انسانی امداد اور دنیا میں صحت کے ساتھ امریکی وابستگی کو مزید آگے بڑہاتے ہوئے، امریکہ نوول کورونا وائرس (کووِڈ-19) کے خلاف جنگ میں دنیا کے درجنوں ممالک کو تقریباً 274 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے 26 مارچ کو اس رقم کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسے امریکہ کی دنیا میں کووِڈ-19 کے خلاف جاری جنگ میں “ابتدائی سرمایہ کاری” قرار دیا۔
پومپیو نے کہا، “اندرونِ ملک اور بیرونی ممالک میں امریکی حکومت تیزی سے کووِڈ-19 عالمی وبا کے ردعمل میں بےمثل وسائل کو تیزی سے بروئے کار لائی ہے۔ آج کی نئی رقم عالمی صحت اور انسانی بنیادوں پر دی جانے والے امداد میں دہائیوں پر پھیلی امریکی قیادت کو مزید آگے بڑہاتی ہے۔”
I am pleased to announce the U.S. has made available nearly $274 million in emergency health and humanitarian funding. Our leadership in the #coronavirus response is another example of how America continues to be the world’s greatest humanitarians.
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) March 26, 2020
نئے وعدوں سے دنیا کے ایسے 64 ممالک کو مدد ملے گی جن کو سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔ اِن میں سے 110 ملین ڈالر اس تباہی میں امدادی سامان اور سہولتوں پر خرچ کیے جائیں گے جن میں صحت کی ضروری سہولتیں، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت، اور انسانی ضروریات کی دیگر اشیا کی فراہمی شامل ہے۔ اس کا مقصد اس وبا سے متعلقہ ممالک کی معیشتوں، سلامتی اور عوام کی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کو کم کرنا ہے۔
امریکہ نے اقوام متحدہ کے پناہگزینوں کے ہائی کمشنر کے لیے بھی 64 ملین ڈالر کا اعلان کیا ہے تاکہ اس عالمی وبا کے دوران دنیا کے کمزور ترین لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
فروری میں محکمہ خارجہ نے کووِڈ-19 کا مقابلہ کرنے کے لیے کی جانے والی عالمگیر کوششوں میں مدد کرنے کے لیے 100 ملین ڈالر کا وعدہ کیا۔ 6 مارچ کو صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کے سلسلے میں ایک امدادی پیکیج کے قانون پر دستخط کیے جس میں اس عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کی خاطر دنیا کے ممالک کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔
حالیہ وعدے اُس 170 ارب ڈالر کی امداد کے علاوہ ہیں جو امریکہ کے ٹیکس دہندگان 2009 کے بعد سے لے کر اب تک دنیا بھر میں صحت اور انسانی بنیادوں کے سلسلے میں کی جانے والی مدد کے لیے مہیا کرچکے ہیں۔
امریکی عوام کا متعدی بیماریوں سے نمٹنے کا عزم امریکی حکومت کی طرف سے دی جانے والی مالی امداد سے کہیں بڑھکر ہے۔ امریکہ کی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) نے چین کو زندگی بچانے والی ادویات اور سامان کی فراہمی سمیت دنیا بھر میں طبی سامان اور رضاکار بھیجے ہیں۔ مزید برآں، امریکہ کے خوراک اور ادویات کے ادارے کے ساتھ مل کر متعدد امریکی کمپنیاں اس وبائی بیماری کی روک تھام کے لیے ٹیسٹنگ کٹیں، علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں۔
پومپیو کہتے ہیں کہ امریکہ نئے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی قیادت کرنا جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا، “1.5 ارب ڈالر سے زائد کے عطیات اور امریکی کاروباروں، این جی اوز، اور رفاہی تنظیموں اور بیرون ملک امدادی کام کرنے والے شراکت داروں کے ناقابل یقین حد تک جاری کاموں کے ذریعے، ہم واقعتا اس مہلک وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک قوم کی حیثیت سے متحرک ہو چکے ہیں۔”