کو  ہونے والی نئے کاروبار شروع کرنے والے ممالک کی کانفرنس ہوگی۔ اس میں کاروباری تنظیم کاروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ درجنوں ممالک کی پالیسی ساز شخصیتیں، کاروباری تنظیم کاری کی حوصلہ افزائی کےنئے طریقوں میں اشتراکِ عمل کرنے کی خاطر اکٹھی ہوں گی۔ کارک جو آئرلینڈ کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے، نئے کاروباری اداروں کے قیام میں بہت سرگرم ہے۔ اس اعلیٰ سطحی کانفرنس میں ایک بوٹ کیمپ بھی شامل ہوگا — جس میں ورکشاپیں، مشق کرنے کے اجلاس اور نئے کاروباری تنظیم کاروں کو کام کے طریقوں کے بارے میں مشورے دینے کے اجلاس شامل ہوں گے۔ یہ تمام سرگرمیاں کارک کی بندرگاہ کے قریب سپائک نامی جزیرے پر اس عمارت میں ہوں گی جو کبھی جیل ہوا کرتی تھی۔

ایک اور بڑا پروگرام INCmty  ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ “لاطینی امریکہ میں کاروباری تنظیم کاری کا سب سے بڑا میلہ ہے۔”  یہ میلہ میکسیکو کے شہر مونٹیرے میں 17 تا 19 نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔ ورجن گروپ کے بانی اور کاروباری تنظیم کار، رچرڈ برینسن اس کے سرپرست اعلٰی ہوں گے۔

کاروباری تنظیم کاری کا یہ جشن، سالانہ منائے جانے والے ہفتے کی تقریبات کے ساتھ ختم نہیں ہوجاتا۔ ہر سال موسمِ بہار میں ہزاروں کاروباری تنظیم کار اور پالیسی سازعالمی کاروباری تنظیم کاری کی کانگریس کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

آخری بار یہ عالمی کانگریس کولمبیا کے شہر میڈیلین میں منعقد ہوئی تھی۔ یہ وہ شہر ہے جس پر کبھی منشیات کے کاروبار کا غلبہ تھا۔ مگر اب یہ ملک کی اقتصادی ترقی کا گڑھ  بن چکا ہے۔ اگلی کانگریس 13 تا 16 مارچ، 2017 کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقد ہوگی۔