وائٹ ہاؤس میں کرسمس کے رنگ نظر آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر امریکی ورثے کی نمائندگی کرنے والے حب الوطنی کے گونا گوں تصورات پر مبنی — جنہیں امریکی خزینوں کا نام دیا گیا ہے — سجاوٹوں کو ترتیب دیا ہے۔ اِن سجاوٹوں کو ان دنوں دیکھا جا سکتا ہے۔
دسمبر میں وائٹ ہاؤس میں ایک سو سے زائد اوپن ہاؤسوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ کئی ایک ظہرانوں میں مہمانوں کی میزبانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہوائٹ ہاؤس دیکھنے کے لیے 30,000 سے زائد افراد آئیں گے۔
مہمان ایسٹ ونگ میں امریکی فوجیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ‘گولڈ سٹار’ فوجی گھرانوں کی طرف سے سجایا جانے والا ‘گولڈ سٹار فیملی ٹری’ دیکھیں گے۔ مہمانوں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ ڈیجیٹل ٹیبلٹ استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک تعینات اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھجوائیں۔

ایسٹ روم میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے نیویارک سٹی، سینٹ لوئیس، شکاگو اور سان فرانسسکو کے چار فضائی مناظر کو آتش دان کے اوپر کارنس پر سجا کر امریکی فن تعمیر اور ڈیزائن کے تنوع اور ہنرمندی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

شوخ سرخ رنگ کے تراشے ہوئے درختوں کی قطاروں سے ستونوں والے مشرقی برآمدے کو سجایا گیا ہے۔ ان درختوں کا رنگ شجاعت اور حب الوطنی کی نمائندگی کرتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر سال تیار کی جانے والی ادرک کی ڈبل روٹی کے بغیر وائٹ ہاؤس کی کرسمس مکمل نہیں ہوتی۔ سال 2018 کا مکمل نمونہ نیشنل مال، کانگریس کی عمارت، لنکن کی یادگار، جیفرسن کی یادگار، واشنگٹن کی یادگار اور وائٹ ہاؤس کی عمارت پر مشتمل ہے۔

وائٹ ہاؤس کے سرکاری ‘کرسمس ٹری’ کو بلیو روم میں رکھا گیا ہے جہاں اسے نیلے رنگ کے مخملیں ربن میں لپیٹا گیا ہے۔ ربن پر امریکہ کی ہر ایک ریاست اور اس کے علاقوں کے نام سونے سے کڑھے ہوئے ہیں۔

خاتون اول نے کہا، “کرسمس کے تہوار کے موقع پر جب ہم وائٹ ہاؤس کو سجاتے ہیں تو سال کا یہ وقت خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ اس سال کے مرکزی خیال سے امریکی عوام کے دل اور روح کی تکریم کی گئی ہے۔ میں اپنے گھرانے کی طرف سے، سب کے لیے ایک انتہائی پُرمسرت کرسمس او خوشیوں بھرے نئے سال کی تماناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔”