2013ء میں نئے ٹیکنیکل کاروبار شروع کرنے والے ایک درجن افراد نے دنیا بھر کا بحری سفر کیا۔ ان کے ساتھ صلاح کار اور سرمایہ کار بھی تھے جو ان کے کاروبار کی ترقی میں، اور دوسروں کی بھلائی کے کاموں میں مدد دینے کو تیار تھے۔
سمندر سے کاروبار کی سرعتی ترقی کا محرک یہ امید ہے کہ جب چھوٹے چھوٹے کاروبار ترقی کریں گے، تو ان سے ترقی پذیر ممالک میں سماجی مسائل، صحت اور ماحولیاتی دشواریوں پر توجہ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

The Unreasonable Group یا “انریزن ایبل گروپ” یعنی نامعقول گروپ یہ سمجھتا ہے کہ غربت یا بیماری کے خاتمے کے لیے، بہترین حکمت عملی یہ نہیں ہے کہ عطیات اور چندوں سے ملنے والی رقوم پر انحصار کیا جائے۔
انریزن ایبل کے بانی ڈینیئل ایپسٹین کا خیال ہے کہ ایسی کمپنیاں جو منافع کمانے کے لیے کام کرتی ہیں، ان کمپنیوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کر سکتی ہیں جن کا مقصد منافع کمانا نہیں ہوتا۔ انریزن ایبل کمپنی امریکہ میں واقع ہے لیکن یہ ساری دنیا میں منافع کی بنیاد پر کام کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔
انریزن ایبل کی ڈیجیٹل اشاعت کی عالمی ایڈیٹر، بریٹنی لین کہتی ہیں کہ کاروباری ادارے فلاحی اداروں کے مقابلے میں غریبوں کی کہیں زیادہ بڑی تعداد تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، اور اس عمل میں وہ بہترین مصنوعات اور خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔

انریزن ایبل کی حکمت عملی یہ ہے کہ ترقی پذیر دنیا کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے کاروباری اداروں کا تعلق، صلاح کاروں، سرمایہ کاروں اور ایک دوسرے کے ساتھ قائم کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے، اور اپنی اپنی مہارتوں میں ایک دوسرے کو شریک کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
لین کہتی ہیں کہ بعض اوقات بہترین صلاح کار اور خیالات ایسی صنعتوں میں پائے جاتے ہیں جن کا آپس میں کوئی ربط نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر، گرل ایفیکٹ ایکسلریٹر یعنی ترقی کی رفتار پر لڑکیوں کا اثر اور پراجیکٹ لٹریسی لیب یعنی خواندگی کے پراجیکٹ کی تجربہ گاہ، عام حالات میں لڑکیوں کو بااختیار بنانے پر یا خواندگی پر کام نہیں کرتے۔ لیکن ایسی کمپنیاں جو آلودگی سے پاک، کم قیمت والی بجلی یا روشنی پہنچانے والی مصنوعات فروخت کرتی ہیں، ایسی جگہوں پر خواندگی میں اضافہ کر سکتی ہیں جہاں لڑکیاں ایندھن کے لیے لکڑیاں جمع کرنے میں بہت زیادہ وقت صرف کرتی ہیں۔
انریزن ایبل ایک ایسے تجربے کی حیثیت سے باقی رہنا چاہتی ہے جس پر کام ہو رہا ہے۔ اس کمپنی کو امید ہے کہ مختلف پروگراموں اور طریقوں کو آزما کر، وہ ایسے کاروباری منتظمین کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہے جو اپنے مسائل بہترین انداز سے حل کر سکتے ہیں — یعنی ایسے کاروباری منتظم جو ابھرتی ہوئی منڈیوں کی دشواریوں سے نہیں گھبراتے اور مسائل کو حل کرنے اور پیسہ کمانے کے لیے پُر عزم ہیں۔
ایپسٹین کا کہنا ہے کہ ایسے کاروباری منتظمین جو دنیا کو بدلنا چاہتے ہیں، ان کے لیے کسی حد تک دیوانہ ہونا ضروری ہے۔