امریکہ، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل کواڈ یعنی چہار فریقی شراکت کاری، بحرہند و بحرالکاہل کے خطے میں جمہوریت کا دفاع اور خوشحالی کو فروغ دینے کا عزم کیے ہوئے ہے۔
کواڈ کے شراکت کار، کووڈ-19 عالمی وبا سے لے کر آب و ہوا میں تبدیلی، سمندری سلامتی اور بحرہند و بحرالکاہل کے خطے میں قانون کی حکمرانی تک چیلنجوں کا مل کر سامنا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن 11 فروری کو ملبورن، آسٹریلیا میں کواڈ کے چوتھے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ آسٹریلوی وزیر خارجہ، ماریس پین، بھارتی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر اور جاپانی وزیر خارجہ ہایاشی یوشی ماسا سے ملاقت کریں گے۔
وہ کووڈ-19 وبا کے بارے میں کواڈ کے اجتماعی ردعمل، جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی مرکزیت اور آسیان کی قیادت میں ترتیب پانے والے ڈھانچے کے لیے کواڈ کی غیر متزلزل حمایت، اور علاقائی چیلنجوں پر کواڈ کے تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ علاقائی چیلنجوں میں انسانی امداد اور آفات کے ردعمل، سمندری سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، سائبر سکیورٹی اور غلط معلومات کے انسداد کی کوششیں بھی شامل ہیں۔
12 مارچ کو صدر بائیڈن نے اپنے ہم منصبوں، جاپان کے تب کے وزیراعظم یوشی ہیڈا سوگا، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن کے ہمراہ کواڈ کے لیڈروں کے پہلے اجلاس میں شرکت کی۔
بائیڈن نے 24 ستمبر 2021 کو وائٹ ہاؤس میں کواڈ کے رہنماؤں کے پہلے شخصی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری، جین ساکی نے کہا، ” بائیڈن – ہیرس انتظامیہ نے کواڈ کو اگلی سطح پر لے جانے کو ایک ترجیح بنایا ہے۔ کواڈ کے رہنماؤں کی میزبانی سے بائیڈن – ہیرس انتظامیہ کی بحرہند و بحرالکاہل میں مل کر کام کرنے کی ترجیح کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔ [اس میں] نئی کثیرالجہتی صورتوں کے ذریعے اکیسویں صدی کے چیلنجوں سے نمٹنا بھی شامل ہے۔”
یہ کواڈ 2004ء کے زلزلے اور بحرہند میں سونامی کے سلسلے میں چار جمہوریتوں کی انسانی بنیاد پر کی جانے والی امدادی کوششوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔
حالیہ برسوں میں شراکت کار ممالک کے عہدیدار سمندری سلامتی، سائبر سے متعلقہ خدشات، گمراہ کن معلومات کا سدباب، انسداد دہشت گردی، ترقیاتی امداد اور آفات کی صورت میں انسانی امداد جیسے مسائل کے بارے میں صلاح مشورے کرتے چلے آ رہے ہیں۔
فروری 2021 میں ہونے والے کواڈ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے برما میں جمہوریت بحال کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ ماریس پین نے حال ہی میں کواڈ کے بارے میں کہا: “ہم آزد خیال جمہوریتوں کا اہم نیٹ ورک ہیں جو اپنے خطے کو ایک ایسی تزویراتی حکمت عملی کا انتخاب کرنے میں تعاون کر رہا ہے جو تمام ریاستوں کی لچک اور خودمختاری کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات پر توجہ دے گی۔”
یہ مضمون ایک مختلف شکل میں 21 ستمبر 2021 کو بھی شائع کیا جا چکا ہے۔