
امریکہ اور کینیڈا کی کمپنیوں کی سرکردہ خواتین کے ایک گول میز اجلاس میں، صدر ٹرمپ اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے جس کی توجہ خواتین کی افرادی قوت پر مرکوز ہو گی۔ اس ٹاسک فورس کو باضابطہ طور پر ‘ کاروباری خواتین نظامت کاروں کی ترقی کی کینیڈا اور امریکہ کی کونسل’ کا نام دیا گیا ہے۔
ٹرمپ کی بیٹی، ایوانکا ٹرمپ بھی اس اجلاس میں شریک ہوئیں اور انہوں نے شرکاء کو اجلاس میں بلانے میں اور ایجنڈا طے کرنے میں مدد کی۔
ٹروڈو نے جن کی کابینہ میں 50 فیصد خواتین ہیں، اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو تجارت میں کامیاب ہونے کے لیے رکاوٹوں پر قابو پانا ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی بیٹی کے اجلاس کے انعقاد میں شامل ہونے پر شکریہ ادا کیا اور کہا، “اقتصادی ترقی اور کثیر تعداد میں بہت اچھے اور بہتر آمدنیوں والے روزگار پیدا کرنے کی خاطر ہمارے لیے یہ لازمی ہے کہ ہماری معیشت ایک ایسے مقام پر ہو جہاں خواتین کام کر سکیں اور کامیاب ہو سکیں۔”
مختلف اجلاسوں کے بعد منعقد کی جانے والی ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر اور وزیراعظم نے دونوں ممالک میں تجارتی تعلقات کی بات کی اور اپنے مشترکہ مقاصد پر زور دیا۔
اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں سے استفادہ کیا گیا۔