
امریکی فٹبال اور ہاکی سے ملتے جلتے کھیل، لیکراس کی جاپانی ایتھلیٹوں میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر جاپانی کاروباری نظامت کار، کاوًرو کوبوٹا نے کھیلوں کے سامان فروخت کرنے والے سٹوروں کا جاپان میں ایک سلسلہ تعمیر کیا۔ جیسے جیسے سکول کی ٹیموں کی تعداد بڑھتی گئی، اُسی حساب سے کھلاڑیوں نے کھیلوں کی وہ یونیفارم اور سامان خریدنا شروع کر دیا جو کوبوٹا امریکہ سے منگواتے ہیں۔
چار عشروں سے جاپان میں ایک خوردہ فروش کے طور پر کاروبار کرنے والے، کوبوٹا اب اپنی کمپنی ‘کیو بی کلب اِنک’ کو ایک نئی مارکیٹ یعنی امریکہ تک پھیلا رہے ہیں۔ کیو بی کلب نے ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلاس کے قریب پلانو میں، ‘لیکس کونگ’ کے نام سے پہلا سٹور کھولا ہے۔ امریکی صارفین کوبوٹا کے سٹور کی اِس برانچ کو پسند کرتے ہیں۔ ‘لیکراس میگزین‘ نے اس سٹور کو دنیا کے لیکراس کے ‘جدید ترین’ خوردہ سٹور قرار دیا ہے۔
لیکس کونگ یہاں کھلنے والا واحد سٹور نہیں ہے۔ محکمہ تجارت کے سلیکٹ یو ایس اے نامی ایک پروگرام کے تحت، چھوٹے اور بڑے دونوں قسم کے کاروباروں کی امریکہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور بہت سے کاروبار پہلے ہی امریکہ میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔ کوئی دوسرا ملک براہِ راست سرمایہ کاروں کے لیے، [امریکہ سے] زیادہ پُرکشش نہیں ہے۔
18 تا 20 جون سال 2017 کی واشنگٹن میں ہونے والی کانفرنس، دنیا بھر کے کاروباری حضرات کو ترقی کے وفاقی اور ریاستی لیڈروں کے ساتھ میل جول بڑہانے اور امریکہ میں سرمایہ کاری کرنے کے فوائد کا ایک غیرمعمولی موقع فراہم کرے گی۔ سرمایہ کار اور کاروباری تنظیم کار اس کانفرنس کے بارے میں سلیکٹ یو ایس اے کی ویب سائٹ سے مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
قوانین کی سخت پابندی سے لے کر ہنرمند افرادی قوت اور توانائی کے نئے وسائل تک، امریکہ کی غیرملکی کاروباروں کی منزلِ مقصود ہونے کی کئی ایک وجوہات ہیں۔

کیوبی کلب کو یہاں کی متنوع مارکیٹ سے مستفید ہونے کی امید ہے۔ کمپنی اپنے مزید سٹور کھولنے پر 20 لاکھ ڈالر خرچ کرے گی۔ لیکراس کا کھیل امریکہ کے شمال مشرق اور وسطی مشرق میں ایک طویل عرصے سے مقبول ہے، اور اب ٹیکسس اور اس سے ملحقہ جنوبی ریاستوں میں اِس کھیل کی ترقی کے لیے ماحول تیار ہے۔ لیکس کونگ نئے سٹوروں میں لیکراس کے بہترین سامان کے متلاشی امریکیوں پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ عمدہ مشوروں پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرے گی۔
کاروباری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے سامان کے امریکی سٹوروں میں عام طور پر گاہکوں کو مہیا کی جانے والی سروس کے مقابلے میں اِن سٹوروں میں گاہکوں کو اعلٰی درجے کی سروس پیش کی جائے گی۔ روانی سے جاپانی بولنے والے سٹور مینجر، وِل ٹوبیاس گیپ نے بتایا کہ پلانو کے آٹھ ملازمین میں سے دو کو جاپانی سروس کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرنے کی خاطر ایک ہفتے کے لیے اوساکا بھیجا گیا تھا۔
امریکی صارفین میں مختلف قسم کی مصنوعات کی طلب پائی جاتی ہے اور وہ فروخت کے مختلف طریقوں کے لیے تیار رہتے ہیں۔ گو کہ کچھ امریکی کھیلوں کا استعمال شدہ سامان فروخت کرنے والے یا مسابقتی قیمتوں پر کھیلوں کا بنیادی سامان رکھنے والے بڑے بڑے سٹوروں میں خریداری کرتے ہیں، مگر یہ امکان ہے کہ لیکس کونگ سٹور وفادار گاہکوں کے لیے پُرکشش ثابت ہوں گے۔
اِس مضمون کو پہلی بار 30 جون 2016 کو شائع کیا گیا۔