کمبل اوڑھانے کی تقریب کے ساتھ اوباما کی صدارتی عہد کی آخری آبائی امریکیوں کی کانفرنس کا اختتام

وائٹ ہاؤس کی قبائلی اقوام کی آٹھویں کانفرنس کے دوران قبائلی رہنماوًں نے صدر اوباما کو کمبل پیش کرکے عزت افزائی کی۔ یہ صدر کی اپنے صدارتی عہد کی آخری کانفرنس تھی۔

صدر نے کہا کہ اُنہیں ” ہم نے اکٹھا مل کر  جو کام کیا ہے اُس پر فخر ہے۔”

  حاصل کی گئی کامیابیوں میں  قبائلی علاقوں کی 428,000 ایکڑ یا 173,000 ہیکٹر زمین کی اصلی مالکان کو واپسی، صاف توانائی کے منصوبوں کی منظوری اور آبائی امریکی کمیونٹیوں میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ میں سرمایہ کاری شامل ہے۔

اپنی تقریر سے قبل اوباما نے ایک روایتی اعزازی تقریب میں شرکت کی جس میں انہوں نے ایک رنگ برنگا کمبل اوڑھا اور مخروطی شکل کی ٹوپی پہنی۔ اوباما نے ٹوپی پوری تقریب کے دوران نہیں پہنے رکھی۔ انہوں نے اس تقریب کو ” اُس عظیم  دوستی” کی ایک جذباتی علامت قرار دیا جو “ہم نے آپس میں بنائی ہے۔”

امریکی انڈینوں کی قومی کانفرنس کے صدر، برائن کلیڈوزبی نے کہا کہ قبائل، صدر اوباما کی آبائی امریکیوں کے ساتھ اپنے عہدہِ صدارت کے دوران یکجہتی کا   “شکریہ ادا کرنا اور احترام کرنا” چاہتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ 2013ء میں آبائی امریکیوں کے امور پر وائٹ ہاؤس کی کونسل کے قیام سے ایک ایسا مستقل ادارہ وجود میں آچکا ہے جس کی طویل مدتی اور کابینہ کی سطح کی توجہ امریکی انڈینوں پر مرکوز رہے گی۔

اوباما نے کہا، “میں نے آپ کی بات سنی، میں آپ سے ملا۔ اور مجھے امید ہے کہ میں نے آپ کے لیے درست اقدامات اٹھائے۔ اور مجھے امید ہے کہ میں نے ایک ایسی سمت کا تعین کیا ہے جس کی دوسرے لوگ پیروی کریں گے۔”

اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس سے استفادہ کیا گیا ہے۔