کووڈ-19 کے خاتمے کے لیے امریکہ کی طرف سے عالمی گروپوں کے لیے 580 ملین ڈالر کی رقم

یونیسیف کا ایک ورکر اُن ڈبوں کی جانچ پڑتال کر رہا ہے جن پر امریکی پرچم اور لفظ 'کوویکس' لکھا ہوا ہے۔ (© Brian Inganga/AP Images)
یونیسیف کا ایک ورکر 23 اگست کو نیروبی، کینیا میں کووڈ-19 کی ماڈرنا ویکسین کے پہنچائے جانے کے بعد ویکسین کے ڈبوں کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ (© Brian Inganga/AP Images)

امریکہ دنیا بھر میں کووڈ-19 کے خاتمے کے لیے سات کثیرالجہتی تنظیموں کو 580 ملین ڈالر کی رقم فراہم کر رہا ہے۔

اس فنڈنگ  سے اقوام متحدہ کی اُن تنظیموں کی مدد کی جائے گی جو کووڈ-19 ویکسین کی فراہمی میں مدد کر رہی ہیں، صحت عامہ کی سہولتوں کو مضبوط بنا رہی ہیں اور وبائی امراض کے سماجی اور اقتصادی اثرات سے نمٹنے کا کام کر رہی ہیں۔

وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے اس نئی فنڈنگ کا اعلان 21 دسمبر کو وزرائے خارجہ اور علاقائی تنظیموں کے نمائندوں کے ایک ورچوئل اجلاس سے قبل کیا۔ یہ اجلاس کووڈ-19 کی نئی شکل، اومیکران سے نمٹنے کے لیے عالمی ردعمل کو تقویت پہنچانے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

بلنکن نے کہا، “اگرچہ ہم یہ جانتے ہیں کہ اس وبائی مرض کو ختم کرنے میں مدد کے لیے ویکسینیں ایک اہم پہلو ہیں تاہم ہمیں ٹیسٹنگ اور نگرانی کو بڑھانے، زندگی بچانے والے آلات اور وسائل ایسے لوگوں تک پہنچانے پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔ اور [ہمیں] اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ سب سے زیادہ زد پذیر لوگوں کو ویکسینیں لگانے کے مقامات تک رسائی حاصل ہو۔”

 فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کووڈ-19 کے کثیرالجہتی شراکت کاروں کے لیے نئی فنڈنگ کا تصویری خاکہ۔ State Dept./M. Gregory)
(State Dept./M. Gregory)

بین الاقوامی تنظیموں کی شراکت سے امریکہ  پہلے ہی 110 سے زائد ممالک کو ویکسین کی 340 ملین سے زائد خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔ فراہم کردہ خوراکیں اُن 1.2 ارب سے زائد خوراکوں کا حصہ ہیں جن کا امریکہ نے دنیا سے غیرمشروط طور پر فراہمی کا وعدہ کر رکھا ہے۔

نئی فنڈنگ سے کووڈ-19 کے بین الاقوامی ردعمل میں صحت اور انسانی بنیادوں پر مہیا کی جانے والی امریکی امداد 19.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

بلنکن نے دوسرے ممالک پر بھی دنیا بھر میں کووڈ-19 کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمیں مل کر کام کرنے کے ساتھ ساتھ اس وبائی مرض کو تیزی سے ختم کرنے کے لیے بھی کام کرنا چاہیے۔”

کثیر الجہتی شراکت کاروں کے لیے نئی امریکی فنڈنگ میں مندرجہ ذیل رقومات شامل ہیں:-

  • ٹیسٹنگ، نگرانی اور صحت کی سہولتوں کی خاطر صحت کے عالمی ادارے کے لیے 280 ملین ڈالر ۔
  • کووڈ-19 کی ویکسینوں اور طبی آلات کی ترسیل کو وسعت دینے اور تعلیم پر وبائی امراض کے اثرات کو کم کرنے کی خاطر یونیسیف کے لیے 170 ملین ڈالر۔
  • امریکی براعظموں میں کووڈ-19 کی ویکسینیں لگانے اور اس وبا پر نظر رکھنے کی خاطر صحت کی بین الامریکی تنظیم کے لیے 75 ملین ڈالر۔
  • اس وبا کے اقتصادی اثرات سے نمٹنے کی خاطر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی ملازمتیں فراہم کرنے کی خدمات اور دیگر کاوشوں کے لیے 20 ملین ڈالر۔
  • ورکروں کی صحت کی حفاظت کرنے اور اور تولیدی اور زچہ و بچہ کی صحت کی محفوظ سہولتیں فراہم کرنے کی خاطر اقوام متحدہ کے آبادی کے فنڈ کے لیے 20 ملین ڈالر۔
  • جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں کی نگرانی اور فوری انتباہی نظام کو بہتر بنانے کی خاطر خوراک و زراعت کے ادارے کے لیے 10 ملین ڈالر۔
  • اس وبا کے دوران صنفی بنیادوں پر کیے جانے والے تشدد کو روکنے کے پروگراموں سمیت، عورتوں اور لڑکیوں کی مدد کرنے کی خاطراقوام متحدہ کی خواتین کے لیے 5 ملین ڈالر۔

بلنکن نے نئی فنڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ” کووڈ-19 نہ صرف صحت کا بحران ہے، بلکہ یہ سکیورٹی، اقتصادی، انسانی اور ترقیاتی بحران بھی ہے۔ وسائل [کی یہ فراہمی] صحت مند اور زیادہ محفوظ دنیا کے ساتھ امریکہ اور امریکی عوام کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔”