کیا اس نوعمر طالبہ کی دریافت سے کووڈ-19 کے مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی؟

کیلوں سے ڈھکی کئی ایک گول وائرسوں کو دکھانے والا تصویری خاکہ (© Shutterstock)
کووڈ-19 کا باعث بننے والےسارز-کوو-2 کورونا وائرس کا ایک تصویری خاکہ۔ (© Shutterstock)

ہو سکتا ہے کہ ایک 14 سالہ امریکی طالبہ کا ایوارڈ یافتہ پراجیکٹ کووڈ-19 کے کسی ممکنہ علاج کی بنیاد بن جائے۔

انیکا شبرولا ریاست ٹیکساس کے شہر فرسکو میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہیں اور وہ طبی محقق بننے کی خواہشمند  ہیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق انہوں نے کمپیوٹر ماڈلنگ کو استعمال کرتے ہوئے اُس مالیکیول (سالمے) کی نشاندہی کی ہے جو کووڈ-19 کا باعث بننے والے کورونا وائرس کے ساتھ جڑ سکتا ہے اورلوگوں کو متاثر کرنے کی اس کی اہلیت کو روک سکتا ہے۔

انیکا نے گرمیوں میں بلاناغہ اس پراجیکٹ پر کام کیا۔

انہوں نے ڈلاس مورننگ نیوز کو بتایا، “چونکہ میرا سارا کام کمپیوٹر پر کیا جانا تھا اور اس کے لیے مختلف قسم کے سافٹ ویئر درکار ہوتے ہیں، لہذا میں نے اپنا پورا پراجیکٹ گھر سے مکمل کیا۔”

انیکا کووڈ-19 کا علاج  تلاش کرنے کی عالمی کوششوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ صحت کی عالمی تنظیم کے مطابق 16 نومبر تک دنیا بھر میں 54 ملین سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور 1.3 ملین افراد سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ کووڈ-19 کے علاج کے لیے کئی ایک ممکنہ ویکسینوں کی تیاری میں مدد کر رہا ہے۔ اِس مدد میں کئی ایسی ویکسینیں بھی شامل ہیں جو آزمائش کے آخری مراحل میں ہیں۔ 22 اکتور کو امریکہ کے خوراک اور دواؤں کے ادارے نے ہسپتالوں میں داخل مریضوں کے لیے ایک انٹی وائرل دوا کی منظوری دی۔

انیکا نے شروع میں انفلوئنزا وائرس کا علاج تلاش کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ مگر دنیا بھر میں کووڈ-19 کے پھوٹ پڑنے کے بعد، اس نوجوان سائنس دان اور اُن کے سرپرست نے یہ خیال ترک کر دیا اور ایک ایسے مالیکیول کی تلاش شروع کر دی جو سارز-کوو-2  کے وائرس کی نمایاں پروٹین کے ساتھ جڑ سکے اور اس کی انسانی خلیوں کو متاثر کرنے کی اہلیت کو روک دے۔

انہوں نے سی این این کو بتایا، “عالمی وباؤں، وائرسوں اور دواؤں کی دریافت پر اتنا زیادہ وقت لگانے کے بعد، یہ سوچنا انتہائی سنسنی خیز ہے کہ درحقیقت میں اس طرح (کورونا وائرس) کے دور میں رہ رہی ہوں۔”

اکتوبر میں انیکا نے اپنے پراجیکٹ پر 2020 کا نوجوان سائنس دانوں کے چیلنج کا تھری ایم ایوارڈ جیتا جس میں 25,000 ڈالر کا انعام بھی شامل ہے۔