کیلی فورنیا کے موسمیاتی مسائل حل کرنے کے لیے، رضاکار اور فیلوز متحدہ

خدمت کی امریکی روایت زندہ اور توانا ہے۔ کیلی فورنیا میں رضاکار اور اجرتی فیلوز موسمیاتی بحران حل کریں گے۔

کیلی فورنیا کلائمیٹ ایکشن کور (موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عملی قدم اٹھانے والی تنظیم) نے پوری ریاست میں 300 فیلوشپس قائم کی ہیں۔ فیلوز مقامی کمونٹیوں میں “کلائمیٹ ایکشن پراجیکٹ” (موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق  پراجیکٹ) تیار کرنے اور اُنہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے ریاست کیلی فورنیا کی حکومت کے ساتھ کام کریں گے۔

کیلی فورنیا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پوری ریاست میں پھیلی شہریوں کی یہ کور امریکہ میں اپنی طرز کی پہلی جماعت ہے اور یہ موسمیاتی بحران سمیت دنیا کے بعض سنگین ترین مسائل کو حل کرنے کے لیے شہریوں کو با اختیار بناتی ہے۔

ریاست کیلی فورنیا کے چیف  سروس آفیسر جوش فرائیڈے نے 6 مئی کو فارن پریس سنٹر کی ایک بریفنگ کے دوران کہا، “ہمیں اپنے سب سے اہم اثاثے یعنی اُن چار کروڑ افراد کا فائدہ اٹھانا چاہیے جو کیلی فورنیا کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ اور ہمیں (اس مسئلے کے) حل کے لیے ہر ایک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔”

 آگ بجھانے والوں کا ایک گروپ تصویر کھچوانے کے لیے کھڑا ہے۔ (© California Conservation Corps/AP Images)
کیلی فورنیا کنزرویشن کور نامی آگ بجھانے والے سویلین عملے کے اراکین 15 اگست 2016 کو کیلی فورنیا کی سان لوئس اوبسپو کاؤنٹی میں چمنی فائر میں اپنی تعیناتی کے دوران۔ (© California Conservation Corps/AP Images)

پہلے مرحلے میں فیلوز درختوں کی تعداد میں اضافہ کریں گے، جنگل کی آگوں کے خلاف تحفظ کو مضبوط بنائیں گے اور کھانے کے ضیاع میں کمی لائیں گے۔ فیلوز کو دیہی علاقوں سے لے کر شہری مراکز تک ریاست میں ہر جگہ تعینات کیا جائے گا۔

ریاست کیلی فورنیا رضاکارانہ سرگرمیوں سے متعلق آن لائن ایک سرچ انجن کا بھی آغاز کرے گی تاکہ ریاست میں رہنے والے سب لوگ اپنے اپنے علاقوں مواقع تلاش کر سکیں۔  فرائیڈے نے کہا، “آپ اپنا پوسٹل کوڈ اس میں درج کرکے اپنے قریب کوئی بھی ایسی تنطیم تلاش کر سکیں گے جس میں آپ رضاکارانہ کام کرنے کے لیے اپنا نام درج کروا سکتے ہیں۔”

دہائیوں پرانی تاریخی مثال

کیلی فورنیا کلائمیٹ ایکشن کور 1930 کی دہائی میں “نیو ڈیل پروگرام” (نئے سمجھوتے کے پروگرام کے) تحت صدر فرینکلن ڈی روز ویلٹ کی شروع کی جانے والی سویلین کنزرویش کور اور ریاست کیلی فورنیا کی 1976ء میں قائم کی گئی کیلی فورنیا کنزرویشن کور کی طرز پر کام کرتی ہے۔ دونوں کا انحصار امریکیوں کے اپنے گھروں سے باہر نکلنے اور اپنے اپنے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، جنگلات اور بحالی پر کام کرکے تبدیلی لانے پر تھا۔

فرائیڈے نے کہا، “مشترکہ مشن سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف  پسہائے منظر اور نقطہائے نظر رکھنے والے لوگوں کو یکجا کرنے کے لیے خدمت اور رضاکاریت اور شہری تحرک میں کافی طاقت ہوتی ہے۔”

” ہمارا مقصد لوگوں کو با اختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنی کمیونٹیوں میں اور تمام پسہائے منظر کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کر سکیں۔”