امریکی ٹیلی ویژن کی پہنچ بہت دور تک ہے۔ اس کے ‘ گیم آف تھرونز، دی سمپسنز، ماڈرن فیملی اور سکینڈل‘ جیسے پروگرام پوری دنیا کے ناظرین میں مقبول ہیں۔ مگر یہ دو طرفہ معاملہ ہے: پُرتخیل اور باصلاحیت امریکی پروڈیوسر سالہا سال سے امریکی ناظرین کے لیے ایسے پروگرام تیار کرتے چلے آ رہے ہیں جن کے مرکزی خیال دنیا کے دوسرے ممالک کےمقبول ٹیلی ویژن شوز سے لیے گئے ہیں۔
ذیل میں ہم آپ کو چار مقبول امریکی ٹی وی شو اور اُن کے مماثل ایسے شوز کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کی بنیاد پر امریکی شو بنائے گئے:
ہاؤس آف کارڈز (امریکی اور برطانوی طرز)
1990ء کی برطانوی ٹی وی سیریز ‘ ہاؤس آف کارڈز‘ میں فرانسس اُرک ہارٹ (ایان رچرڈسن) کو وزیراعظم بننے کے لیے سازشیں اور غیرقانونی طریقے استعمال کرتے دکھایا گیا ہے۔ 2013ء میں امریکہ میں بنائی گئی ایسی ہی ایک سیریز میں، ہم اقتدار کی ہوس میں مبتلا فرینک انڈروڈ (کیون سپیسی) کو امریکی صدارت کے حصول کے لیے منفی ہتھکنڈے آزماتے ہوئے دیکھتے ہیں۔
ہوم لینڈ (امریکہ) اور حاتوفم (اسرائیل)
‘ حاتوفم‘ اسرائیلی ٹی وی سیریز ہے جسے انگریزی بولنے والے ممالک میں ‘جنگی قیدی‘ کے نام سے دکھایا گیا ہے۔ اس میں دو اسرائیلی فوجی 17 سال قید کاٹنے کے بعد جذباتی گھاؤ اور اپنے سینوں میں خفیہ راز لیے وطن واپس آتے ہیں۔ امریکی ٹی وی سیریز ‘ ہوم لینڈ‘ کا مرکزی خیال ‘ حاتوفم ‘ سے ہی اخذ کیا گیا ہے۔ ہوم لینڈ میں سی آئی اے کا ایک ایجنٹ دہشت گردوں کے احاطے پر حملے کے دوران بازیاب کرائے جانے والے ایک ایسے میرین سارجنٹ سے تفتیش کرتا ہے جو وہاں دس سال تک قید رہا۔
دی کِلنگ (امریکہ) اور فوربریدلسن (ڈنمارک)
ڈنمارک کے پولیس ڈرامے ‘ فوربریدلسن‘ کی کہانی ایک سراغ رساں انسپکٹر، سارا لنڈ اور اُس کی اُس تفتیش کے گرد گھومتی ہے جس کا تعلق ایک لڑکی کے قتل سے ہے۔ اس کہانی کو امریکی ڈرامے ‘ دی کِلنگ ‘ میں دکھایا گیا ہے جس میں قتل کے واقعات کی تفتیش کرنے والی سراغرساں، سارا لِنڈن اور اُن کے ساتھی سٹیفن ہولڈر ایک نو عمر لڑکی، روزی لارسن کی گمشدگی کی تفتیش کرتے ہیں جو مشترکہ طور پر اُن کا پہلا کیس ہے۔
مائٹی مارفن پاور رینجرز (امریکہ) اور کیوریو سنتائی زیورینجر (جاپان)
بہت سے نوجوان امریکی بچپن سے ہی ‘ مائٹی مارفن پاور رینجرز‘ سے واقف ہوں گے جو سپہر کے وقت دکھایا جانے والا ایک ٹی وی شو تھا۔ اس شو کے نتیجے میں مقبول ایکشن ہیروز اور دو فیچر فلموں نے بھی جنم لیا۔ یہ ٹیلی ویژن شو جاپانی ٹی وی سیریز ‘ کیوریو سنتائی زیورینجر‘ سے ماخوذ تھا جس میں ڈائناساروں کے زمانے کی قدیم تہذیب سے تعلق رکھنے والے پانچ جنگجوؤں کی کہانی بیان کی گئی ہے۔