
امریکہ میں سیاحت ایک بہت بڑا کاروبار ہے، اور اس کی بڑی وجہ بین الاقوامی سیاح ہیں۔
محکمہ تجارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس بیرونی ممالک سے 7 کروڑ 70 لاکھ سیاح امریکہ آئے اور انہوں نے ایک چوتھائی کھرب ڈالر خرچ کیے، جس سے روزگار کے 12 لاکھ امریکی مواقعے پیدا ہوئے۔
مشرق وسطیٰ کے نصف درجن ممالک کے کاروباری مسافروں اور سیاحوں کے لئے ہوائی سفروں، ہوٹلوں اور سفری پیکیجوں کی بکنگ کے ذریعے، اردن کے شہر عمان میں یروشلم ایکسپریس کے نام سے قائم، اسماعیل ابو سعود کی ٹریول کمپنی ہر سال 5,000 افراد امریکہ بھیجتی ہے۔
سعود نے حال ہی میں واشنگٹن میں امریکی ٹریول ایسوسی ایشن کے سالانہ آئی پی ڈبلیو (انٹرنیشنل پاؤ واؤ) تجارتی نمائش میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا، “سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔”
اس اجلاس میں 70 ممالک سے تعلق رکھنے والے سعود جیسے خریداروں سمیت، 5,000 سے زائد افراد اور 1,100 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ یہ سب اپنے ملکوں کے سیاحوں کو بیچنے کے لیے ہوٹلوں، گاڑیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں، تفریح گاہوں، تفریحی پارکوں اور دوسرے دلکش مقامات کے مالکان کے ساتھ معاملات طے کرنے آئے تھے۔

ماہرین امریکی سفر کو کیسے دیکھتے ہیں
سانتیاگو، چلی میں یورواینڈینو ٹور آپریٹرز کے کمرشل ڈائریکٹر، ٹیو پیریز کے مطابق جب سے چلی اُن 38 ممالک میں شامل ہوا ہے، جن کے شہری سیاح کی حیثیت سے ویزے کے بغیر 90 دن تک کے لیے امریکہ میں داخل ہو سکتے ہیں، تب سے کاروبار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے، “یہ دن بدن بہتر سے بہتر ہوتا جا رہا ہے.” چلی کے لوگوں کی “امریکہ سے محبت کرنے کی بہت سی وجوہات ہیں: خریداری، ساحل، اچھے شو، ہوائی اور زمینی سفر— یہاں گاڑی چلانا بہت آسان ہے — اور آپ امریکہ میں کسی بھی شخص کے ساتھ یا کسی بھی بجٹ کے اندر رہ کر کام کر سکتے ہیں۔”
چین کی سب سے بڑی آن لائن ٹریول ایجنسی، سی ٹرپ کے نائب صدر، الفرڈ چینگ بھی یہی کہتے ہیں۔ چینی سیاح “بڑے پُرجوش ہوتے ہیں۔ آپ کے پاس قریب قریب سب کچھ ہے: ثقافت، فطرت، خریداری، مہم جوئی۔”
اگرچہ سی ٹرپ گروپوں کی شکل میں ٹورز کا بندوبست کرتی ہے، مگر چینگ بتاتے ہیں، “چین سے انفرادی طور پر سفر کرنے والوں کی 85 فیصد تعداد کا انتظام بھی میری کمپنی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔”
صفات، کویت میں بدر ٹریول کے منتظم نوید سہیل کہتے ہیں کہ کویت کے رہنے والوں کے لئے صرف فاصلہ ہی ایک قباحت ہے — یعنی 14 گھنٹے کا ہوائی سفر۔
ایک برطانوی ایجنسی ساؤتھال ٹریول کے ڈائریکٹر، شوبان کوتوال کا خیال ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد، برطانوی چھٹیاں منانے والے، اور زیادہ تعداد میں امریکہ آئیں گے۔
کوتوال کہتے ہیں، “ہم ہر سال باقاعدگی سے 20,000 سے 25,000 کے درمیان لوگوں کو امریکہ بھیج رہے ہیں، لیکن ہم اس تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم پہلے امریکہ پر زیادہ توجہ نہیں دیتے تھے، لیکن اب ہماری توجہ شمالی امریکہ پر ہے کیونکہ ہم ترقی کرنا چاہتے ہیں۔”
ٹریول بروکروں کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ پرکشش مقامات میں، اپنے ساحلوں اور تفریحی پارکوں کے لیے فلوریڈا؛ اپنے شوز، خریداری، عجائب گھروں اور دیگر مقامات کے لیے نیویارک؛ اور دیگر بڑے شہر اور قومی پارک شامل ہیں۔
بہمان انٹرنیشنل ٹریول کمپنی کے جنرل مینیجر جوئی برنارڈ کہتے ہیں کہ گو کہ کویتی “امریکہ سے بخوبی واقف ہیں،” مگر وہ اپنے گاہکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ نیویارک، فلوریڈا اور کیلی فورنیا سے باہر نکلیں۔ “ہم ہوائی اور الاسکا کو فروغ دینے کی کوشش میں، دونوں کو اکٹھا کر کے ایک پیکیج کے طور پر بیچ رہے ہیں۔”
برانڈ یو ایس اے امریکہ کے سفر کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتا ہے۔