
مغربی نصف کرے میں سیاسی قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔
12 اپریل کو انسانی حقوق کے طریقوں پر انفرادی ممالک کی رپورٹوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ “حکومتیں اپنے ملکوں میں [روزبروز] زیادہ سے زیادہ ناقدین کو جیلوں میں ڈال رہی ہیں۔ آج 65 سے زائد ممالک میں ایک ملین سے زیادہ سیاسی قیدی جیلوں میں بند ہیں۔”
نکارا گوا کی اورٹیگا-موریلو کی حکومت اس وقت 220 سے زائد سیاسی قیدیوں کو زیرحراست رکھے ہوئے ہے۔ اِن میں سابق سرکاری اہلکار، صحافی، طلباء، انسانی حقوق کے محافظ، مذہبی رہنما اور اپوزیشن کے صدارتی امیدوار شامل ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دو قیدیوں کے وکلاء کا کہنا ہے کہ انہیں “انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں” کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

کیوبا کی غیرسرکاری تنظیموں کے مطابق حکومت کی قید میں 1,000 زائد سیاسی قیدی ہیں جن میں 700 قیدی وہ ہیں جنہوں نے 11 جولائی 2021 کے احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا تھا۔ اِن میں سے بہت سوں کو تخریب کاری، بغاوت اور عوامی انتشار جیسے “جرائم” کے تحت 25 سال تک قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ یاد رہے اِن میں بعض ایسے افراد بھی شامل ہیں جو احتجاجی مظاہروں کے وقت بچے تھے۔
وینزویلا میں مادورو حکومت نے 240 سے زیادہ سیاسی قیدیوں کو بدنام زمانہ جیل، “ایل ہیلی کوائیڈ” میں بند کر رکھا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کو “بجلی کے جھٹکے، واٹر بورڈنگ اور جنسی تشدد سمیت خوفناک اذیتوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔”
مادورو حکومت کے اہلکاروں نے انسانی حقوق اور مزدور یونین کے سرگرم کارکن، گیبریل بلانکو کو وینزویلا میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا۔
ایل ناسیونال کے مطابق کراکس میں مادورو کے حامی جج، ہوزے مارکیز گارسیا کے دستخط شدہ ایک وارنٹ گرفتاری میں بلانکو پر دہشت گردی اور مجرمانہ سنگت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

پوری دنیا کے سیاسی قیدیوں کی حمایت کرنا
سیاسی قیدیوں کو آزاد کرانے میں مدد کرنے کے لیے امریکہ:-
- اُن سرکاری اہلکاروں اور دیگر افراد اور اداروں پر تعزیریں عائد کر کے اور ویزا پابندیاں لگا کر حکومتوں کو جوابدہ ٹھہراتا ہے جو جمہوریت کو کمزور کرنے کے یا تو ذمہ دار ہوتے ہیں یا اِس میں حصہ لیتے ہیں۔
- یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل اور دیگر کثیرالجہتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تاکہ سیاسی قیدیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے لیے حکومتوں پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
- کیوبا، نکاراگوا اور وینیزویلا کے عوام کے ساتھ ایک ایسے وقت کھڑا ہے جب وہ اپنے بہتر مستقبل کے عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ “اس سے قطع نظرکہ وہ کس کو مانتے ہیں، وہ کس سے محبت کرتے ہیں، یا اُن میں کیا خصوصیات پائی جاتی ہیں، ہر قومیت، نسل، جنس، معذوری اور عمر کے لوگ [انسانی] حقوق کے حقدار ہیں۔”