امریکہ میں جب لوگ بینک میں پیسے جمع کراتے ہیں تو انہیں علم ہوتا ہے کہ یہ محفوظ ہیں۔ درحقیقت 1933 سے اب تک بیمہ شدہ بینک کھاتوں میں کسی امریکی فرد کی ایک پائی بھی ضائع نہیں ہوئی۔ یہ وہ سال تھا جب حکومت نے بڑی کساد بازاری کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عالمگیر معاشی بحران کے بعد حفاظتی اقدامات متعارف کرائے تھے۔

ذیل میں دیئے گئے تین طریقوں کی وجہ سے امریکی جانتے ہیں کہ ان کی رقم محفوظ ہے:

  • امریکہ میں بینک اکاؤنٹ کھلوانے والا کوئی بھی شخص فیڈرل ڈیپازٹ انشورنس کارپوریشن یا ایف ڈی آئی سی کا نشان دیکھ سکتا ہے۔ یہ نشان اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بنکنگ کا متعلقہ ادارہ ایف ڈی آئی سی سے منسلک ہے اور کھاتہ دار کی اپنے چیکنگ، سیونگ یا دیگر کسی بھی اکاؤنٹ میں جمع کرائی جانے والی رقم امریکی حکومت کے مکمل اعتماد اور ساکھ کے ساتھ بیمہ شدہ ہے۔
  • بینک کی ناکامی ک غیرامکانی صورت میں ایف ڈی آئی سی اس امر کی ضمانت دیتی ہے کہ لوگ ایک مخصوص حد تک اپنی بچتیں (سیونگز) واپس لے سکتے ہیں۔ فی الوقت ایک اکاؤنٹ کے لیے یہ حد 250,000 ڈالر ہے۔
  • بینک دھوکہ دہی کو پکڑنے کی جدید ترین نظاموں سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں تاکہ ہیکروں کو جعلی کاروائیوں کے ذریعے دوسروں کے اکاؤنٹوں سے رقم نکلوانے سے روکا جا سکے۔

ایف ڈی آئی سی کے چیئرمین مارٹن گرونبرگ نے 2017 میں بتایا، “بیمہ شدہ کھاتے جیسی بنیادی چیز گھرانوں کو اپنی آمدنی محفوظ  طور سے جمع کرانے کی اہلیت فراہم کرتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم اسے معمولی بات سمجھتے ہیں مگر بچتوں کا تحفظ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔”

امریکی حکومت بلا امتیاز سب کے لیے یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔ اِس ضمن میں امریکی حکومت اِس بات کو یقینی بناتی ہے کہ مالیاتی کمپنیاں کسی بھی فرد کی نسل، مذہب یا قومیت کو بنیاد بنا کر اُسے قرض یا دیگر مالیاتی سہولتیں فراہم کرنے سے انکار نہ کریں۔

کھاتہ داروں کا تحفظ

حال ہی میں جب کھاتہ داروں نے کیلی فورنیا کے سلیکون بنک اور نیویارک کے سِگنیچر بنک سے بڑی بڑی رقومات نکلوا لیں تو یہ دونوں بنک ناکامی سے دوچار ہو گئے۔ مگر ایف ڈی آئی سی نے اِن بنکوں کے اثاثوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ ایف ڈی آئی سی نے ڈپازٹ انشورنس فنڈ میں موصول ہونے والی فیسوں کو استعمال کرتے ہوئے تمام کھانہ داروں کو یقین دلایا کہ جب بھی انہیں ضرورت پڑی تو اُن کے پیسے وہاں موجود ہوں گے۔

13 مارچ کو صدر بائیڈن نے کہا کہ “بنکاری کا نظام محفوظ ہے۔” اس کے علاوہ فیڈرل ریزرو نے ملک کے بنکوں کو مالیاتی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے قرض دینے کی ایک نئی سہولت کا اعلان بھی کیا۔

یہ مضمون ایک مختلف شکل میں 25 اپریل 2018 کو بھی شائع کیا جا چکا ہے۔