ونسنٹ وان گاگ کا
ونسنٹ وان گاگ کے "دا سٹاری نائٹ" (تاروں بھری رات) نامی فن پارے کا شمار اُن فن پاروں میں ہوتا ہے جن کی ورچوئل نمائش کی جا رہی ہے۔ (© Art Images/Getty Images)

ایسے میں جب کورونا وائرس کی وبا نے لوگوں کو گھروں میں بند ہونے پر مجبور کر دیا ہے، امریکہ کے عجائب گھر دنیا کے مشہور فن پاروں کو آن لائن ڈال رہے ہیں تاکہ سب لوگ انہیں دیکھ سکیں۔

عوام نے اس میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ٹکنالوجی کی امریکی کمپنی گوگل نے حال ہی میں 2020ء میں سب سے زیادہ ‘سرچ’ (تلاش) کی جانے والی اصطلاحات کے بارے میں بتایا۔ اِن اصطلاحات میں پہلے نمبر پر”ورچوئل” اور دوسرے نمبر پر “عجائب گھروں کی ورچوئل نمائشیں” تھیں۔

ذیل میں دی گئی آرٹ کی وہ پانچ نمائشیں ہیں جنہیں ہر کوئی گھر بیٹھے دیکھ سکتا ہے:-

 بل کھاتی راہداری اور دیوار پر لگائی گئی مصوروں کی تصویر (© David Heald/Solomon R. Guggenheim Foundation)
نیویارک کے سولومن آر گوگنہائیم عجائب گھر میں فن پاروں کا تھن ہاؤزر مجموعہ جس میں پال سیزین کا “سٹِل لائف: فلاسک، گلاس، اینڈ جگ” نامی فن پارہ بھی شامل ہے۔ (© David Heald/Solomon R. Guggenheim Foundation)

سولومن آر گوگنہائیم عجائب گھر میں میوزیم کے تمام شعبوں کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا گیا ہے تاکہ ورچوئل سیر کرنے والے پورے عجائب گھر کے ہالوں کی بل کھاتی راہداریوں میں گھوم پھر سکیں۔ آپ گلین لائیگون کی بنائی ہوئی تصویر کے سامنے کھڑے ہو سکتے ہیں یا عجائب گھر کی عمارت کے وسط میں کھڑے ہو کر نیویارک کے اس ادارے کا بھرپور نظارہ کرنے کے لیے الیگزینڈر کالڈر کے ہوا میں معلق کیے گئے متحرک فن پاروں کو دیکھ سکتے ہیں۔

لاس اینجلیس میں، جے پال گیٹی عجائب گھر میں سیر کے لیے آنے والے، عجائب گھر کے مستقل فن پاروں کے مجموعے کو یا تو مجموعی طور پر یا انفرادی طور پر دیواروں پر لگا ہوا دیکھ سکتے ہیں۔ اس عجائب گھر میں 13,000 سے زائد فن پارے موجود ہیں۔

 بائیں طرف، پیئر اگسٹ رینوار کی "لا پرومینیڈ" نامی تصویر (ڈیجیٹل تصویر بشکریہ ‘گیٹیز اوپن کونٹینٹ پروگرام')۔ دائیں طرف، یوہانس ورمیرکی "اے لیڈی رائٹنگ" نامی تصویر۔ (بشکریہ نیشنل آرٹ گیلری، واشنگٹن)
بائیں طرف، لاس اینجلیس میں جے پال گیٹی عجائب گھر میں پیئر اگسٹ رینوار کی “لا پرومینیڈ” نامی تصویر (ڈیجیٹل تصویر بشکریہ ‘گیٹیز اوپن کونٹینٹ پروگرام’)۔ دائیں طرف، واشنگٹن کی نیشنل آرٹ گیلری میں یوہانس ورمیر کی “اے لیڈی رائٹنگ” نامی تصویر۔ (بشکریہ نیشنل آرٹ گیلری، واشنگٹن)

اس وقت ہالینڈ کے مصور یوہانس ورمیر کے صرف 35 مشہور فن پارے دنیا میں موجود ہیں۔ اِن میں سے چار پینٹنگز واشنگٹن میں واقع نیشنل گیلری آف آرٹ میں رکھی ہوئی ہیں۔ یہ فن پارے ورمیر اور روزمرہ زندگی کی مصوری کے اساتذہ کے عنوان سے ہونے والی آن لائن نمائش میں ناظرین کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ناظرین ورمیر کی ‘ اے لیڈی رائٹنگ’ کے عنوان سے کمال کی ہنرمندی سے روغنی رنگوں کے استعمال سے بنائی جانے والی  تصویر کو بھی زُوم اِن کر کے دیکھ سکتے ہیں۔ اس شو کے دوران ناظرین ساٹن کے کپڑوں پر مصوری کے استاد،  جیرارڈ ٹیر بورک جیسے ورمیر کے کئی ایک ہم عصروں کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔

 چار عورتوں کے پورٹریٹ (National Portrait Gallery/Smithsonian Institution)
نیشنل پورٹریٹ گیلری کی آن لائن نمائش میں شامل “امریکہ کی خواتین اول” کے عنوان سے شامل تصاویر کا عکس۔ (National Portrait Gallery/Smithsonian Institution)

نیشنل پورٹریٹ گیلری کی امریکہ کی خواتین اول کے عنوان سے ہونے والی نمائش میں مارتھا واشنگٹن سے لے کر میلانیا ٹرمپ تک تمام امریکی خواتین اول کے پورٹریٹ رکھے گئے ہیں۔ ورچوئل ناظرین متعلقہ خاتون اول کے پورٹریٹ پر کلک کر کے اُس خاتون اول کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آن لائن ناظرین یہ جان سکتے ہیں کہ جیکی کینیڈی کی سفارت کاری نے فرانس کو مونا لیزا (کی پینٹنگ) کو امریکہ کو نمائش کے لیے عاریتاً ادھار دینے پر راضی کرنے میں مدد کی۔

اگر پراونس، فرانس میں اس وقت تاروں بھری رات ہے اور آپ اس کو دیکھنا چاہتے ہیں تو نیویارک کے جدید آرٹ کے عجائب گھر (ایم او ایم اے) نے اس کا حل نکلا رکھا ہے۔ آپ ونسنٹ وان گاگ کے شہرہ آفاق فن پارے، دا سٹاری نائٹ (تاروں بھری رات) کے نام سے بنائی جانے والی تصویر کے سامنے کھڑے ہو جائیں۔ ہرکوئی یہ نظارہ دیکھ سکتا ہے۔

 بنچوں کے گرد بڑی بڑی تصاویر اور دیواروں پر بنی پینٹنگز والی گیلری (بشکریہ امریکی سفارت کاری کا قومی عجائب گھر)
واشنگٹن میں واقع امریکی سفارت کاری کا قومی عجائب گھر ناظرین کو یہ جاننے کی دعوت دیتا ہے کہ سفارت کاری اُن کی روزمرہ زندگیوں پر کیسے اثرانداز ہوتی ہے۔ (بشکریہ امریکی سفارت کاری کا قومی عجائب گھر)

سفارت کاری کے فن میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے امریکی سفارت کاری کے قومی عجائب گھر (این ایم اے ڈی) میں دکھایا گیا ہے کہ سفارت کاری نے کس طرح امریکہ کی صورت گری کی اور کس طرح دنیا میں اس کے کردار کا تعین کیا۔ اگرچہ طبعی شکل میں یہ عجائب گھر ابھی زیرتکمیل ہے، تاہم این ایم اے ڈی کی ورچوئل نمائش میں وہ اشیا اور تصاویر دکھائی گئی ہیں جو مستحکم دنیا کے قیام کے لیے امریکی سفارت کاروں اور اپنے شراکت کاروں کے ساتھ اُن کے کام کو اجاگر کرتی ہیں۔