گھروں کے مالکان یا وہ کاروباری ادارے جو شمسی پینلوں یا ہوا سے چلنے والے ٹربائینوں سے بجلی حاصل کرتے ہیں وہ نہ صرف صاف ستھری توانائی استعمال کرتے ہوئے ماحول کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ نیٹ میٹرنگ کی بدولت ان کے بجلی کے بل بھی کم آتے ہیں۔
نیٹ میٹرنگ کے ذریعے بجلی کے وہ صارفین جو اپنے استعمال کی کچھ بجلی خود بھی پیدا کرتے ہیں، اپنی ضرورت سے زائد یعنی فاضل بجلی پاورگرڈ میں بھیج سکتے ہیں۔ صارفین سے اتنی ہی بجلی کے پیسے وصول کیے جاتے ہیں جتنی وہ گرڈ سے حاصل کرتے ہیں اور ایسا وہ عموماً رات کے وقت کرتے ہیں جب سورج غروب ہو جاتا ہے۔ سورج اور ہوا سے جو بجلی وہ خود پیدا کرتے ہیں اور اپنی ضرورت سے فالتو بجلی گرڈ میں ڈالتے ہیں اس کا انہیں کریڈٹ دے دیا جاتا ہے۔
یہ نظام اس طرح کام کرتا ہے۔ بجلی کا میٹر صرف اسی قدر بجلی کا حساب رکھتا ہے جتنی بجلی صارفین گرڈ سے حاصل کرتے ہیں۔ جب یہ صارف واپس گرڈ میں بجلی ڈالتے ہیں تو میٹر اُلٹا چلنا شروع ہو جاتا ہے۔ اس طریقے سے صارفین کو صرف اتنی ہی بجلی کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے جتنی کہ انہوں نے استعمال کی ہوتی ہے۔
Net metering policies have facilitated the expansion of #renewable #energy. Learn more from this NCSL update https://t.co/tyNLioNexV pic.twitter.com/P1tmrA8pxi
— NCSL (@NCSLorg) November 29, 2016
نیٹ میٹرنگ نے # قابل تجدید #توانائی کی توسیع میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ مزید جاننے کے لیے NCSL کی یہ اپ ڈیٹ ملاحظہ فرمائیے https://t.co/tyNLioNexV pic.twitter.com/P1tmrA8pxi
نیٹ میٹرنگ ہر جگہ دستیاب نہیں ہے مگر جہاں کہیں بھی یہ سہولت موجود ہے وہاں اس سے صارفین کو اپنے توانائی کے استعمال کو خود کنٹرول کرنے اور پیسے بچانے میں مدد مل رہی ہے۔ اس سے روز گار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔ جوں جوں تقسیم کی جانے والی توانائی کے وسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے توں توں سورج اور ہوا سے پیدا کی جانے والی بجلی کی تنصیبات نصب کرنے والوں کی مانگ اور ان مصنوعات تیار کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سولرانرجی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے مطابق نیٹ میٹرنگ، گرڈ کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے کیونکہ صاف ستھری توانائی ایسے مقامات سے فراہم کی جاتی ہے جو صارفین کے نزدیک ہوتے ہیں۔ اس طرح طویل فاصلوں سے بجلی کی ترسیل سے ہونے والے نقصانات کم ہوجاتے ہیں۔
امریکہ میں ریاستیں اور پانی، بجلی جیسی سہولتوں کے ضوابط طے کرنے والے کمیشن، نیٹ میٹرنگ کی حوصلہ افزائی کرنے والی پالیسیاں تیارکر رہے ہیں۔
ریاستی سطح پر، نیو یارک کا ریفارمنگ انرجی وژن بجلی سے آمدنی کے حصول کے طریقہائے کار کو صارفین کے لیے زیادہ دوستانہ بنانے کے ساتھ ساتھ، بجلی کمپنیوں کی آمدنی کو برقرار رکھے گا۔ کیلی فورنیا اور دیگر ریاستیں، اسی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے بجلی کی ٹرانسمشن کے روایتی طریقے کو بتدریج تقسیم کیے جانے والے بجلی کے وسائل میں تبدیل کرنے میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔