Hand holding food in bowl (Culinary Literacy Center)
ایڈیبل الفابیٹ کے نصاب میں شامل چنا مصالحے کا شمار چھ پسندیدہ کھانوں میں ہوتا ہے۔ (Culinary Literacy Center)

دوسروں کو کھانے میں شامل کرنا ایک آفاقی سماجی چلن ہے۔ اگرچہ ہر جگہ کھانے اور ان کی تیاری کے انداز مختلف ہوتے ہیں تاہم دوستوں اورعزیزوں کے ساتھ مل کر کھانا کھانے کی روایت کو عالمگیر حیثیت حاصل ہے۔

فلاڈیلفیا کی “فری لائبریری” کے “مطبخی خواندگی کے  مرکز” کا “ایڈیبل الفابیٹ” یعنی اشیائے خوردونوش کا حروف ابجد نامی پروگرام تارکین وطن اور مہاجرین کی انگریزی زبان کی خواندگی کو بہتر بنانے کے لیے غذائی عالمگیریت سے کام لیتا ہے۔ اس مرکز میں تجارتی پیمانے کا ایک باورچی خانہ ہے جہاں چولہے، اوون یعنی تنور، اور ریفریجریٹر لگے ہوئے ہیں اور سٹین لیس سٹیل کی میزیں رکھی ہوئی ہیں۔ یہ باورچی خانہ کمرہ جماعت کا کام بھی دیتا ہے۔

اس کلاس کے طلبا کو پڑھانے والی ٹیچر، لنڈسے ساؤتھ ورتھ کہتی ہیں، “کھانا پکانا ایک ایسا عمل ہے جس سے طلبا انگریزی سیکھنے، اس کی مشق کرنے اور اسے بہتر بنانے کا کام لیتے ہیں۔”

کھانے کے ذریعے سیکھنا

2015 میں شروع کیا گیا یہ مفت کورس انگریزی بولنے والے فلاڈیلفیا کے ایسے رہائشیوں کے لیے ہے جن کی مادری زبان انگریزی نہیں ہوتی۔ اس کلاس میں انگریزی مہارت کی تمام سطحوں کے طلبا کو لیا جاتا ہے۔ ہر کلاس میں کھانے پکانے اور زبان سکھانے  کے علیحدہ علیحدہ ٹیچر ہوتے ہیں۔ یہ ٹیچر کھانے کی تیاری کے عمل کو بیک وقت علمی اور لذیذ بنا دیتے ہیں۔

عام طور پر جماعت کا آغاز متعامل مشق سے ہوتا ہے جہاں طلبہ گزشتہ ہفتے میں سیکھے گئے زبان کے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیتے اور ان پر بات چیت کرتے ہیں۔ پڑھنے لکھنے کی بنیاد پر ترتیب دی گئی کسی سرگرمی یا کھیل کے بعد، اس دن بنائے جانے والے کھانے کی ترکیب بتائی جاتی ہے، نئے الفاظ متعارف کرائے جاتے ہیں اور کھانے کی تیاری کا کام شروع کردیا جاتا ہے۔

Row of people preparing food along long table (Culinary Literacy Center)
انگریزی سیکھنے والے طلبا کے گروپ ایسے انداز سے ترتیب دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ کلاس میں اپنی مادری زبان نہ بولیں۔ (Culinary Literacy Center)

ساؤتھ ورتھ بتاتی ہیں، “اگرچہ جماعت کے طلبا کی انگریزی کی مہارتوں کی سطحیں برابر نہیں ہوتیں، تاہم طلبہ اکٹھے کام کرتے ہیں، خوش ہوتے ہیں اور ہمیں ایک ہی کمیونٹی کا حصہ ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ اس سے انگریزی کی اچھی سد بدھ رکھنے والوں اور شروعات کرنے والوں میں فاصلے کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔”

اس کلاس کے نصاب میں کھانا بنانے اور انگریزی سیکھنے کے علاوہ ہر ہفتے لائبریری سے متعلقہ صلاحیتں بھی سکھائی جاتی ہیں۔ لائبریری کے کاموں میں ملازمت کے ڈھونڈنے کے وسائل اور کاروباری مواقعوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے طلبا نوکری کے سلسلے میں مشورے دینے والوں سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔

وسعت کی امید

اس پروگرام کے رابطہ کار “کچن کارٹ” اور “کچن ان اے باکس” تیار کرتے ہیں جن میں طلبا کو کلاس میں پڑھانے کے لیے درکار ضروری اشیا موجود ہوتی ہیں۔ اس پروگرام کو فلاڈیلفیا بھر میں لائبریریوں کی چھوٹی برانچوں میں بھی شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس سے اس سہولت کو انگریزی بولنے والی وسیع کمیونٹی تک پھیلایا جا سکے گا۔

ساؤتھ ورتھ کہتی ہیں، “انگریزی سیکھنے کی اس کلاس میں جو چیز کھانا بنانے کے عمل کو واقعتاً دلچسپ اور دلکش ذریعہ بناتی ہے وہ یہ ہے  کہ یہاں لوگ ایک ہی اجتماعی میز کے گرد بیٹھتے اور مل جل کر کھانا کھاتے ہیں۔ یہ مختلف ثقافتی و لسانی پس منظروں کے حامل لوگوں کے لیے ایک اہم تجربہ ہے۔ اس سے لوگ ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔”