مجسمہ آزادی کے سامنے سے گزرتا ہوا بحری جہاز۔ (© Mike Segar/Reuters)
30 مارچ کو نیویارک کی بندرگاہ میں داخل ہوتے ہوئے یو ایس این ایس کمفرٹ کو مجسمہ آزادی خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ (© Mike Segar/Reuters)

امریکہ اپنے شہریوں کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات ایک منفرد طریقے سے پوری کر رہا ہے۔ یو ایس این ایس مرسی اور یو ایس این ایس کمفرٹ نامی امریکی بحریہ کے ہسپتالوں والے دو بحری جہاز لاس اینجلیس اور نیویارک کی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہیں اور اب سویلین مریضوں کا علاج معالجہ کر رہے ہیں۔

ہسپتالوں کی گنجائش میں یہ اضافہ کورونا وائرس (کووِڈ-19) کی وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کی ” پورے امریکہ کی سوچ ” کا ایک حصہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے 28 مارچ کو یو ایس این ایس کمفرٹ کو تعینات کیے جانے کےموقع پر کہا، “ہم اس وائرس کو شکست دینے کے لیے امریکی قوم کی پوری معاشی، سائنسی، طبی اور فوجی طاقت کو بروئے کار لا رہے ہیں۔”

ڈونلڈ ٹرمپ ڈائس کے پیچھے کھڑے تقریر کر رہے ہیں اور ان کے پیچھے ایک بحری جہاز کھڑا ہے۔ (© Patrick Semansky/AP Images)
صدر ٹرمپ مکمل طور پر طبی سہولتوں سے لیس، یو ایس این ایس کمفرٹ کو نیویارک روانہ کرنے سے قبل نارفوک، ورجینیا میں۔ وزیر دفاع مارک ایسپر دائیں طرف کھڑے ہیں۔ (© Patrick Semansky/AP Images)

ہر جہاز پر 1000 بستروں کا ہسپتال، مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والا مکمل عملہ، آپریشن کرنے کے کمرے، جدید آلات اور طبی سامان موجود ہے۔ 180 سے زیادہ نیوی ریزرو کے طبی پیشہ ور افراد نے اپنے ضرورت مند ہموطنوں کی خدمت کرنے کے لیے اپنے آپ کو رضاکارانہ طور پر پیش کیا۔

امریکہ اس سے قبل غیر ملکی شہریوں کی، تباہی کے موقعوں پر اور انسانی بنیادوں پر مدد کرنے کی خاطر ہسپتال والے بحری جہازوں کو تعینات کر چکا ہے۔ مثال کے طور پر یو ایس این ایس مرسی نے جنوب مشرقی ایشیا میں 2004 میں آنے والے سونامی کے متاثرین کی دیکھ بھال کی جبکہ 2010ء میں ہیٹی میں آنے والے زلزلے کے بعد یو ایس این ایس کمفرٹ نے ہیٹی کے شہریوں کی مدد کی۔

سورج طلوع ہونے کے وقت بندرگاہ پر کھڑا ایک جہاز۔ (© APU GOMES/AFP/Getty Images)
لاس اینجلیس، کیلی فورنیا میں لنگر انداز یو ایس این ایس مرسی پر طبی عملے کے 1,200 افراد کام کر سکتے ہیں۔ (© APU GOMES/AFP/Getty Images)

ٹرمپ نےہسپتالوں والے جہازوں کو کیلی فورنیا اور نیویارک میں تعینات کیا کیونکہ ان امریکی ریاستوں کو کووِڈ-19 کی وبا کا سامنا ہے۔ اِن ریاستوں کا شمار امریکہ کی اُن ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں یہ وبا سب سے زیادہ پھیل چکی ہے۔ مقامی ہسپتالوں کو خدشہ ہے اُن کے ہاں مریضوں کے لیے طبی سہولتوں کی بہت زیادہ کمی پڑ جائے گی۔

ٹرمپ نے کہا، “اُن (اپنے ہموطنوں) کی ضرورت کے لمحات میں اپنے ملک کے لوگوں کی صحت … کی حفاظت کرنے سے ہم کبھی بھی نہیں رکیں گے۔”

یو ایس این ایس مرسی کو لاس اینجلیس میں اور یو ایس این ایس کمفرٹ کو نیویارک سٹی میں تعینات کیا گیا ہے۔ ہر جہاز کووِڈ-19 کے علاوہ دوسرے مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کر کے مقامی ہسپتالوں پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرے گا۔

ٹرمپ نے 26 مارچ کو کہا، “ہر امریکی کو اُس حیرت انگیز جذبے پر فخر کرنا چاہیے جو ہمارے ملک کی ” کورونا وائرس کے خلاف “اس کوشش کے پیچھے کار فرما ہے۔ اس لڑائی کا پانسہ پلٹنے کے لیے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد متحد ہو گئے ہیں۔”